موسمی انتباہ: رواں ہفتے کے اختتام پر گرد اور گرج چمک کے شدید طوفان متوقع، جن کے ساتھ پری مون سون کی تیز سے انتہائی تیز بارشوں کا امکان۔ آندھی کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے!
⦿ اطلاق؟
10 جون شام 5 بجے سے 13 جون رات 11 بجے تک
⦿ کہاں ہونا ہے؟
خیبر پختونخواہ، پنجاب، آزاد کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور مغربی سندھ
⦿ کیا ہونا ہے؟
گرج چمک کے طاقتور سے شدید طوفان جمعرات کی دوپہر یا شام سے اتوار کے درمیان متاثّر کر سکتے ہیں۔ آندھی اور مٹّی کے طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار پنجاب میں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے، جبکہ ساتھ انتہائی تیز بارش کی توقع ہے۔ ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ بھی ہوگا!
تفصیلات:
⦾ بروز جمعرات (آج) بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے طوفان رونما ہو سکتے ہیں جن میں شمال یا شمال مشرق کی سمت سے 45 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں جبکہ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔ تیز بارش کا آج کوئی امکان نہیں تاہم ژالہ باری کیساتھ کچھ بارش ہو سکتی ہے۔
درج ذیل تصویر میں آج رونما ہونے والے گرج چمک کے طوفان کے ممکنہ علاقے دیکھیں۔
⦾ جمعہ کی دوپہر یا شام چترال کے علاوہ خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع میں گرد اور گرج چمک کے شدید طوفان متوقع ہیں جن میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکّڑ 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک چل سکتے ہیں۔
اسلام آباد سمیت پنجاب میں اٹک، راولپنڈی، چکوال، جہلم، میانوالی، گجرات، سرگودھا، گوجرانوالہ، منڈی بہاءالدّین، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ، خوشاب، جھنگ، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، مظفّرگڑھ، ملتان، بھکّر، لیّہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور اور بہاولنگر کے علاقوں جبکہ آزاد کشمیر کے تمام علاقوں بشمول میرپور اور کوٹلی میں آندھی کی رفتار 60 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکّڑ 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں!
تیز آندھی کی انتباہ: خطّہٰ پوٹھوہار میں آندھی کی رفتار میدانی علاقوں سے 10 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی پنجاب سے گزے گا اور امکان ہے کہ جنوب مشرق کی سمت میں بڑھتے ہوۓ روایتی جی ٹی روڈ کے راستے آگے جاۓ۔ اس کے سبب بالائی پنجاب میں ژالہ باری اور بار بار آسمانی بجلی گرنے کیساتھ انتہائی تیز بارش کی توقع ہے۔
⦾ بروز ہفتہ اور اتوار ایک مرتبہ پھر درج بالا خیبر پختونخواہ، پنجاب اور کشمیر کے علاقوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللّٰه، ہرنائی، لورالائی، دکّی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی، خضدار اور لسبیلہ کے علاقوں جبکہ کیرتھر کے پہاڑی سلسلے سے ملحقہ دادو، جامشورو اور لاڑکانہ کے علاقوں میں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش بھی ممکن ہے۔
درج ذیل تصویر میں اپنے علاقوں کی ممکنہ بارش کی مقدار دیکھیں۔
جڑواں شہروں میں بارش کی کُل مقدار 50 سے 70 ملی میٹر جبکہ بعض علاقوں میں 80 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔ ایبٹ آباد، بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں 35 سے 50 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
درج ذیل تصویر 1 میں اپنے علاقے میں ممکنہ بارش کی مقدار دیکھیں۔
جنوبی پنجاب میں کچھ علاقوں بشمول ڈی جی خان اور ملتان میں کُل 20 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔ ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے اندیشے کیساتھ انتہائی تیز بارش کا امکان ہے۔
تیز آندھی کی انتباہ 11 جون دوپہر 2 بجے سے 13 جون رات 11 بجے تک خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے میدانی علاقوں کیلئے عائد ہے۔
یاد رہے! اس دوران آندھی کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ اگر آپ کے علاقے میں شدید موسمی صورتحال رونما ہو تو گھروں میں رہیں اور اس دوران سفر نہ کریں۔ اپنی جان خطرے میں نہ ڈالیں!