تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / خیبر پختونخواہ کے 80 فیصد علاقوں، بالائی راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں گزشتہ روز شدید طوفان پر تکنیکی رپورٹ

خیبر پختونخواہ کے 80 فیصد علاقوں، بالائی راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں گزشتہ روز شدید طوفان پر تکنیکی رپورٹ

آپکے ایڈمن کی پیشگوئی کے مطابق گرد اور گرج چمک کے شدید طوفان، آندھی اور ژالہ باری کا ایک طاقتور سلسلہ خیبر پختونخواہ بشمول سابقہ فاٹا کے 80 فیصد علاقوں، بالائی راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور آزاد کشمیر پر اثر انداز ہوا۔ جیٹ سٹریم کے رخ میں تبدیلی پاکستان کے بالائی اور مغربی حصوں میں ایک طاقتور مغربی ہواؤں کے سلسلے کی آمد کا سبب بنی۔ نتیجتاً اسلام آباد ہوائی اڈّے پر شمال مغرب کی سمت سے 141 کلومیٹر فی گھنٹہ، نوشہرہ میں شمال مغرب کی سمت سے 121 کلومیٹر فی گھنٹہ، جبکہ چکلالہ ائیر بیس، راولپنڈی میں شمال مغرب کی سمت سے 106 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مارچ کی تاریخ کی ریکارڈ توڑ آندھی ریکارڈ کی گئی! بہترین موسمیاتی ماڈلز (جو کہ درج بالا کئی مقامات کیلئے مطلع صاف دکھا رہے تھے) کی پیشگوئی کے برعکس ویدر بسٹرز پاکستان نے زیادہ تر خطّے کیلئے بروقت موسمی انتباہ اور پیشگوئی فراہم کی! اس قسم کی موسمی انتباہ اور پیشگوئیوں سے باخبر رہنے کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.mosam.app149671
بالائی سطح کے جیٹ سٹریم پیٹرن میں تبدیلی نہ صرف 8000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری کا سبب بنی، بالکے بالائی کے پی کے میں انتہائی شدید گرج چمک کا باعث بھی بنی۔ تاہم ضلع مردان بالخصوص بری طرح متاثر ہوا جہاں کچھ علاقوں میں آندھی کی رفتار کسی سمندری طوفان میں چلنے والے جھکّڑوں کے مترادف (120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ) تھی! اسکے ساتھ 3 انچ سے زائد حجم کے اولے اور 47 ملی میٹر تک بارش بھی ہوئی، جو کہ شہباز گڑھی میں لگے موسمی سٹیشن نے ریکارڈ کی۔ آج نیوز کے مطابق جمعہ کی رات گئے خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں تیز بارش اور تیز ہواؤں نے چھتیں اڑا دیں۔ درخت اکھڑنے کے علاوہ بجلی کی تاریں گرنے سے کم از کم 5 افراد جانبحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ان حالات میں ابتدائی موسمی انتباہ کے نظام کس قدر اہم ہیں!
جیسے ہی جیٹ سٹریم کا رخ بدلا، گرج چمک کے طوفانوں کی ایک قطار خیبر پختونخواہ میں ٹانک سے لے کر بشام (شانگلہ) تک ایک ہی وقت میں پھیل گئی۔ چنانچہ دریائے سندھ کی مغربی پٹّی کے اطراف کے علاقوں میں طاقتور طوفانِ بادوباراں رونما ہوۓ، جہاں میانوالی میں زیادہ سے زتدا آندھی کی رفتار 93 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ توقع کے مطابق بڑے پیمانے پر ژالہ باری نے صوابی، ایبٹ آباد، ہریپور، مردان اور اطراف کے علاقوں کو وغیرہ متاثّر کیا۔ اسکے بعد طوفانِ بادوباراں نے راولپنڈی، اسلام آباد اور اسکے بعد چکوال کا رخ کیا۔ خطّے کے کئی علاقوں میں مارچ کی تاریخ کی طاقتور ترین آندھی ریکارڈ کی گئی، جس کا ثبوت اسلام آباد ہوائی اڈّے پر ریکارڈ کی گئی زیادہ سے زیادہ آندھی کو رفتار (141 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی صورت میں ملتا ہے! طاقتور گرج چمک کے ساتھ کچھ علاقوں میں تقریباً 1 گھنٹے تک 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلتی رہیں۔ راولپنڈی کے شہری علاقوں میں بھی 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی کی زیادہ سے زیادہ ہوا کی رفتار بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں نصب ہمارے موسمی سٹیشن پر ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش سید پور (اسلام آباد زون 3) میں 25 ملی میٹر اور اصغر مال (راولپنڈی) میں 24 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
کشمیر میں بھی گرج چمک کے طاقتور طوفانوں کی ایک منظّم قطار ضلع کوٹلی سے وادیِ نیلام تک ایک ہی وقت میں متاثّر کر رہی تھی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر موسلادھار بارش اور 7000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش 28 ملی میٹر کیساتھ کشمیر میں راولاکوٹ سرِ فہرست رہا۔ گلگت بلتستان میں بھی تیز بارش اور 7000 فٹ سے بلند مقامات پر شدید برفباری ہوئی۔ استور میں 1.75 فٹ برف پڑی، جب کہ بابوسر میں بھی 2 فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ گلگت میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

About w3badmin

Check Also

14 ستمبر 2024:ملک کے بالائی علاقوں میں شدید گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، 83 ملی میٹر بارش اور 67 کلو میٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں کہاں ریکارڈ ہوئیں؟ تفصیل جانئیے

پیشگوئی کے عین مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے