تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / پیشگوئی (اگلے 7 دن): اچّھی خبر! ملک بھر میں رواں ہفتے کے اختتام پر برفباری، بارش، گرج چمک اور ہوائیں چلنے کا امکان

پیشگوئی (اگلے 7 دن): اچّھی خبر! ملک بھر میں رواں ہفتے کے اختتام پر برفباری، بارش، گرج چمک اور ہوائیں چلنے کا امکان

⦿ اطلاق؟

20 دسمبر رات 8 بجے سے 26 دسمبر شام 5 بجے تک۔

⦿ کیا ہونا ہے؟

مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع ہیں،

جو کہ رواں ہفتے کے آغاز سے اختتام تک ملک پر اثر

انداز ہونگے۔ چنانچہ پہاڑوں، سطح مرتفع اور افغان سرحد

سے ملحقہ علاقوں میں معتدل سے تیز بارش/ برفباری کا

امکان ہے۔ درج ذیل علاقوں میں چند مقامات پر گرج

چمک کے طوفان بھی بن سکتے ہیں۔

⦿ کونسے علاقے متاثّر ہونگے؟

خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان اور

پنجاب۔

 

تفصیلات:

⦾ آج رات سے بدھ کے درمیان مطلع زیادہ تر صاف

اور موسم خشک رہیگا جبکہ درجہ حرارت معمول سے 3

سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ ٹھنڈے رہیں گے۔ تاہم

جمعرات سے اگلے پیر کے درمیان مغربی ہواؤں کے

یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع ہیں، جن کے سبب

ملک کے شمالی اور وسطی نصف حصّوں میں بڑے

پیمانے پر ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی خیبر

پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں 6000 فٹ سے بلند

مقامات (استور، سکردو، گوپس، ہنزہ، نگر) میں کہیں کہیں

معتدل سے زیادہ شدّت کی برفباری ہو سکتی ہے۔ مری

میں 8000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری جبکہ مری

کے شہری علاقوں میں رات کے اوقات میں باقاعدہ

برفباری کی توقع ہے۔

خیبر پختونخواہ:

رواں ہفتے بروز سنیچر (ہفتہ) سے اگلے ہفتے پیر (27

دسمبر) کے درمیان بالائی اور جنوبی خیبر پختونخواہ میں ہلکی

سے معتدل بارش کا امکان ہے۔ متاثّر ہونے والے

علاقوں میں وادیِ پشاور، مردان، کوہاٹ، پاراچنار، بالائی

اور زیریں دیر، وادیِ سوات، ہزارہ، مالاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل

خان اور لکّی مروت کے علاقے شامل ہیں۔

ایبٹ آباد میں بھی اس دوران 25 ملی میٹر تک بارش

اور گیلی برف پڑ سکتی ہے، تاہم باقاعدہ برفباری کے

بھی امکانات موجود ہیں۔ البتّہ پشاور میں بارش کی مقدار

5 ملی میٹر سے کم رہنے کا امکان ہے۔

وادیِ کاغان، کالام، مالم جبّہ اور 7000 فٹ سے بلند

دیگر خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں شدید برفباری کا امکان

ہے، جبکہ ناران میں 1 سے 2 فٹ تک برف پڑ سکتی

ہے۔

برفباری کی حقیقی مقدار جاننے کیلئے ہمارے پیج اور ویب

سائٹ کو دیکھتے رہئیے گا کیونکہ گلوبل وارمنگ کے

جھوٹ میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینے والے ہمارے محکمہ

موسمیات نے اب برفباری کی مقدار بھی اصل سے

کافی کم رپورٹ کرنا شروع کر دی ہے، تاکہ محکمہ

موسمیات کے اعلیٰ حکّام بےشرمی کا مظاہرہ کرتے

ہوۓ لوگوں کو گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی معلومات

رپورٹ کر کے لوگوں کو یہ یقین دلا سکیں کہ اب

برفباری بھی پہلے سے کم ہونے لگی ہے۔

 

⦾ پنجاب اور آزاد کشمیر:

بالائی پنجاب اور جنوبی کشمیر بشمول اٹک، چکوال، میانوالی،

بھکّر، جہلم، گجرات، سرگودھا، خوشاب، منڈی بہاءالدّین،

سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور میرپور کے علاقوں میں کہیں

کہیں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔

مجموعی طور پر 5 سے 15 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ خطّہٰ

پوٹھوہار بشمول راولپنڈی اور اسلام آباد میں 10 سے 20

ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ البتّہ رواں ہفتے کے

وسط سے کم سے کم درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری

اضافے کا امکان ہے۔ چند ایک مقامات پر گرج چمک

کے طوفان بن سکتے ہیں، جن سے تیز ہوائیں چلنے اور

بعض مقامات پر تیز بارش کا بھی امکان ہے۔ ضلع

راولپنڈی کے مشرقی حصّوں، کوٹلی اور میرپور کے علاقوں

میں بھی کمزور شدّت کے گرج چمک کے طوفان بننے

کی توقع ہے۔

شمالی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور کشمیر کے زیادہ سے زیادہ

درجہ حرارت میں 3 سے 6 ڈگری کمی کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب میں راجنپور اور ڈی جی خان کے علاقوں

میں مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے کی توقع ہے

جبکہ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ سلیمان کے پہاڑوں

بشمول فورٹ منرو میں بھی برفباری و بارش کا امکان

ہے۔ کہیں کہیں 5 سے 10 ملی میٹر بارش بھی ہو سکتی

ہے۔ ملتان اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی مقدار 5 ملی

میٹر سے کم رہیگی البتّہ جنوب مشرقی پنجاب بالخصوص

ساہیوال، وہاڑی، بہاولپور اور رحیم یار خان میں رواں ہفتے

کے اختتام تک 5 سے 10 ملی میٹر سے زائد بارش کا

امکان ہے۔

⦾ بلوچستان:

صوبے کے شمال مشرقی علاقوں اور افغان سرحد سے

ملحقہ علاقوں بشمول صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں ہواؤں

کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ رواں ہفتے اوسطاً درجہ

حرارت میں 4 سے 8 ڈگری اضافہ اور پھر کمی کا امکان

ہے، جبکہ شمال مغرب کی سمت سے 30 سے 50

کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں کیساتھ 5 سے 10 ملی میٹر بارش

کی توقع ہے۔ زیارت میں 3 سے 6 انچ تک برف پڑ

سکتی ہے۔

بدھ سے پورے خطّے میں شمال مشرق کی سمت سے

40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی یخ بستہ ہواؤں کا راج

ہوگا۔ صوبے کے جنوب مغربی علاقوں بشمول تربت

(کیچ)، گوادر اور پنجگور کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر

ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

⦾ سندھ:

رواں ہفتے کے اختتام پر صوبے میں کہیں کہیں بارش

کا امکان ہے، بالخصوص کیرتھر کے پہاڑوں کے دامن

میں واقع علاقوں اور مغربی میدانی علاقوں بشمول دادو،

نوشہرو فیروز، جامشورو اور ملحقہ علاقوں میں۔ کراچی اور

حیدرآباد میں بھی اس دوران ہلکی بارش یا بوندا باندی کی

توقع ہے۔

صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہیگا جبکہ

شمالی سندھ بشمول سکّھر اور نوابشاہ میں دھند بھی پڑ سکتی

ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام سے اگلے ہفتے کے آغاز

کے دنوں میں صوبے کے زیادہ تر حصّوں میں زیادہ

سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ

کمی متوقع ہے۔

 

⦿ اس متوقع موسمی سرگرمی کے آغاز سے قبل تفصیلی

پیشگوئی انشاءاللّه پوسٹ کر دی جاۓ گی۔

About Taha Amerjee

Check Also

27 جنوری 2025: متوقع موسمی صورتحال کے پیشِ نظر کسانوں کی رہنمائی

یہ پوسٹ خاص طور پر خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے بارانی علاقوں کے کسانوں کیلئے تیّار …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے