Home / ہماری موسمی یادیں / ہماری موسمی یادیں: کراچی، بروز پیر، 18 دسمبر 2017

ہماری موسمی یادیں: کراچی، بروز پیر، 18 دسمبر 2017

ہماری موسمی یادیں: کراچی، بروز پیر، 18 دسمبر 2017

عام طور پر مغربی ہواؤں کے سلسلے جو ساحلی سندھ کو متاثّر کرتے ہیں، ان سے بہت محدود مقدار میں بارش ہوتی ہے۔ تاہم سن 2017 سے گرینڈ سولر منیمم کے باعث رونما ہوتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یہ کہا جا سکتا ہے کہ کراچی کے لوگ اس حیران کن منظر کیلئے ہرگز تیّار نہ تھے جو انہیں 18 دسمبر 2017 کی صبح سویرے دیکھنے کو ملا۔

مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ بحیرہ عرب کے راستے داخل ہوا اور جنوب مغرب سے شمال مشرق کی سمت میں بڑھا۔ 17 دسمبر سے ہی کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے تیز ہوائیں چل رہی تھیں جو 18 دسمبر کی صبح تک جاری رہیں، جن میں شمال مشرق کی سمت سے طاقتور ترین جھونکوں کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہی تھی۔ یہ گرم اور ٹھنڈی ہواؤں کے تصادم سے بننے والے طاقتور گرج چمک کے طوفان کیلئے بہترین نسخہ تھا، اور یہی ہوا۔

صبح سویرے 4 بجے کے قریب شہر کے جنوب مغرب میں گرج چمک کے طاقتور طوفان تشکیل پاۓ اور شمال مشرق کی سمت میں بڑھنے لگے۔ تاہم آسمان سے محض مینہ ہی نہیں برسا!

کراچی کے مشرقی، جنوب مشرقی اور جنوبی حصّوں میں شدید ژالہ باری کے سبب سڑکوں، چوراہوں اور لانوں نے اولوں کی سفید چادر اوڑھ لی اور اولوں کے شور سے نیند سے جاگے شہریوں نے یہ حیران کن منظر اپنی آنکھوں کے سامنے رونما ہوتے ہوۓ دیکھا۔ ڈیفنس، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس، بہادرآباد، ملیر اور کراچی کے ضلع مشرقی اور ضلع جنوبی کے زیادہ تر علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی۔ کراچی میں ژالہ باری کا ہونا ہی انہونی بات ہے۔ اسکے اوپر ایک انچ حجم کے اولے اتنے کثیر تعداد میں پڑنا ایک ایسا موسمی واقعہ ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ژالہ باری تقریباً آدھا گھنٹہ درج بالا علاقوں میں جاری رہی۔ البتّہ شہر کے وسطی، شمالی اور مغربی علاقوں میں صرف ہلکی بارش ہوئی۔

اسکے بعد صبح 5 بجے شہر کے جنوب جنوب مغرب میں ایک اور گرج چمک کا طوفان تشکیل پایا جو شمال شمال مشرق کی سمت میں بڑھنا شروع ہوا، جس سے شہر کے جنوبی، وسطی اور شمالی حصّوں میں تیز بارش ہوئی جو کہ 20 سے 25 منٹ جاری رہی جبکہ مغربی، مشرقی اور جنوب مشرقی حصّوں میں ہلکی سے معتدل بارش ہوئی۔

ساری رات شمال مشرق کی سمت سے 35 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلتی رہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی بارش کی مقدار (ملی میٹر): ڈیفنس فیز-2 ایکسٹینشن 13.5، صدر 12.7، لانڈھی 11، نارتھ ناظم آباد، پاپوشنگر ناظم آباد 10، نارتھ کراچی 9.6، فیصل بیس 9، میٹ کامپلیکس جوہر بلاک 5۔۔ 4.4، مسرور بیس 4 اور گلشنِ حدید 0.3

تصاویر بشکریہ: سماء ٹی وی اور dawn.com

About Taha Amerjee

Check Also

ہماری موسمی یادیں – کراچی، 3 تا 4 دسمبر 2006

عام طور پر کراچی میں موسمِ سرما خشک گزرتا ہے یا چند ایک سال کوئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے