🌡درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے یا معمول سے زیادہ متوقع۔
🌧🌩 پری مون سون بارشوں کا آغاز جون کے تیسرے ہفتے سے متوقع ہے۔
جدید ترین سبسکرپشن ای سی ایم ڈبلیو ایف (ECMWF) ماڈل کی طویل عرصے پر مبنی پیشگوئی کی مدد سے موسم کا حال کے ایڈمن نے جون 2026 کی یہ ماہانہ پیشگوئی تیّار کی ہے۔
تفصیلات:
⦿ مغربی ہواؤں کے 5 سے 7 سلسلے جون 2026 میں متوقع ہیں، جن میں سے 2 سے 3 سلسلے بڑے پیمانے پر طاقتور یا شدید طوفانِ بادوباراں 🌧 کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ موسمی صورتحال رونما ہونے کے امکانات خیبر پختونخواہ، سابقہ فاٹا، پنجاب اور آزاد کشمیر کے زیادہ تر علاقوں جبکہ سندھ اور بلوچستان میں ساحلی علاقوں کو چھوڑ کر کہیں کہیں متوقع ہے۔ (تصویر 1 دیکھیں)
⦿ مئی کے آخری دنوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کے بعد ملک کے زیادہ تر حصّوں میں درجہ حرارت مجموعی طور پر معمول کے قریب رہنے کی توقع ہے، سواۓ مغربی بلوچستان کے جہاں درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری تک زیادہ ریکارڈ کئے جا سکتے ہیں۔ جون کے پہلے ہفتے کے دوران درجہ حرارت معمول سے کم یا معمول کے قریب رہنے کی توقع ہے۔ جون کے دوسرے ہفتے کے دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کئے جا سکتے۔ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت ماہانہ معمول سے 5 ڈگری یا اس سے زائد زیادہ رہنے کے سبب گرمی کی لہر (heatwave) کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس گرمی کے بعد مغربی ہواؤں کے سلسلے متاثّر کرنے کا امکان ہے۔
⦿ بالائی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں جون کے تیسرے ہفتے سے آنے والے پری مون سون کے سبب چند مقامات پر تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔ جنوبی خیبر پختونخواہ، سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں معمول کے مطابق بارشیں متوقع ہیں، جبکہ مغربی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔
اپنے شہر میں ممکنہ بارش کی مقدار جاننے کیلئے تصاویر 1 اور 2 دیکھیں۔

سندھ میں جون کے آخری ہفتے میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو سکتا ہے جہاں موسمیاتی ماڈلز جنوب مغربی مون سون کی کم از کم 2 ہفتوں کی پیش رفت دکھا رہے ہیں۔ شمال مشرقی پنجاب میں 22 سے 25 جون کے درمیان مون سون کا آغاز ہو سکتا ہے۔
⦿ طاقتور اور شدید گرج چمک کے طوفان کے دوران متواتر روانی کیساتھ بجلی گرنے، دن بھر کی گرمی کے بعد تیز آندھی چلنے اور طویل اور شدید ژالہ باری جیسی موسمی سرگرمیاں رونما ہو سکتی ہیں۔
درج بالا موسمی حالات رونما ہونے کے سب سے زیادہ امکانات خطّہٰ پوٹھوہار (بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور تلاگنگ)، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، نارووال، صوابی، مردان، ہزارہ (بشمول ایبٹ آباد)، سرگودھا، میانوالی، سیالکوٹ اور مانسہرہ جبکہ مظفّرآباد سمیت آزاد کشمیر کے زیادہ تر علاقوں میں ہیں۔
⦿ جون کے دوسرے نصف حصّے، بالخصوص 20 جون کے بعد سے پری مون سون سے منسلک موسمی سرگرمیوں کا آغاز متوقع ہے۔ مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر خطّہٰ پوٹھوہار میں 2 سے 4 طاقتور گرج چمک کے طوفان اور آندھی کے سلسلے اثر انداز ہونے کے اچّھے امکانات ہیں۔ تاہم ان موسمی سرگرمیوں کے رونما ہونے کے سب سے زیادہ امکانات شمال مشرقی پنجاب بشمول گوجرانوالہ اور لاہور کے علاقوں اور وسطی پنجاب بشمول فیصل آباد، بھکّر، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، جھنگ اور ملحقہ علاقوں میں ہیں، جہاں شدید ژالہ باری کا خدشہ بھی موجود ہے۔
شمال مشرقی اور وسطی پنجاب میں بننے والے گرج چمک کے طاقتور طوفان ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور کے علاقوں میں گرد آلود آندھی کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔
سندھ میں بھی کہیں کہیں گرد کے طوفان اور گرج چمک کیساتھ ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے بشمول جیکب آباد، سکّھر، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، دادو اور جامشورو۔ شمال مشرقی بلوچستان بشمول ژوب، لورالائی، بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں بھی کم از کم 2 طاقتور گرد کے طوفان اثر انداز ہو سکتے ہیں جہاں کہیں کہیں یا چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

⦾ ہوا میں نمی کا تناسب سال کے اس وقت کے حساب سے معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے سواۓ شمال مشرقی پنجاب کے، جہاں ہوا میں نمی معمول سے زیادہ ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔
⦾ اوسطاً ہوا کی رفتار سال کے اس وقت کے لحاظ سے معمول کے مطابق رہنے کی توقع ہے۔
⦾ ہمارے پیج کو لائک اور فالو کریں اور پورے مہینے کی پیشگوئی ماہ کے آغاز میں ہی حاصل کریں! تازہ ترین موسمی اپڈیٹس، موسمی انتباہ، حقیقت پر مبنی موسمی ڈیٹا اور اپنے علاقے میں موسم خراب ہونے کے حوالے سے بروقت آگاہی حاصل کرنے کیلئے ہمارے ہمراہ رہیں!
یاد رہے کہ موسمی انتباہ اس صورت میں عائد کی جاتی ہے جب ہواؤں کی رفتار 90 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرنے کا اندیشہ ہو، جو کہ جون میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال