پیشگوئی (اگلے 7 دن): شمال مشرقی پنجاب میں مزید شدید مون سون بارشیں متوقع۔
سیلاب سے متاثّرہ علاقوں میں مزید 100 سے 200 ملی میٹر مزید بارش کا امکان! بعض مقامات پر بارش کی کُل مقدار 300 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔
کیا ہونا ہے؟
تیز سے انتہائی شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ۔ بھارت سے آنے والا پانی بھی صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔
⦿ کب ہونا ہے؟
30 اگست 2025 تا 5 ستمبر 2025
⦿ کہاں ہونا ہے؟
خیبرپختونخواہ، پنجاب اور آزاد کشمیر

خلاصہ:
ہوا کا ایک اور کم دباؤ سندھ اور راجستھان کے علاقوں میں بننے جا رہا ہے جو بھارتی پنجاب، مقبوضہ جمّوں اور کشمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں شمال مشرقی پنجاب کو متاثّر کر سکتا ہے۔ اس سلسلے کی وجہ سے کلاؤڈ برسٹ شدّت سے بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب:
پنجاب کے شمال مشرقی اور مشرقی اضلاع بشمول سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور، پاکپتّن، وہاڑی، حاصلپور، فورٹ عبّاس، بہاولنگر اور بہاولپور میں وقفے، وقفے سے شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ موسمیاتی ماڈلز (ICON اور ECM) کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں مزید 100 سے 200 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جبکہ سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کی کُل مقدار 200 سے 300 ملی میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے!
جنوب مشرقی پنجاب میں بھی 75 سے 150 ملی میٹر بارش ہونے کی توقّع ہے جبکہ چند مقامات پر 250 ملی میٹر سے زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے۔

گوجرانوالہ، لاہور اور اوکاڑہ میں 60 سے 120 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر 175 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، تلاگنگ اور اٹک میں 25 سے 50 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جہاں مشرق کی سمت میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ اور بھکّر سمیت وسطی پنجاب میں 30 سے 50 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ کچھ علاقوں میں 80 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کا زیادہ روجھان شمال مشرق کی طرف رہنے کا امکان ہے۔
بھارتی پنجاب کے اضلاع لدھیانہ اور جالندھر سمیت ہماچل پردیش میں مزید 300 سے 600 ملی میٹر بارش ہونے کا اندیشہ ہے، جس کے باعث دریائے راوی، ستلج اور بیاس میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے۔ دریائے چناب میں بھی اگلے ہفتے کے دوران شدید طغیانی کا اندیشہ ہے، جس سے خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ لہٰذا احتیاط کریں!

جہلم، منڈی منڈی بہاؤالدّین، حافظ آباد، خوشاب، نورپور تھل اور چنیوٹ میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے سبب نشیبی شہری علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، وہاڑی، کوٹ ادّو، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور راجنپور میں ایک یا دو بارش کے سلسلے متوقع ہیں، جن سے 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔
آزاد کشمیر:
آزاد کشمیر میں بھی وسیع پیمانے پر شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ برنالہ، بھمبر، میرپور، ڈڈیال اور کوٹلی کے علاقوں میں 75 سے 125 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر 150 ملی میٹر سے زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ سب سے زیادہ بارش کا امکان بھمبر کے علاقوں میں ہے۔ مظفّرآباد، راولاکوٹ اور کوٹلی میں بھی نمایاں بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان تمام علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مٹّی کے تودے گرنے اور برساتی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ ہے، لہٰذا پہاڑی علاقوں کے سفر سے مکمّل گریز کریں!

خیبر پختونخواہ:
خیبر پختونخواہ کے شمال مشرقی اضلاع بشمول صوابی، ہریپور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں 50 سے 75 ملی میٹر تک بارش ان علاقوں میں ہو سکتی ہے۔ مردان، نوشہرہ، مانسہرہ، سوات، دیر، بنّوں اور کرک میں مزید 25 سے 50 ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔ بارش کی زیادہ شدّت بلند پہاڑوں میں رہنے کا امکان ہے، جس کے سبب ان علاقوں میں برساتی نالوں میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔ لہٰذا پہاڑی مقامات کی جانب سفر سے اس دوران مکمّل گریز کریں!
درجہ حرارت کی صورتحال:
پنجاب، خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں دن کے درجہ حرارت معمول معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ ٹھنڈے رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں 10 ڈگری تک بھی کم ہو سکتے ہیں۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال