Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / پاکستان بھر میں مزید بارشیں متوقع۔ بعض مقامات پر 150 ملی میٹر سے زائد بارش کا ایک مرتبہ پھر امکان!

پاکستان بھر میں مزید بارشیں متوقع۔ بعض مقامات پر 150 ملی میٹر سے زائد بارش کا ایک مرتبہ پھر امکان!

اگلے 7 دنوں کی پیشگوئی (یکم اپریل 2026 تا 8 اپریل 2026):

⦿ کیا ہونا ہے؟
مغربی ہواؤں کے 3 سے 4 یکے بعد دیگرے سلسلے متوقع ہیں، جن کے زیرِ اثر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ تیز سے انتہائی تیز بارشوں کا امکان ہے۔

⦿ کہاں ہونا ہے؟
ملک بھر میں۔

⦿ خلاصہ: مارچ کے آخری طرز پر ہی ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ متوقع ہے، تاہم مزید وسیع پیمانے پر زیادہ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے زیادہ تر حصّوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ یکم اپریل کی شام سے بلوچستان میں طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے جو کہ 2 یا 3 اپریل تک پاکستان کے بالائی علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔ طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کے سبب تیز ہواؤں کے جھکّڑ چل سکتے ہیں جن کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ رواں ہفتے درج بالا مقامات 50 سے 75 ملی میٹر جبکہ بعض مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے: شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر علاقے، بالائی اور وسطی پنجاب اور کشمیر کے کچھ علاقے۔

تفصیلات:
دونوں موسمیاتی ماڈل، ECMWF اور ICON پورا ہفتے جاری رہنے والی سپیل کے اوقات کار اور شدّت میں قوّی طور پر متّفق ہیں، جس میں سندھ سمیت ملک کے تقریباً تمام علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ دونوں موسمیاتی ماڈل ملک کے مغربی حصّوں میں زیادہ بارش دکھا رہے ہیں جبکہ ICON زیادہ مقدار میں بارش دکھا رہا ہے۔ تصاویر 1 اور 3 دیکھیں۔

⦿ ژالہ باری کا اندیشہ: تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے سب سے زیادہ امکانات شمالی، شمال مغربی، مشرقی اور شمال مشرقی بلوچستان بشمول کوئٹہ، ژوب، چمن، پشّین، مسلم باغ، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، لورالائی اور ہرنائی میں ہیں۔ پنجاب میں ایک مرتبہ پھر اولے پڑنے کے قوّی امکانات نظر آ رہے ہیں، جن میں سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور ملحقہ اضلاع شامل ہیں۔ تیز بارش اور ژالہ باری کیساتھ 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہوائیں درج بالا تمام علاقوں میں متوقع ہیں۔

⦿ بلوچستان:
اس مرتبہ جنوب مغربی بلوچستان کے بجاۓ صوبے کے شمال مشرقی اور مشرقی علاقے بشمول پشّین، ژوب، لورالائی اور کوہِ سلیمان اور ان سے ملحقہ علاقوں میں یکے بعد دیگرے تیز سے انتہائی تیز بارشوں کے سلسلے متاثّر کرنے کا امکان ہے۔ چنانچہ 2 اور 3 اپریل کو ان علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ میں یکم اور 2 اپریل کو جنوب مشرق کی سمت سے 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ چلنے کے امکانات ہیں۔ شمال مشرقی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ایک ہی سلسلے میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے مشرقی علاقوں بشمول خضدار، قلّات، نصیر آباد، لسبیلہ، اواران، حب اور گرد و نواح میں تیز بارش متوقع ہے جہاں اس دوران 50 سے 75 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ رواں ہفتے بارش کی کُل ممکنہ مقدار جاننے کیلئے تصاویر 3 اور 5 دیکھیں۔

⦿ خیبر پختونخواہ:
31 مارچ کو کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی اور 8 اپریل تک روزانہ بارش کا امکان موجود رہیگا۔ 3 اور 4 اپریل کو چترال کے علاوہ صوبے بھر میں کہیں کہیں یا تو وسیع پیمانے پر تیز ہواؤں کیساتھ تیز سے انتہائی تیز بارش متوقع ہے۔ اس ہی طرح 6 سے 8 اپریل کے دوران ایک اور سرگرمیوں سے بھرا سلسلہ متوقع ہے۔ خیبر پختونخواہ کے تمام علاقے باالخصوص وسطی اور جنوبی کے پی میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ہے جن میں پاراچنار، خیبر، موہمند، وزیرستان، بنّوں، کرک، ٹانک، ڈی آئی خان اور لکّی مروت کے علاقے شامل ہیں جہاں 75 سے 100 ملی میٹر جبکہ چند ایک مقامات پر 150 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
تصاویر 1 اور 2 میں رواں ہفتے ممکنہ بارش کی مقدار جانیں۔ خیبر پختونخواہ کے مشرقی اضلاع میں مغربی اضلاع کم بارش کی توقع ہے۔

⦿ پنجاب:
3 اور 4 اپریل اور پھر دوبارہ 7 اور 8 اپریل کو طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کا امکان، جس کے سبب تیز ہواؤں کیساتھ کہیں کہیں تیز سے انتہائی تیز بارش متوقع ہے، جہاں 2 مختلف مغربی ہواؤں کے سلسلے اثر انداز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ اس مرتبہ جنوبی پنجاب بشمول ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان بھی متاثّر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سب سے زیادہ بارش راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، تلاگنگ، میانوالی، مری، جہلم، اٹک، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدّین، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، بھکّر، لیّہ، چنیوٹ، حافظ آباد اور ملحقہ اضلاع شامل ہیں۔ صوبے کے شمالی اور وسطی علاقوں میں 60 سے 80 ملی میٹر جبکہ چند ایک مقامات پر 120 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ مغرب کی سمت میں بارش کی مقدار زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
رواں ہفتے وقفے وقفے سے بارش کے کئی سلسلے متاثّر کر سکتے ہیں جس سے مجموعی طور پر موسمی حالات غیر مستحکم، مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

⦿ سندھ:
مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 2 اور 3 اپریل کے دوران صوبے کے 60 فیصد حصّے کو متاثّر کرنے کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ بارش صوبے کے مغربی علاقوں بشمول جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں متوقع ہے۔
کراچی میں تیز آندھی کیساتھ گرج چمک کے طاقتور طوفان شہر اور گرد و نواح کو متاثّر کرنے کے امکانات ہیں، آندھی کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ 20 سے 30 ملی میٹر بارش اور چند مقامات پر 40 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔

آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش نوابشاہ، سکّھر اور ملحقہ علاقوں میں بھی متوقع ہے جہاں بارش کی مقدار 30 ملی میٹر سے کم رہنے کا امکان ہے۔ موسمیاتی ماڈلز اس پر متّفق نہیں کہ دوسرا سپیل سندھ کو متاثّر کریگا۔ تاہم مغربی ہواؤں کے دوسرے سلسلے کے سندھ پر اثر انداز ہونے کے امکانات فی الحال کم ہی ہیں۔ ممکنہ بارش کی مقدار جاننے کیلئے تصاویر 3 اور 5 دیکھیں۔ گرج چمک کے طوفان بننے کی وجہ سے چند ایک مقامات پر بارش کی مقدار زیادہ ہو سکتی ہے۔

⦿ کشمیر میں برفباری کی سطح 10،500 فٹ کے آس پاس رہنے کا امکان ہے جس کے سبب وادیِ نیلم میں وسیع پیمانے پر برفباری ہو سکتی ہے۔ مغربی خیبر پختونخواہ میں برفباری کی سطح 9000 فٹ تک رہنے کا امکان ہے۔ کالام، مالم جبّہ اور مری میں بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں برفباری کی سطح 8،500 فٹ تک رہنے کا امکان ہے۔

About w3badmin

Check Also

19 اپریل 2026 : تربت 40 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام، مختلف شہروں کے درست درجہ حرارت جانئیے

آج ملک کے جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدت میں واضح اضافہ ہوا اور کئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے