⦿ اطّلاق:
24 مارچ تا 31 مارچ 2026
⦿ مجموعی صورتحال:
یکے بعد دیگرے 3 مغربی ہوائیں کے سلسلے پاکستان بھر میں اثر انداز ہونے کی توقع۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز سے انتہائی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
⦿ متاثّر ہونے والے علاقے:
ملک بھر میں اثرات مرتّب ہونگے۔

خلاصہ:
ملک کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ 24 مارچ سے بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہو سکتا ہے، جو کہ 25 مارچ تک بالائی علاقوں تک پھیلنے کی امید ہے۔ تیز ہواؤں کے جھکّڑ 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
درج ذیل علاقوں میں 50 تا 75 ملی میٹر بارش، جبکہ بعض مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش متوقع ہے:
راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، سوات، میرپور، راولاکوٹ، بھمبر، پونچھ، مظفّرآباد، کالام، دیر اور تربت۔
اس کے علاوہ چکوال، میانوالی، اٹک، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدّین، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، کوہاٹ، نورپور تھل، بنّوں، لکّی مروت، ڈی آئی خان اور آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی 50 ملی میٹر سے زائد بارش ممکن ہے۔

تفصیلات:
زیادہ تر موسمیاتی ماڈلز اس پر متّفق ہیں کہ بالائی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور جنوب مغربی بلوچستان میں بارش کی شدّت زیادہ ہوگی۔ کچھ ماڈلز شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں زیادہ بارش دکھا رہے ہیں، جبکہ کچھ خیبر پختونخواہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں زیادہ بارش کے امکانات ظاہر کر رہے ہیں۔
ژالہ باری کا خدشہ:
شمال مشرقی پنجاب میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا زیادہ امکان ہے، خاص طور پر سرگودھا، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، میرپور، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور ملحقہ علاقے۔ یہاں 50 تا 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
بلوچستان میں ممکنہ صورتحال:
صوبے کے جنوب مغربی علاقوں (کیچ، پنجگور اور گوادر) میں انتہائی شدید بارش کا امکان ہے، جس سے بالخصوص رواں ہفتے کے اختتام پر مقامی ندی نالوں میں طغیانی آنے کا اندیشہ ہے۔
کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
خضدار، ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، کوہلو، لورالائی، ہرنائی، آواران اور لسبیلہ میں 15 سے 25 ملی میٹر جبکہ بعض مقامات پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخواہ میں:
25 مارچ سے ہزارہ، مالاکنڈ، سوات، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، بنّوں، بونیر، دیر، شانگلہ، کرک، ٹانک، ڈی آئی خان اور لکّی مروت میں وسیع پیمانے پر شدید بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔ 29 اور 30 مارچ کے دوران بعض شمالی وادیوں میں ایک ہی طوفان میں 50 سے 75 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں:
25 سے 26 مارچ اور پھر 29 سے 31 مارچ کے دوران شدید گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔

متاثّرہ علاقے:
راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، تلہ گنگ، مری، جہلم، اٹک، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدّین، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، بھکّر، چنیوٹ، حافظ آباد اور ملحقہ مقامات۔
ڈی جی خان اور ملتان میں گرد آلود ہوائیں اور کم از کم ایک بارش کا سلسلہ اثر انداز کرنے کی توقع ہے۔
برفباری کی صورتحال:
کشمیر میں برفباری کی سطح تقریباً 10،000 فٹ جبکہ خیبر پختونخواہ میں 8500 فٹ تک متوقع ہے لہٰذا کالام، مالم جبّہ اور مری میں بارش جبکہ گلگت بلتستان اور وادیِ نیلم کے اونچے علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔

سندھ میں:
زیادہ بارش متوقع نہیں، تاہم کراچی میں ابر آلود موسم اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد اور میرپور خاص میں ان ہواؤں کی رفتار 50 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال