Home / ہماری موسمی یادیں / ہماری موسمی یادیں – کراچی، 3 تا 4 دسمبر 2006

ہماری موسمی یادیں – کراچی، 3 تا 4 دسمبر 2006

عام طور پر کراچی میں موسمِ سرما خشک گزرتا ہے یا چند ایک سال کوئی ہلکی یا معتدل بارش کا سلسلہ متاثّر کر جاتا ہے۔ تاہم دسمبر 2006 میں موسمِ سرما میں اتنی شدید بارش کی شاید کسی نے امید نہیں کی تھی۔

2 دسمبر کو موسم خوشگوار اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رات تک مطلع زیادہ تر ابر آلود ہو گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث تھوڑی گرمی محسوس ہو رہی تھی۔ مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ بلوچستان کی ساحلی پٹّی پر تباہ کن بارشوں کا سبب بنتے ہوۓ سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب رواں دواں تھا۔

اگلے دن یعنی 3 دسمبر کا آغاز بھی ابر آلود موسم کیساتھ ہوا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا جب دوپہر 2 بجکر 30 منٹ تک آسمان پر جنوب مغرب کی سمت سے نسبتاً گہرے بادل چھا گئے اور ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جو وقفے وقفے سے اگلے 1 گھنٹے تک جاری رہا، جس سے شہر میں 3 سے 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ رات تک جاری رہا۔ تقریباً رات 11 بجے ایک مرتبہ پھر بارش نے شدّت اختیار کی اور گرج چمک اور مشرق کی سمت سے 25 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ معتدل سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو 4 دسمبر کی صبح سویرے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس دوران شہر کے تمام علاقوں میں مزید 15 سے 20 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے اور رات بھر کی بارش کے بعد صبح تک کراچی میں سردی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا تھا۔

دوپہر تک مطلع جزوی طور ابر آلود رہا اور دھوپ نکل آئی۔ 1 بجے تک تو ایسا معلوم دے رہا تھا کے بارش کا اختتام ہو چکا۔ تاہم دوپہر 2 بجے اچانک سے مغرب شمال مغرب کی سمت سے کالی گھٹا نے شہر کو تاریکی میں ڈبو دیا اور دن کے پہر مغرب کا سا سماں تاری ہو گیا! محض آدھے گھنٹے میں شدید گرج چمک اور موٹی موٹی بوندوں کیساتھ تیز سے انتہائی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو مختلف علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا۔ اس دوران شہر میں 30 سے 40 ملی میٹر مزید بارش ہوئی جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہ کر سکا۔ کئی شاہرائیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ گھروں کو لوٹنے والے لوگ زیرِ آب سڑکوں پر کئی گھنٹے ٹریفک جام میں پھنسے رہے اور مواصلات کا نظام بری طرح درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

شام 5 بجے کے بعد بادل چھٹ گئے اور موسم زیادہ تر صاف ہو گیا۔

3 سے 4 دسمبر کے دوران کراچی ائیرپورٹ پر 67 ملی میٹر، فیصل بیس پر 60.5 ملی میٹر، مسرور بیس پر 45 ملی میٹر جبکہ میٹ کامپلیکس جوہر بلاک 5 میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

دسمبر 2006 کی اس بارش کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر دسمبر میں ہونے والے تاریخی سب سے زیادہ بارش کا پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا، جو کہ 63.6 ملی میٹر دسمبر 1980 میں قائم ہوا تھا۔

اسکے علاوہ 3 دسمبر کو بلوچستان کے علاقے اورماڑا میں 135 ملی میٹر، گوادر 83 ملی میٹر، جیوانی 72 ملی میٹر، پسنی 69 ملی میٹر، تربت 60 ملی میٹر جبکہ پنجگور میں 49 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے جنوبی بلوچستان میں بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال رونما ہوئی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثّر ہوا۔

About Taha Amerjee

Check Also

ہماری موسمی یادیں: کراچی، بروز پیر، 18 دسمبر 2017

ہماری موسمی یادیں: کراچی، بروز پیر، 18 دسمبر 2017 عام طور پر مغربی ہواؤں کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے