دستیاب شدہ جدید ترین موسمیاتی ماڈل کی مدد سے موسم کا حال نے اگست 2026 کی ماہانہ پیشگوئی تیّار کی ہے۔
تفصیلات:
⦿ خلاصہ: اگست کے لحاظ سے مون سون ہوائیں کمزور رہنے کا امکان ہے۔ اگست کے پہلے 2 ہفتوں کے دوران بارش کے 2 سے 3 سلسلے متوقع ہیں جن کے سبب پنجاب کے میدانی علاقوں، مشرقی خیبر پختونخواہ اور جنوب مشرقی سندھ میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ اگست کے آخری عشرے میں مون سون کی شدّت میں کمی اور درجہ حرارت میں رفتہ رفتہ اضافے کا امکان ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کی بدولت حبس کی شدّت میں وقفے آتے رہنے کا امکان ہے۔

⦿ رواں ماہ زیادہ تر بارشیں مغربی ہواؤں کے متوقع 4 سے 6 سلسلوں کے مون سون کی نمی کیساتھ ٹکراؤ کے سبب ہونے کا امکان ہے۔ یہ ملاپ ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں اگست کے وسط یا آخر میں متوقع ہے، جس سے خیبر پختونخواہ، کشمیر اور پنجاب کے علاقے مستفید ہو سکتے ہیں۔ 20 اگست کے بارش کے پھیلاؤ میں کمی متوقع ہے جب مون سون رخصت ہونا شروع ہو سکتا ہے۔
⦿ شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں مون سون ہوائیں نمایاں شدّت کیساتھ داخل ہو سکتی ہیں، جس کے سبب کچھ علاقوں میں معمول کے مطابق یا معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے علاقوں میں بارشوں کا معمول سے منفی کی جانب جھکاؤ خطّہٰ پوٹوہار (بشمول راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد) کے مقابلے کم رہنے کا امکان ہے جہاں بارشوں کے معمول سے نمایاں حد تک کم رہنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اسلام آباد میں مارگلہ کے قریب علاقوں اور مری میں بارشیں معمول کے آس پاس ہونے کا امکان ہے۔

⦿ وسطی اور جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخواہ، اور شمال مشرقی بلوچستان:
مغربی ہواؤں کے سلسلوں کی تعداد ملک کے وسطی علاقوں میں جیسے جیسے بڑھتی جاۓ گی، فیصل آباد، ڈی آئی خان، ڈی جی خان اور سرگودھا ڈویژنز میں بھی نمایاں بارش ہونے کے امکانات ہونگے۔ ژوب، بارکھان، سبّی اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں شدّت کے ساتھ اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔ ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں معمول کے آس پاس یا معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔ ملک کے اس حصّے میں طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات زیادہ ہیں۔
سندھ اور جنوب مشرقی بلوچستان میں رواں ماہ بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔ ملک کے جنوبی نصف حصّے میں مون سون کے خشک گزرنے کے امکانات میں اضافہ مزید واضح ہو رہا ہے۔ کراچی کے اس مرتبہ مون سون سرگرمیوں کی بیرونی کناروں پر رہنے کا امکان ہے۔ مجموعی طور شمال مشرقی بلوچستان کے پہاڑوں اور جنوب مشرقی سندھ کو چھوڑ کر جنوبی پاکستان میں بارشیں معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع میں 150 سے 250 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے جو کہ ان علاقوں کی معمول کی بارش سے زیادہ ہے۔
⦿ شمالی کشمیر کے پہاڑوں، خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے انتہائی شمالی علاقوں میں رواں ماہ بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے کم متوقع ہیں۔ درجہ حرارت معمول کے آس پاس یا معمول سے تھوڑا کم ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔

⦿ گُو کہ پنجاب اور سندھ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا، دریاۓ سندھ اور اسکے معاون دریاؤں میں کسی بھی قسم کے بڑے سیلاب کا کوئی امکان نہیں۔
⦿ پنجاب کے میدانی علاقوں، خیبر پختونخواہ اور سندھ میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ بالائی اور وسطی پنجاب میں
درجہ حرارت معمول سے 2 ڈگری تک کم ریکارڈ ہو سکتے ہیں۔ مکران سمیت بلوچستان اور مغربی خیبر پختونخواہ میں درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری تک زیادہ ریکارڈ ہو سکتے ہیں جبکہ ہواؤں کی رفتار معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

⦿ اگست 2026 میں ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ محسوس کی جانے والی گرمی (ہیٹ انڈکس) زیادہ رہنے کا امکان ہے تاہم گزشتہ 2 سالوں کے نسبت ہیٹ انڈکس کم رہنے کی توقع ہے۔
⦿ ہمارے فیس بک پیج کو لائک کر کے اسکا حصّہ بنیں اور پورے ماہ کی پیشگوئی مہینے کے آغاز میں ہی حاصل کریں! تازہ ترین موسمی صورتحال سے آگاہ رہنے کیلئے ہمیں فالو کریں۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال