🌧️ اگست 2025 کی ماہانہ پیشگوئی:
پاکستان کے بیشتر علاقوں میں اگست 2025 کے دوران مجموعی طور پر معمول کے مطابق یا معمول سے قدرے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، سوائے سندھ کے، کیونکہ وہاں بارش معمول سے کم رہنے توقع ہے۔
موسم کا حال نے جدید ترین موسمیاتی ماڈل (ECM) استعمال کرتے ہوئے اگست 2025 کی ماہانہ پیشنگوئی تیار کی ہے۔
اگست کے لحاظ سے مون سون ہواؤں کی شدت اس وقت کمزور ہے۔ تاہم 5 اگست کو شمالی اور وسطی بھارت میں ہوا کا ایک کم دباؤ بننے کا امکان ہے، جو شمال مشرقی پنجاب، بالائی پنجاب، کشمیر اور شمال مشرقی خیبرپختونخوا کو متاثر کرے گا۔ ہوا کے اس کم دباؤ کی وجہ سے سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح میں، جہاں ہلکی خشک سالی کے آثار ابھی بھی موجود ہیں، اچھی بارشوں ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے سے محسوس کی جانے والی گرمی کی شدت (Heat Index) بھی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

موسم کا حال کی پیشگوئی کے مطابق،
اگست میں بارشیں اور ان کی مقدار معمول کےمطابق رہنے کا امکان ہے۔ اس ماہ 3 سے 5 مغربی ہواؤں کے کمزور سلسلے (Western Disturbances) مون سون کی نمی سے ٹکرا کر شمالی اور وسطی پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا، کشمیر، پنجاب اور شمالی بلوچستان میں شدید بارش کا سبب بنیں گے۔
سندھ میں اب تک مون سون خاصا کمزور رہا ہے۔ موسم کا حال کے مطابق اگست کے پہلے 15 دنوں میں سندھ میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم اس ماہ کے آخری 10 دنوں میں مون سون کے 1 یا 2 سلسلے متاثر کر سکتے ہیں، جس کی وجہ سے صوبے کے مشرقی حصوں میں اچھی بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی اور حیدرآباد میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔

بالائی پنجاب اور کشمیر میں مون سون ہواؤں کے مسلسل داخل ہونے کی وجہ سے بارشیں معمول کے مطابق یا اس سے کچھ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر لاہور اور گوجرانوالہ میں معمول سے بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ سیالکوٹ میں بھی اچھی بارشوں کا امکان نظر آتا ہے۔ پہاڑوں سے دور بارشوں کا رجحان اس مہینے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں اور (WD) مون سون کے ٹکراؤ سے خطہ پوٹھوہار میں شدید موسمی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ پوٹھوہار کے علاقے چکوال، راولپنڈی/اسلام آباد، اور اٹک میں شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے(ان علاقوں میں موسمی شدت بھی اسی ترتیب سے رہنے کا امکان ہے)۔
اس کے علاوہ، کوہ ہمالیہ کے دامن اور پیر پنجال رینج کے پہاڑی سلسلے بھی اسی موسمی صورتحال کا سامنا کر سکتے ہیں، خاص کر وہ علاقے جن کی بلندی 5000 فٹ سے کم ہے، ان میں شدید موسمی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

وسطی و جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں: مغربی ہواؤں کے سلسلے وسطی علاقوں کو متاثر کریں گے، جن میں فیصل آباد، ڈی آئی خان، ڈی جی خان اور سرگودھا ڈویژن میں نمایاں بارشوں ہونے کا امکان ہے۔ ملتان اور بہاولپور میں بارشیں معمول کے قریب یا معمول سے کچھ زیادہ رہیں گی۔ وسطی اور مغربی پنجاب کے علاقوں میں شدید گرج چمک کے طوفانوں کے امکانات بھی زیادہ ہیں۔
بلوچستان میں ژوب، بارکھان، سبی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی مون سون کی اچھی بارشیں ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم مون سون ہواؤں کے مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کے امکانات کم ہیں، لہٰذا یہاں موسم خشک، گرم رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ خصوصاً صوبے کے جنوب مغرب اور شمالی علاقوں میں، جن میں کوئٹہ بھی شامل ہے۔

شمالی کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کی مقدار مجموعی طور پر معمول کے مطابق رہے گی۔ مشرقی گلگت بلتستان اور مشرقی خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر معمول سے زیادہ بارش ہو نے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
⛔ سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مون سون کے اختتام تک شمالی علاقوں کا سفر نہ کریں۔
خیبرپختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں اس ماہ بھی سیلاب کے امکانات موجود ہیں، تاہم سندھ، بلوچستان اور دریائے سندھ کے مغربی دریاؤں میں کسی بڑے سیلاب کا امکان نہیں ہے۔
⦿ درجہ حرارت مجموعی طور پر پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں معمول کے قریب رہے گا۔
شمالی پہاڑی علاقوں اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم رہنے کا امکان ہے۔
🔔 ہماری ویب سائٹ اور پیج کو لائیک اور شیئر کریں اور ہر مہینے کی مکمل پیش گوئی مہینہ شروع ہونے سے پہلے حاصل کریں!
Weather Busters Pakistan موسم کا حال