طوفان پر رپورٹ: 25 جون کی رات راولپنڈی شہر کے جنوبی حصّوں میں گرج چمک کے طاقتور طوفان تشکیل پاۓ اور شمال مغرب کی سمت میں بڑھے، جن کے سبب بحریہ ٹاؤن فیز 2، پنڈی شہر میں نصب ہمارے موسمی سٹیشن پر 83 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی ریکارڈ کی گئی، جس کے ساتھ انتہائی تیز بارش بھی ہوئی۔ حالانکہ مغربی ہواؤں نے 30 منٹ بعد براستہ اٹک اسلام آباد شہر کو متاثّر کیا۔ 80 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی طاقتور آندھی کیساتھ شہر میں انتہائی شدید بارش ہوئی، جس کی شدّت وسطی اسلام آباد شہر کی جانب مزید بڑھ رہی تھی، جہاں G-8/2 اور H-8/2 میں 35 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
اسکے بعد گرج چمک کے طوفان نے پنڈی شہر کو متاثّر کیا، باالخصوص شہر کے جنوب مشرقی سرے کو جہاں بحریہ ٹاؤن فیز 2 میں نصب ہمارے موسمی سٹیشن پر 29 ملی میٹر بارش جبکہ چکلالہ ائیربیس پر 34.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ راولپنڈی میں آندھی کا دورانیہ طویل تھا، جہاں شہر کے مشرقی حصّوں میں 3 گھنٹوں تک 55 سے 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ چلتے رہے۔
دیر شام تک مغربی ہواؤں کے باقائدہ پہنچ جانے کے بعد کہیں کہیں یا بڑے پیمانے پر بالائی خیبر پختونخواہ، پنجاب، آزاد کشمیر کے زیادہ تر حصّوں، جنوب مغربی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بننے والے گرج چمک کے طوفانوں سے معتدل سے تیز بارش ہوئی۔
ضلع راولپنڈی میں گرج چمک کے 2 طوفان متاثّر کئے تاہم واہ کینٹ اور بسالی گاؤں میں صرف ایک سلسلے ہی نے متاثّر کیا۔ بسالی گاؤں میں نصب ہمارے موسمی سٹیشن پر 51 ملی میٹر جبکہ واہ ماڈل ٹاؤن میں نصب ہماری رین گیج پر 32 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسکے علاوہ گجر خان میں لگی ہماری رین گیج پر بھی 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ساتھ تیز آندھی بھی تھی۔
میانوالی میں بھی گرج چمک کے طوفان تشکیل پاۓ جو کہ خوشاب پہنچتے پہنچتے کافی طاقتور ہو گئے۔ جوہرآباد میں 14 ملی میٹر بارش کیساتھ کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ یہ شدید طوفان منڈی بہاءالدّین، حافظ آباد اور گوجرانوالہ کی جانب تیزی سے بڑھے تاہم لاہور تک آتے آتے انکی شدّت کافی کم تھی، جہاں محض مٹّی کا طوفان ہی آ سکا۔ البتّہ بحریہ ٹاؤن لاہور میں نصب موسمی سٹیشن پر 15 ملی میٹر بارش کیساتھ کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
مظفّرآباد ائیرپورٹ پر بھی 27 ملی میٹر جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 15.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ سیالکوٹ ائیرپورٹ پر بھی 22 ملی میٹر بارش کیساتھ کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ منگلا میں 20 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 15.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک آ گرا! پشاور ائیرپورٹ پر بھی زیادہ سے زیادہ آندھی کی رفتار 74 کلومیٹر فی گھنٹہ شمال مغرب کی سمت سے ریکارڈ کی گئی۔