تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / اگلے 72 گھنٹوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: مارگلہ اور سالٹ رینج کی پہاڑیوں پر برفباری کا امکان۔ غیر معمولی موسمی سرگرمیاں رونما ہونے کی توقع۔

اگلے 72 گھنٹوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: مارگلہ اور سالٹ رینج کی پہاڑیوں پر برفباری کا امکان۔ غیر معمولی موسمی سرگرمیاں رونما ہونے کی توقع۔

اطّلاق؟
25 دسمبر 2020 سے 28 دسمبر 2020

کہاں ہونا ہے؟
ملک بھر میں۔

کیا ہونا ہے؟
ہوا کے طاقتور کم دباؤ کا ایک سلسلہ وسطی خیبر پختونخواہ کے راستے داخل ہوگا اور پنجاب کی جانب بڑھے گا، جس کے نتیجے میں اس ہفتے کے اختتام پر کہیں کہیں برفباری یا بارش ہوگی اور سرد ہوائیں چلیں گی۔

موسمی تجزیہ: مغربی ہواؤں کا غیر معمولی حد تک ٹھنڈا اور انتہائی طاقتور سلسلہ کل دوپہر یا شام سے پاکستان کو متاثّر کرنا شروع ہوگا اور اگلے 2 دنوں تک موجود رہیگا۔

تفصیلات:
⦿ خیبر پختونخواہ اور بالائی پنجاب: سطح سمندر سے تقریباً 3500 فٹ کی بلندی تک برفباری ہو سکتی ہے!
ہمارے تجزئیے کے مطابق مارگلہ اور سالٹ رینج کی 3500 فٹ سے بلند پہاڑیوں پر برفباری کا امکان ہے، جس کی وجہ اتوار کی شام یا رات کو انتہائی سرد ہواؤں کی متوقع آمد ہے۔ ایبٹ آباد میں بھی برفباری کا امکان ہے کیونکہ ان علاقوں میں 4000 فٹ تک برفباری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاقوں میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ مری میں 8 سے 12 انچ برف پڑ سکتی ہے۔ صوابی، ہریپور، کوہاٹ، پشاور، مردان، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، گجرات اور سیالکوٹ کے علاقوں میں کہیں کہیں یا بڑے پیمانے پر بارش کی توقع ہے۔ بنّوں، میانوالی، سرگودھا، منڈی بہاءالدّین، گوجرانوالہ، نارووال، لاہور اور لیّہ کے علاقوں میں کہیں کہیں یا چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور بھکّر کے علاقوں میں بھی چند ایک مقامات پر بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
بالائی پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں بارش کے دوران 35 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ خطّہٰ پوٹھوہار میں ہفتے کی رات یا اتوار کو 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔ اتوار کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔

 

⦿ بلوچستان اور جنوبی خیبر پختونخواہ:
صوبہ بلوچستان، سابقہ فاٹا اور جنوبی خیبر پختونخواہ میں بہت تیز ہوائیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔ اس گرد کی شدید آندھی کیساتھ موسم انتہائی سرد ہو جانے کی توقع ہے۔ مغربی بلوچستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 10 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔
ہفتے اور اتوار کو متوقع زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی تفصیل درج ذیل ہے:

🌬️ کوئٹہ: 50 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ (شمال مغرب)، منفی 3 سے منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ۔ ہفتے کی رات کو ہلکی برفباری کی توقع۔ دن کے وقت محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کے وقت محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی توقع ہے!
🌬️ ڈی آئی خان: 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ (مغرب شامل مغرب)، 13 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ۔ ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان۔
🌬️ ژوب: 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ (شمال مغرب)، 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ، گیلی برف یا برفباری کا امکان۔
🌬️ دالبندین: 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ (شمال شمال مغرب)، 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ، ریت کا طوفان۔
🌬️ تربت (کیچ): 70 سے 85 کلومیٹر فی گھنٹہ (شمال) کی ریتیلی ہوائیں، 16 سے 18 ڈگری سینٹی گریڈ۔ دھوپ۔
🌬️ اورماڑا، پسنی، گوادر اور جیوانی: 45 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ (شمال)، 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ۔ دھوپ۔

⦾ پنجگور کے علاقوں میں ریت کا طوفان بنے گا جہاں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں بھاری مقدار میں ریت تربت اور مکران کے ساحل کی جانب منتقل کرینگی۔
سبّی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد اور نصیر آباد کے علاقوں میں بھی غیر معمولی حد تک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار شمال مغرب کی سمت سے 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع زیادہ تر صاف یا جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔

⦿ سندھ اور جنوبی پنجاب:
بارش کا خاطر خواہ کوئی خاص امکان نہیں۔ مطلع زیادہ تر صاف اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ اس مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے جیکب آباد اور سکّھر کے علاقوں میں غیر معمولی حد تک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شمال مغرب کی سمت سے 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ چل سکتے ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اتوار کے روز 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں مغرب کی سمت سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کے باعث موسم کافی سرد ہو جاۓ گا۔
⦾ اس دوران وسطی اور جنوبی سندھ میں شمال مغرب یا شمال کی سمت سے ہوائیں چلیں گی۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار شمال مغرب یا شمال کی سمت سے 25 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوائیں کراچی کے ہی طرز پر چلنے کی توقع ہے۔

⦿ گلگت بلتستان، پہاڑی خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر:
کل ان علاقوں میں مطلع زیادہ تر یا مکمّل طور پر ابر آلود ہو گیا تھا اور اگلے 4 دنوں تک یہ موسمی صورتحال جاری رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور شمال مغربی خیبر پختونخواہ بشمول چترال اور دیر میں چند مقامات پر ہلکی سے متعدل شدّت کی برفباری ہو سکتی ہے۔ مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں میں شدید برفباری کا امکان نہیں تاہم کاغان اور نیلم کی وادیوں میں متعدل شدّت کی برفباری ہو سکتی ہے، جہاں رواں ہفتے کے اختتام پر 5000 فٹ سے بلند مقامات پر 6 سے 12 انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔
ہفتے اور اتوار کی شام کے درمیان 3000 فٹ تک برف پڑنے کی توقع ہے جس کے سبب چترال، دیر، پاراچنار اور افغانستان کی سرحد کیساتھ ملحقہ زیادہ تر علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ پیر کی رات آزاد کشمیر میں 4000 سے 5000 فٹ تک برفباری ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے راولاکوٹ میں ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 8 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔
کوٹلی، میرپور، بھیمبر اور مظفّرآباد کے علاقوں میں 25 سے 40 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے جبکہ جنوبی آزاد کشمیر میں بعض مقامات پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش بھی ہونے کی توقع ہے۔

About Taha Amerjee

Check Also

11 نومبر 2024 : ملک کے بالائی علاقوں میں نومبر کی پہلی بارش اور شدید ترین ژالہ باری۔ ہمارے موسمی اسٹیشنز پر سب سے زیادہ بارش شہباز گڑھی مردان میں 39.3 ملی میٹر ریکارڈ ۔

پیشگوئی کے مطابق خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان  میں گزشتہ شام داخل ہونے والے مغربی …

6 comments

  1. Well done admin keep it up..💖

  2. ملک عثمان غنی

    آپ بہتطاچھا کام کررہے ہیں میں یقین سے کہتا ہوں کہ آپ کی رپورٹ جامع اور مفصل ہے

  3. Sir January k 2nd week me south punjab me barish k chances hain kya? Bahawalpur ka bhi bta dain

    • بارش کے خاطر خواہ امکانات نہیں.
      البتّہ آگے دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، جس کے بعد سردی کی ایک اور لہر متوقع ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے