⦿ کیا ہونا ہے؟
مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع ہیں، جن کے سبب شمالی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان میں برفباری جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ ژالہ باری اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواہ میں ہلکی بارش یا بوندا باندی جبکہ پاکستان کے وسطی اور جنوبی حصّوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

⦿ کب ہونا ہے؟
یکم فروری صبح 10 بجے سے 8 فروری رات 11 بجے تک۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟
ملک بھر میں۔
تفصیلات:
⦿ ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ متاثّر کر رہا تھا جس کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ تھے۔ شمالی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے جبکہ شمالی خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع زیادہ تر یا مکمّل ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے گزشتہ سلسلے سے کہیں کوئی خاص بارش یا برفباری نہیں ہوئی۔
⦿ منگل (آج) سے مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ ملک کے شمالی علاقوں کو متاثّر کرنا شروع ہوگا جس کے نتیجے میں شمالی خیبر پختونخواہ کے 3500 فٹ سے بلند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے، بشمول ایبٹ آباد، جہاں 5 سے 10 ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔ پشاور، مردان، کوہاٹ اور ڈی آئی خان اور لکّی مروت کے علاقوں میں رواں ہفتے محض چند مقامات پر بوندا باندی کی توقع ہے۔ سابقہ شمالی فاٹا کے انتہائی مغربی علاقوں بشمول پاراچنار میں آج رات سے بدھ کی رات کے درمیان ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ شمالی خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے 7500 فٹ سے بلند مقامات بشمول مالم جبّہ اور کالام میں رواں ہفتے 3 سے 6 انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔
⦿ آزاد کشمیر میں 5000 فٹ سے بلند مقامات میں آج رات سے جمعرات کے درمیان ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ مظفّرآباد کے علاقوں میں جنوب مشرق کی سمت سے 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں متوقع ہیں جبکہ 5 سے 10 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ مری میں بھی ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار شمال مشرق کی سمت سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ موجودہ مغربی ہواؤں کے سلسلے سے ہلکی بارش یا گیلی برف پڑ سکتی ہے۔ تاہم 8500 فٹ سے بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ جنوبی کشمیر بشمول میرپور ڈویژن میں بارش کے امکانات کم ہیں۔
⦿ شمال مشرقی پنجاب بشمول سیالکوٹ اور نارووال میں بدھ سے جمعرات کی دوپہر کے درمیان گرج چمک کیساتھ بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔ مشرق یا جنوب مشرق کی سمت سے 15 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہی ہواؤں چلنے کے سبب ہوا کے معیار میں بہتری کی امّید ہے۔ لاہور اور گوجرانوالہ کے علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کے 30 فیصد امکانات ہیں۔ مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب بشمول فیصل آباد، ساہیوال اور ملتان ڈویژن میں کل تک گرد آلود دھند میں اضافے کے سبب ایئر کوالٹی انڈکس میں اضافہ متوقع ہے۔ ان علاقوں میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ خطّہٰ پوٹھوہار میں بھی صرف ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ بدھ اور جمعرات کو مطلع جوزی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس میں راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، میانوالی اور جہلم کے علاقے شامل ہیں۔ زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار اس دوران ان علاقوں میں 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کی توقع ہے۔

⦿ سندھ اور بلوچستان میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں سواۓ مکران کے ساحلی علاقوں کے اور بالائی سندھ بشمول سکّھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں رواں ہفتے درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ساحلی سندھ میں بدھ تک درجہ حرارت معمول کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت
26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جمعرات کی دوپہر کو شمال مشرق کی سمت سے 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ جمعہ سے درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔


⦿ کوئٹہ میں گزشتہ روز جنوب مشرق کی سمت سے 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ (معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ) ریکارڈ کیا گیا۔ منگل (آج) شمال مغرب کی سمت سے 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ چلے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا۔ تاہم بدھ اور جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، جو کہ 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان نہیں۔ رات کے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی کم رہیں گے۔ جمعہ کے بعد سے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔
تربت میں بھی رواں ہفتے شمال کی سمت سے 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آرام دہ 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہیں، جو کہ سال کے اس وقت کے حساب سے معمول کے مطابق ہیں۔

Weather Busters Pakistan موسم کا حال