آئندہ 10 روز کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور صاف رہنے کا امکان ہے۔ 25 اور 26 نومبر کو خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا، ملک میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
درجہ حرارت معمول کے قریب یا معمول سے تقریباً 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ سردی کی کسی شدید لہر کی توقع نہیں، تاہم دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں فرق برقرار رہ سکتا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں خشک موسم برقرار رہے گا۔
کسانوں کے لیے خصوصی ہدایات
1. گندم کی پہلی آبپاشی فصل کی بہتر نشوونما اور زیادہ پیداوار کے لیے نہایت اہم ہے۔ کسان حضرات اپنی فصل کی عمر، زمین کی ساخت اور وتر کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی آبپاشی کا بروقت انتظام کریں اور جہاں فصل کو پانی کی ضرورت ہو وہاں جلد از جلد آبپاشی کریں۔
2. گندم کی فصل میں دوسری قسط کے طور پر نائٹروجن کھاد (یوریا) کا استعمال پہلی آبپاشی کے مناسب وقت پر کریں تاکہ پودوں کی شاخیں نکلنے اور بہتر بڑھوتری میں مدد مل سکے۔ کھاد کی مقدار زمین کی زرخیزی اور پہلے استعمال شدہ کھاد کو مدنظر رکھ کر مقرر کریں۔
3. دن اور رات کے درجہ حرارت میں فرق کے باعث ٹنل میں کاشت کی گئی سبزیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ کسان حضرات درجہ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹنل کی پلاسٹک شیٹ کو کھولنے اور بند کرنے کا مناسب انتظام کریں۔ دن کے وقت ضرورت کے مطابق ہوا کی آمدورفت یقینی بنائیں اور رات کے وقت سردی سے بچاؤ کے لیے ٹنل بند رکھیں۔
4. پھلدار درختوں کی بہتر صحت اور موسمی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ضرورت کے مطابق مناسب مائیکرو نیوٹرینٹس اور امائنو ایسڈ کا سپرے کریں۔ سپرے ہمیشہ متعلقہ مصنوعات کی تجویز کردہ مقدار اور احتیاطی تدابیر کے مطابق کریں۔
5. بارش نہ ہونے اور خشک موسم کے پیش نظر دیگر کھڑی فصلوں، سبزیوں اور چارے وغیرہ کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کا انتظام کریں۔ زمین کی نمی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور پانی کے ضیاع سے بچیں۔
6. دن اور رات کے درجہ حرارت میں فرق کے باعث جانور موسمی دباؤ اور بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ جانوروں کو رات کے وقت سرد ہوا سے محفوظ، خشک اور مناسب ہوادار جگہ پر رکھیں۔ صاف پانی، متوازن خوراک اور مناسب دیکھ بھال یقینی بنائیں۔
7. خشک موسم میں نئے لگائے گئے پودوں، نرسریوں اور کم عمر پودوں میں نمی کی کمی نہ ہونے دیں۔ ضرورت کے مطابق آبپاشی کریں اور پودوں کو غیر ضروری موسمی دباؤ سے بچانے کے لیے مناسب دیکھ بھال جاری رکھیں۔
8. کسان بھائی موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں اور بہتر پیداوار کے لیے بروقت زرعی سفارشات پر عمل کریں۔
9. مزید زرعی معلومات، سفارشات اور مشوروں کے لیے محکمہ زراعت، شعبہ توسیع سے رابطہ کریں۔
ڈاکٹر جان محمد محکمہ زراعت خیبر پختونخوا
Weather Busters Pakistan موسم کا حال