جدید ترین موسمیاتی ماڈل ریپڈ ای سی ایم ڈبلیو ایف
کی مدد سے موسم کا حال نے اکتوبر 2022 کی ماہانہ
پیشگوئی تیّار کی ہے۔
تفصیلات:
⦿ مغربی ہواؤں کے کمزور سے معتدل شدّت کے 4 سے 6
سلسلے متوقع ہیں، جن کا ٹکراؤ بھارت میں موجود مون
سون سے منسلک کم دباؤ کی نمی والی ہواؤں سے متوقع
ہے۔ چنانچہ بالخصوص ملک کے شمالی اور مغربی
علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ
باری کا امکان ہے۔ ایک سے دو مغربی ہواؤں کے سلسلوں
کی بدولت سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے جنوبی
حصّوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
⦿ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی معمول سے زیادہ
بارشوں کا امکان ہے، تاہم گزشتہ سال کے اکتوبر کی طرح
بڑے پیمانے پر ریکارڈ توڑ بارش متوقع نہیں۔
بارش کی مجموعی صورتحال کیا ہوگی؟
⦿ بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی خیبر
پختونخواہ (بالخصوص شمال مشرقی اور جنوب
مشرقی اضلاع) اور جنوبی سندھ میں اکتوبر کے پہلے 2
سے 3 ہفتوں میں بڑے پیمانے پر معمول سے زیادہ یا
کافی زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔ اکتوبر کے آخری 10 دن
پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں کافی خشک گزرتے
دکھائی دے رہے ہیں۔
⦿ کراچی کے کچھ علاقوں میں کم از کم ایک
بےموسمی بارش گرج چمک کیساتھ ہو سکتی ہے۔ جنوبی
اور وسطی سندھ اور بلوچستان میں بھی کہیں کہیں
ماہ کے وسط میں بےموسم بارش ہو سکتی ہے۔ مجموعی
طور پر بارش کی شدّت معتدل سے تیز ہوگی، البتّہ بعض
مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات موجود ہیں۔
درجہ حرارت کی صورتحال کیا ہوگی؟
⦿ خیبر پختونخواہ، پنجاب اور سندھ کے میدانی
علاقوں میں دن کے وقت گرمی برقرار رہیگی، تاہم راتیں
رفتہ رفتہ ٹھنڈی ہوتی جائیں گی، خاص طور پر اکتوبر
کے پہلے ہفتے کے آغاز سے، جب اوسطاً درجہ حرارت میں
کمی آنا شروع ہوگی۔ درج بالا علاقوں میں اوسطاً درجہ
حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری تک
ٹھنڈے رہیں گے۔
بلوچستان، خیبر پختونخواہ کے 5000 فٹ سے بلند
مقامات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دوسطاً درجہ
حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری ٹھنڈے رہنے کی توقع
ہے۔
⦾ ہمارے فیس بک پیج کو لائک کر کے اسکا حصّہ بنیں
اور پورے ماہ کی پیشگوئی مہینے کے آغاز میں ہی
حاصل کریں۔ اردو میں اپڈیٹس کیلئے ہماری ویب سائٹ
وزٹ کریں۔