کسان کا موسم (اگلے 7 دن): کسان محتاط رہیں! بادل موجود ہیں اور منگل (آج) سے جمعرات تک کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور اولے پڑنے کا امکان ہے۔
⦿ اطلاق؟
20 اپریل صبح 9 بجے سے 27 اپریل رات 9 بجے تک
کسان حضرات کو خبردار کیا جاتا ہے کہ گندم کی کٹائی جلد از جلد مکمّل کر لیں کیونکہ اگلے 7 دنوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
⦾ شمالی پنجاب: منگل (آج) سے جمعرات کے دوران گرج چمک کے طوفان کے 2 سے 3 سلسلے راولپنڈی، جہلم، لاہور، شیخوپورہ، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، چنیوٹ، بھکّر، فیصل آباد، قصور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور منڈی بہاءالدّین میں کہیں کہیں متاثّر کر سکتے ہیں۔ درج بالا علاقوں میں ممکنہ بارش کی مقدار جاننے کیلئے درج ذیل تصاویر دیکھیں:
اگلے 3 دنوں میں ان طوفانوں کیساتھ بعض مقامات پر 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی جبکہ آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کا اندیشہ بھی ہوگا۔
پنجاب کے مشرقی علاقوں بشمول فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی شدّت نسبتاً زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔
⦾ جنوبی پنجاب: منگل (آج) سے جمعرات کے دوران کہیں کہیں یا چند مقامات پر 1 سے 2 گرج چمک کے طوفان جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، وہاڑی، پاکپتّن، بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، لیّہ، خانیوال، رحیم یار خان، راجنپور اور لودھڑاں کے علاقوں کو متاثّر کر سکتے ہیں۔ کہیں کہیں مٹّی کے طوفان اور گرج چمک کیساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ آندھی کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ متوقع ہے۔ موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب میں رواں ہفتے ابر آلودگی اور ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے زیادہ رہیگا۔ زیادہ تر اوقات مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود ہوگا جبکہ ہفتے کے اختتام تک مکمّل ابر آلودگی متوقع ہے۔ 23 اپریل کو دھوپ ہوگی اور شمال مشرق کی سمت سے 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ متوقع ہونگے۔
⦾ خیبر پختونخواہ: گندم کی کاشت کے تمام میدانی اور پہاڑی علاقوں میں رواں ہفتے چند مقامات پر یا کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی شدّت کے گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں جو کہ پشاور، مردان، ہزارہ (ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور کوہاٹ کے علاقوں کو متاثّر کرتے رہیں گے۔ صوبے کے جنوبی حصّوں بشمول بنّوں، لکّی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک کے علاقوں میں گرج چمک کے طوفانوں کی شدّت نسبتاً زیادہ ہوگی۔ بلند مقامات پر 15 سے 30 ملی میٹر جبکہ میدانی علاقوں میں 10 سے 25 ملی میٹر بارش اگلے 5 دنوں میں ہو سکتی ہے۔ 20 سے 23 اپریل کے درمیان باالخصوص گرج چمک کے طوفان بنتے رہینگے، جن سے موٹی ژالہ باری آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ موجود رہیگا۔
طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
⦾ سندھ: شمالی، وسطی اور انتہائی جنوبی علاقوں میں 19 سے 21 اپریل کے درمیان چند مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں جن میں گھوٹکی، لاڑکانہ، سکّھر، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ، کشمور اور نوشہرو فیروز کے علاقے شامل ہیں۔
آج دوپہر سے کل دوپہر کے درمیان شمال مغرب کی سمت سے مٹّی کا طوفان بھی متاثّر کر سکتا ہے جس میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس دوران صوبے کے جنوبی مقامات بشمول حیدرآباد میں بھی گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔ البتّہ 20 سے 22 اپریل کے دوران بدین، مٹّھی اور ملحقہ تھرپارکر کے علاقوں بشمول اسلامکوٹ اور عمرکوٹ میں گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات زیادہ ہونگے۔
شمالی سندھ میں تیز ہوائیں متوقع: منگل (آج) شام یعنی 20 اپریل اور دوبارہ جمعہ کی دوپہر شمال مشرق کی سمت سے 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔
آج دوپہر حیدرآباد، بدین اور میرپورخاص میں 35 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں اور 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔ گرج چمک کے طوفان بننے کے بھی امکانات ہیں۔