Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی تفصیلی پیشگوئی: گرمی کی شدّت میں اضافے کا امکان۔ ہفتے کے اختتام پر آندھی، بارش اور ژالہ باری کی توقع۔

اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی تفصیلی پیشگوئی: گرمی کی شدّت میں اضافے کا امکان۔ ہفتے کے اختتام پر آندھی، بارش اور ژالہ باری کی توقع۔

اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی تفصیلی پیشگوئی: 3 سے 4 دن تک موسم گرم رہیگا۔ درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے زیادہ رہیں گے۔ پاکستان بھر میں ہفتے کے اختتام پر کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔

⦿ اطلاق؟
18 مئی صبح 9 بجے سے 25 مئی رات 9 بجے تک۔

⦿ کہاں ہونا ہے؟
جنوبی پنجاب، خیبر پختونخواہ (پہاڑی علاقوں کو چھوڑ کر) اور شمالی سندھ۔

⦿ متوقع موسمی صورتحال؟
پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں منگل سے جمعرات کے درمیان گرمی کی انتباہ جاری کی جا رہی ہے، جس کے بعد مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔

تفصیلات:
⦿ مغربی ہواؤں کا موجودہ سلسلہ گزشتہ دوپہر اور شام ملک کے شمالی اور وسطی حصّوں کو متاثر کرتا رہا، جس کے سبب چند مقامات پر گرج چمک کے طوفان رونما ہوۓ۔ ورنہ پاکستان کے 70 فیصد حصّوں میں زیادہ تر دھوپ تھی۔ البتّہ کراچی میں گزشتہ شام مٹّی کے طاقتور طوفان کیساتھ بعض علاقوں میں بارش ہوئی۔

⦿ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے ملک سے روانہ ہونے کے بعد خشک ہوائیں داخل ہونگی، جس کے باعث بحیرہ عرب سے پہنچنے والی نم ہوائیں بند ہو جائیں گی اور درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔

18 مئی سے 20 مئی کے درمیان ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت (ڈگری سینٹی گریڈ) درج ذیل ہیں:

 

🌡راولپنڈی، اسلام آباد اور چکوال: 36 سے 38 (معمول کے مطابق یا 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡پشاور، فیصل آباد اور لاہور: 38 سے 41 (معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡 ڈی آئی خان: 40 سے 42 (معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡 ملتان، ڈی جی خان اوربہاولپور: 40 سے 43 (معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡نوابشاہ اور دادو: 41 سے 45 (معمول کے مطابق یا معمول سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم)

🌡سکّھر اور لاڑکانہ: 40 سے 44 (معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡سبّی اور جیکب آباد: 42 سے 46 (معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡 کوئٹہ: 26 سے 28 (معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم)۔ جمعرات کو 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چلنے کی توقع۔

🌡تربت: 43 سے 46 (معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ)

🌡مکران کی ساحلی پٹّی سے ملحقہ ضلع گوادر میں درجہ حرارت 35 سے 37 سے بڑھ کر 40 سے 42 تک پہنچ سکتا ہے (معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ سے بڑھ کر معمول سے 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ)

🌧 بارش کہاں کہاں ہوگی؟
⦿ 21 مئی بروز جمعہ سے 24 مئی بروز سوموار کے درمیان درج ذیل موسمی صورتحال متوقع ہے:

بلوچستان: 22 اور 23 مئی کو مشرقی اور شمالی حصّوں بشمول ژوب، لورالائی، کوئٹہ، سبّی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، نصیر آباد اور لسبیلہ کے علاقوں میں بعض مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک اور 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہواؤں کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ درج بالا علاقوں میں ایک سے دو گرج چمک کے طوفان کی شکل میں زیادہ تر معتدل جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش ہو سکتی ہے جس کی مقدار 10 سے 30 ملی میٹر تک رہنے کی توقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ متوقع ہے جبکہ آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ بھی ہوگا۔


شمال مشرقی پہاڑوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ گوادر سمیت مکران کی ساحلی پٹّی پر جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود موسم کیساتھ معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔

شمالی پنجاب: راولپنڈی اور اسلام آباد میں پورا ہفتہ گرج چمک کے طوفان کہیں کہیں یا چند مقامات پر متاثر کر سکتے ہیں۔ تاہم 20 اور 21 مئی سے نسبتاً طاقتور گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں جن میں ہواؤں کی رفتار 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک متوقع ہے جبکہ آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کا خدشہ بھی ہوگا۔ درج بالا موسمی صورتحال اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم کے بعض علاقوں میں رونما ہو سکتی ہے۔
گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، لاہور، سرگودھا، بھکّر، فیصل آباد اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں، جن سے ان علاقوں میں 5 سے 15 ملی میٹر جبکہ کچھ مقامات پر زیادہ سے زیادہ 25 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ 


گرج چمک کے طوفانوں کے 2 سے 3 سلسلے متاثّر کر سکتے ہیں جن کے زیرِ اثر تیز ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ متوقع موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔

جنوبی پنجاب: 20 مئی اور پھر دوبارہ 22 مئی کو موسمی سرگرمیاں رونما ہونے کی توقع ہے۔ سلیمان کے پہاڑی سلسلے سمیت راجنپور، ڈی جی خان، مظفّرگڑھ، لیّہ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، وہاڑی، پاکپتّن اور رحیم یار خان کے علاقوں میں چند مقامات پر گرد کے طوفان اور گرج چمک کیساتھ ژالہ باری ہو سکتی ہے جبکہ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔
متوقع موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔

خیبر پختونخواہ: صوبے کے میدانی اور پہاڑی علاقوں بشمول پشاور، مردان، ہزارہ (ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور کوہاٹ کے علاقوں میں چند مقامات پر یا کہیں کہیں ہلکی سے معتدل شدّت کے گرج چمک کے طوفان رواں ہفتے میں کئی مرتبہ متاثّر کر سکتے ہیں۔
صوبے کے جنوبی حصّوں میں گرج چمک کے طوفانوں کی شدّت نسبتاً زیادہ ہوگی جس میں بنّوں، لکّی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک کے علاقے شامل ہیں۔ اس دوران بلند مقامات پر 25 سے 40 ملی میٹر جبکہ میدانی علاقوں میں 10 سے 20 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ باالخصوص 20 سے 22 مئی کے درمیان بننے والے گرج چمک کے طوفانوں کے سبب موٹی ژالہ باری اور شدید گرج چمک کا خدشہ ہوگا۔ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

آزاد کشمیر اور پہاڑی خیبر پختونخواہ: باغ، پونچ (بشمول راولاکوٹ) اور میرپور کے علاقوں سے شمال میں مظفّرآباد اور وادیِ نیلم تک کہیں کہیں گرج چمک اور ہواؤں کیساتھ ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے، جس سے موسم نسبتاً ٹھنڈا رہیگا۔ دوپہر اور شام کے اوقات وادیِ سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفّرآباد اور وادیِ نیلم میں موسمِ بہار کے طرز پر ٹھنڈی بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں ہفتے کے اختتام تک 50 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔ دن کے درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کی توقع ہے۔

⦿ سندھ: سمندری طوفان تاؤتے کے زیرِ اثر 19 مئی کی صبح سے دوپہر کے درمیان ضلع تھرپارکر کے نگرپارکر، مٹّھی اور اسلامکوٹ کے علاقوں میں مزید ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے، جس کی مقدار 10 سے 20 ملی میٹر کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ شمال مغرب کی سمت سے 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔


حیدرآباد، بدین، ٹھٹّھہ اور کراچی میں بھی اس دوران مطلع زیادہ تر ابر آلود رہیگا جبکہ 19 مئی کو دن کے پہر گرج چمک کے طوفان بننے کے 10 فیصد امکانات ہیں۔ شمال مشرق کی سمت سے 50 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں متوقع ہیں جبکہ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

About Taha Amerjee

Check Also

پیشگوئی: 17 سے 19 مئی 2024 کے درمیان مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع۔ بالائی پاکستان میں آندھی، گرج چمک کیساتھ مزید بارش متوقع! اگلے 5 دنوں تک گرمی کی کوئی لہر اثر انداز کرنے کا امکان نہیں!

پیشگوئی (17 مئی 2024 سے 19 مئی 2024): 1) جمعہ اور اتوار کے درمیان، 2 …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے