اگلے 7 دنوں کی پیشگوئی: شمال میں ابر آلود موسم اور برفباری متوقع۔ جنوب میں شدید سردی کی لہر کا امکان!
کیا ہونا ہے؟
مغربی ہواؤں کا ایک اور انتہائی ٹھنڈے سلسلے کے باعث بادل چھاۓ رہنے اور برفباری کی توقع ہے۔ بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ آگے شدید سرد موسم متوقع۔
کب ہونا ہے؟
14 دسمبر صبح 8 بجے سے 21 دسمبر رات 9 بجے تک۔
کہاں ہونا ہے؟
ملک بھر میں۔
موسمی تجزیہ: مغربی ہواؤں کا موجودہ سلسلہ آج ملک سے روانہ ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں انتہائی سرد ہوائیں ملک کے جنوبی حصّوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ شمال کو متاثّر کرنا شروع ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم ہو جائیں گے۔
⦿ بلوچستان
اس وقت صوبے کے شمال مشرقی حصّوں بشمول کوئٹہ میں شمال مغرب کی سمت سے 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی انتہائی سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے صوبے کے شمالی اور مغربی حصّوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 10 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوب مغربی حصّوں بشمول تربت میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کی توقع ہے۔ رواں ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں۔ تاہم منگل کی صبح سب سے زیادہ سرد ہوگی۔ کل کوئٹہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دھوپ میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمال مغرب کی سمت سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ چلنے کے باعث محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت دن کے وقت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا! صوبائی دارلحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 سے منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے کا امکان ہے۔ تربت میں بھی کم سے کم درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ بدھ کے بعد درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے، جس کی وجہ سے شدید سردی سے کچھ آرام مل جاۓ گا۔
⦿ سندھ
زیادہ تر وقت دھوپ کیساتھ موسم انتہائی سرد رہنے کی توقع ہے۔ بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم پورے صوبے میں دن اور رات کے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے، جس میں جیکب آباد، نوابشاہ اور سکّھر کے علاقے شامل ہیں۔ اگلے 2 دنوں کے دوران کراچی اور حیدرآباد میں شمال مشرق کی سمت سے 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ رواں ہفتے میں شہرِ قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ حیدرآباد میں کم سے کم درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
⦿ خیبر پختونخواہ
مغربی ہواؤں کا انتہائی سرد سلسلہ اگلے 2 دنوں تک متاثّر کریگا، جس کی وجہ سے صوبے کے شمال مغربی حصّوں میں سطح سمندر سے 3000 فٹ کی بلندی تک کہیں کہیں برفباری ہو سکتی ہے۔ مجموعی طور پر برفباری کی شدّت بہت زیادہ نہیں ہوگی۔ مالاکنڈ، سوات اور کاغان کی وادیوں میں زیادہ تر مقامات پر برف 1 فٹ سے کم یعنی متوقع 3 سے 6 انچ تک تازہ برف پڑ سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہینگے، جس کے بعد سردی کی لہر کے سبب رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی کا امکان ہے۔ ایبٹ آباد میں 10 ملی میٹر تک مزید بارش ہو سکتی ہے تاہم پشاور کے زیادہ تر علاقوں، مردان، کوہاٹ اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں صرف بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔
⦿ پنجاب
مغربی ہواؤں کے اس نئے سلسلے سے کوئی خاص بارش کا امکان نہیں، سواۓ مری کے، جہاں 1 سے 3 انچ مزید برف پڑ سکتی ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ رات کے درجہ حرارت البتّہ باالخصوص گرتے رہیں گے۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہنے کی توقع ہے۔ اس ہفتے کے اختتام تک لاہور اور ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ اسلام آباد میں بھی رواں ہفتے کے وسط تک کم سے کم درجہ حرارت نکتہ انجماد سے نیچے گرنے کی توقع ہے۔ اگلے 2 دنوں میں خطّہٰ پوٹھوہار میں شمال مغرب کی سمت سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جن کی رفتار 30 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ کل دوپہر سے موجودہ دھند ختم ہونا شروع ہو جاۓ گی۔
⦿ کشمیر اور گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے بلند مقامات
کل دوپہر سے بدھ کی شام تک کہیں کہیں برفباری ہو سکتی ہے، جس کے بعد سردی کی لہر متوقع ہے۔ گلگت میں بھی گیلی برف یا ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ مظفّرآباد اور وادیِ نیلم میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہیں گے جبکہ کوٹلی اور جنوبی آزاد کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ برفباری 4500 فٹ سے 6000 فٹ کی بلندی تک ہو سکتی ہے۔
⦿ مغربی ہواؤں کے اس دوسرے سلسلے کی بدولت ملک بھر میں باالخصوص شمالی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں ہوا کے معیار میں بہتری کی توقع ہے۔