Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / پیشگوئی (اگلے 7 دن): رواں ہفتے تیز بارشوں کی واپسی متوقع۔

پیشگوئی (اگلے 7 دن): رواں ہفتے تیز بارشوں کی واپسی متوقع۔

اطّلاق: 11 ستمبر تا 18 ستمبر 2026

متاثّرہ علاقے: پنجاب، جنوبی اور مشرقی سندھ، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، کشمیر اور مشرقی بلوچستان۔

⦾ مجموعی صورتحال:

اس وقت مشرقی بھارت پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جس کے اگلے ہفتے کے آغاز یعنی 13 یا 14 ستمبر سے تیزی سے راجستھان کی جانب بڑھنے کی توقع ہے۔ اس نظام کے باعث پاکستان کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں وافر مقدار میں نمی پہنچنے کا امکان ہے۔

یہ کم دباؤ اگلے ہفتے کے وسط تک بحیرہ عرب میں داخل ہو کر وہاں کچھ دیر ٹھہر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی سندھ بشمول کراچی میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔ بعد ازاں اگلے ہفتے کے اختتام پر ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ اسے دوبارہ وسطی بھارت کی جانب دھکیل سکتا ہے۔

پاکستان کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں اس ہفتے کے اختتام سے 17 یا 18 ستمبر تک تیز بارشوں کی توقع ہے۔

⦾ بارش کی مجموعی صورتحال:

گزشتہ شام سےشمالی خیبر پختونخواہ میں گرج چمک کے ساتھ معتدل سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو چند گھنٹوں بعد رات تک خطّہٰ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد اور راولپنڈی تک پہنچ گیا تھا۔

آج دیر رات سے صبح سویرے تک گرج چمک اور بارش کا ایک اور سلسلہ بن سکتا ہے جو کہ امکان ہے کہ بالائی اور وسطی خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر کو متاثّر کرے۔

12 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے اس سلسلے کے گزرنے کے بعد 1 سے 2 روز تک نسبتاً خشک تاہم زیادہ تر مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے۔

14 سے 18 ستمبر کے دوران بارشوں کا ایک نیا اور زیادہ طاقتور سلسلہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر، پنجاب کے بیشتر علاقوں، خصوصاً خطّہٰ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختونخواہ کے تمام علاقوں بالخصوص شمال مشرقی اضلاع، جنوبی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں تیز سے انتہائی تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔

⦿ سندھ:
سندھ میں 13 ستمبر کی رات سے 15 یا 16 ستمبر تک مون سون طرز کی گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی یا گرد آلود ہوائیں رونما ہونے کے 40 فیصد امکانات ہیں۔ بارش کی مجموعی مقدار کے اعتبار سے زیادہ متاثّر ہونے والے علاقوں میں مٹّھی، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹّھہ اور کراچی شامل ہیں، جہاں بالترتیب زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔

اگر ہوا کا کم دباؤ کا راستہ موجودہ پیشگوئی کے مطابق برقرار رہا تو جنوب مشرقی سندھ کے بعض علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش بھی ہو سکتی ہے۔ کراچی میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کے 1 سے 2 سلسلے متوقع ہیں، جبکہ ساتھ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی آندھی چل سکتی ہے۔

⦿ پنجاب:
پنجاب میں اس ہفتے تیز سے انتہائی تیز بارشوں کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں مجموعی بارش 50 سے 100 ملی میٹر جبکہ چند مقامات پر یہ مقدار 150 ملی میٹر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ خصوصاً بالائی خیبر پختونخواہ اور خطّہٰ پوٹھوہار کے کے علاقوں میں بارش کی مقدار موسمی ماڈلز کی موجودہ پیشگوئی سے 2 سے 3 گُنا زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

ای سی ایم ڈبلیو ایف (ECMWF) اور آئیکون (ICON) دونوں اس پر متّفق ہیں کہ پنجاب کے مغربی علاقوں، بشمول میانوالی اور بھکّر سے ڈیرہ غازی خان تک تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔ کچھ موسمیاتی ماڈلز شمال مشرقی پنجاب بالخصوص گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں انتہائی تیز بارشوں کی بھی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں اس ہفتے ایک اور انتہائی تیز بارش کا سلسلہ رونما ہو سکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہفتہ وار مجموعی بارش 120 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔

تصاویر 1 اور 2 میں ای سی ایم ڈبلیو ایف (ECMWF) اور آئیکون (ICON) کے مطابق محتاط مجموعی بارش کے تخمینے دیکھے جا سکتے ہیں۔

موسم کا حال کے تجزئے کے مطابق پورے پنجاب میں بارش کے پھیلاؤ کے حوالے سے ای سی ایم ڈبلیو ایف زیادہ درست پیشگوئی کر رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جنوبی پنجاب، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی راجستھان کی جانب بڑھنے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث کم از کم ایک بارش کا سلسلہ اثر انداز ہو سکتا ہے۔ تاہم بالائی خیبر پختونخواہ اور شمالی پنجاب میں زیادہ بارش کے مجموعی امکانات آئیکون میں بہتر دکھائی دے رہے ہیں۔

ابتدائی انتباہات کیلئے ہمارے پیج کو فالو کرتے رہیں۔

 

⦿ خیبر پختونخواہ اور کشمیر: خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں اس ہفتے تیز سے انتہائی شدید بارشوں کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں مجموعی بارش 40 سے 60 ملی میٹر جبکہ چند مقامات پر 100 ملی میٹر سے بھی زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔

شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں سے زیادہ متاثّر ہونے والے علاقوں میں ہریپور، مردان، صوابی، ہزارہ، کوہستان، بالاکوٹ، میرپور، مظفّرآباد اور راولاکوٹ شامل ہیں۔

وسطی خیبر پختونخواہ، بشمول کرک اور بنّوں، میں اگلے ہفتے کم از کم 2 سے 3 مرتبہ گرج چمک کے طوفان بننے کا امکان ہے۔ یہاں مجموعی بارش 20 سے 40 ملی میٹر کے قریب رہ سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر یہ مقدار 65 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔

خیبر پختونخواہ میں جنوب مغرب کی سمت میں ڈیرہ اسماعیل خان تک بارش کی مقدار بتدریج کم ہونے کی توقع ہے، جہاں اس سلسلے کے دوران مجموعی بارش 40 ملی میٹر سے کم رہنے کا امکان ہے۔

⦿ مشرقی بلوچستان:
بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں چند مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران اولے بھی پڑ سکتے ہیں۔

زیادہ متاثّر ہونے والے علاقوں میں ژوب، سبّی، کوہلو، بارکھان، خضدار، لسبیلہ اور ڈیرہ بگٹی شامل ہیں۔ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے 50 فیصد تک امکانات ہیں۔

آسمانی بجلی:
اس موسمی سرگرمی کے دوران خصوصاً ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ ہے۔ عوام محتاط رہیں!

درجہ حرارت اور ہیٹ انڈکس: اگلے جمعہ تک زیادہ نمی اور معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

بالائی اور وسطی سندھ کے بعض علاقوں میں دوپہر کے اوقات میں ہیٹ انڈکس 40 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی درمیانی حد میں رہ سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں ہیٹ انڈکس 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔

ہوائیں: ملک کے میدانی علاقوں میں جنوب یا جنوب مشرق کی سمت سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

گرج چمک کے طوفان بننے کی صورت میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔

شدید گرج چمک کے طوفان کے دوران انتہائی تیز  آندھی چلنے کا بھی اندیشہ ہے۔

 

About w3badmin

Check Also

8 ستمبر 2026 : نوکنڈی 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام، اپنے شہر کے درست درجہ حرارت جانئیے

 ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔  سب سے زیادہ درجہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے