Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / ہفتہ وار پیشگوئی : ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں کے 3 سلسلے اثر انداز ہونے کا امکان، 14اگست کو آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع!

ہفتہ وار پیشگوئی : ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں کے 3 سلسلے اثر انداز ہونے کا امکان، 14اگست کو آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع!

اطّلاق: 8 اگست سے 15 اگست 2026
متاثّر ہونے والے علاقے: پنجاب، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ۔
خلاصہ:
مغربی بھارت پر موجود ہوا کا کم دباؤ بالائی اور مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر میں نمی والی ہواؤں کے پہنچنے کا سبب بنے گا، جس کی وجہ سے شمال مشرقی پنجاب میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے 2 سلسلے اثر انداز ہونے کا امکان ہے جس سے خیبر پختونخواہ، پنجاب، آزاد کشمیر، مشرقی بلوچستان اور سندھ کے بعض حصّوں میں 11 اور 12 اگست اور پھر 14 اور 15 اگست کو نمایاں بارشیں ہو سکتی ہیں۔
بالائی اور وسطی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں 10 اگست کی رات سے 12 اگست کے درمیان اور پھر 14 اور 15 اگست کو گرج چمک اور 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی کیساتھ تیز بارش متوقع ہے۔
صوبہ پنجاب:
پنجاب کے شمالی اور مشرقی حصّوں بشمول گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی شدّت سب سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال اور ملحقہ اضلاع بھی متاثّر ہونے کا امکان ہے جہاں شمال اور مشرق کی جانب میں بارش کے امکانات بڑھتے جائیں گے۔ گرج چمک اور آندھی کیساتھ تیز بارش متوقع جبکہ ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے۔ رواں ہفتے مجموعی طور پر کُل 30 سے 60 ملی میٹر جبکہ چند ایک مقامات پر 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، باالخصوص شمال مشرقی پنجاب میں۔ بارش کی ممکنہ مقدار جاننے کیلئے درج ذیل تصاویر دیکھیں۔ بارش کی متوقع مقدار نقشے میں دکھنے والی مقدار سے دوگنی رہنے کا امکان ہے۔ وسطی پنجاب بشمول سرگودھا، فیصل آباد، خوشاب اور نورپور تھل کے علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ جنوب مغربی پنجاب بشمول ضلع ڈی جی خان کے بلند مقامات پر بھی بارش متوقع ہے۔
آزاد کشمیر اور صوبہ خیبر پختونخواہ:
مجموعی طور پر کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں بارش کی مقدار کم رہنے کا امکان ہے، تاہم 8، 11 اور 12 اگست اور پھر 14 اور 15 اگست کو 2 سے 3 بارش کی سرگرمیاں متوقع ہیں۔ میرپور، کوٹلی، مظفّرآباد اور راولاکوٹ میں تیز بارش کا امکان ہے جہاں بارش کی کُل مقدار 60 سے 75 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔
البتّہ خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر علاقوں میں تیز بارش کا امکان نہیں اور مجموعی طور پر ہر سرگرمی میں #بارش کی مقدار 25 ملی میٹر سے کم رہنے کا امکان ہے جبکہ رواں ہفتے کُل 40 سے 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخواہ میں خاص طور پر 11 اور 12 اگست اور پھر 14 اور 15 اگست کو متوقع موسمی سرگرمیوں کے دوران ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
صوبہ سندھ:
صوبے کے جنوب مشرقی حصّوں بشمول مٹّھی، نگرپارکر، اسلام کوٹ اور عمرکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 12 اگست کو 30 فیصد جبکہ 14 اور 15 اگست کو بارش کے امکانات 40 فیصد تک ہیں۔ کراچی میں بھی اس دوران گرج چمک کیساتھ کچھ بارش کے 20 سے 30 فیصد امکانات ہیں، تاہم کراچی سمیت سندھ بھر میں کسی خاطر خواہ بارش کی خاص امید نہیں۔
ژوب، بارکھان، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، لسبیلہ اور اطراف کے علاقوں میں 11 اور 12 اگست اور پھر 14 اور 15 اگست کو مغربی ہواؤں اور نمی کے ملاپ کے سبب بارشوں کی توقع ہے، جس کے امکانات جنوب اور مغرب کی جانب گھٹتے جائیں گے۔ کوئٹہ، قلّات اور سبّی میں مجموعی طور پر خشک موسم جاری رہنے کا امکان ہے۔
ہوائیں:
پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج اور وسط اگست اگلے مغربی سلسلے کے آنے پر ہلکی شدّت کیساتھ جنوب یا جنوب مشرق کی سمت سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر باالخصوص خطّہٰ پوٹھوہار (راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال)، سرگودھا، گوجرانوالہ ایئر لاہور ڈویژنز میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ طاقتور جھکّڑ چلنے کے امکانات بالائی اور وسطی خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں اور بالائی پنجاب میں بھی موجود ہیں۔ شدید آندھی چلنے کے امکانات نہیں۔
اصل درجہ حرارت اور محسوس کی جانے والی گرمی (ہیٹ انڈکس) کی صورتحال:
معمول کے مطابق درجہ حرارت جاری رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری تک کم رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواہ میں مجموعی طور پر درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے مغربی علاقوں میں رواں ہفتے درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے سبب 11 سے 13 اگست کے درمیان کن کے اوقات میں ہیٹ انڈکس موجودہ 40 سے 45 سے بڑھ کر 55 تک پہنچ سکتا ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی خیبر پختونخواہ کے پہاڑوں میں درجہ حرارت مجموعی طور پر معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری تک کم رہنے کی توقع ہے۔

About amnausmani

Check Also

7 اگست 2026 : ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ، جوہرآباد میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ ۔

ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں، جہاں گزشتہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے