Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / 7 جون تا 13 جون 2026, ہفتہ وار موسمی پیشگوئی: شدید گرمی کا انتباہ، جنوبی و وسطی پنجاب میں 120 سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تباہ کن گرد آلود آندھی کا امکان

7 جون تا 13 جون 2026, ہفتہ وار موسمی پیشگوئی: شدید گرمی کا انتباہ، جنوبی و وسطی پنجاب میں 120 سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تباہ کن گرد آلود آندھی کا امکان

ہفتہ وار موسمی پیشگوئی: شدید گرمی کا انتباہ، جنوبی و وسطی پنجاب میں 120 سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تباہ کن گرد آلود آندھی کا امکان
⦿ مدت: 7 جون تا 13 جون 2026
⦿ صورتحال کیا رہے گی؟:
جون کے معمول کے مطابق موسم نہایت گرم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم 11 سے 13 جون کے دوران دو مغربی ہواؤں کے سلسلے پاکستان کو متاثر کریں گے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے شدید سے انتہائی شدید گرد آلود آندھیوں اور گرج چمک کے طوفانوں کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر یہ طوفان انتہائی طاقتور گرد آلود آندھی کی شکل اختیار کر سکتے ہیں، جن کے ساتھ کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ ان طوفانوں کے بعد درجہ حرارت میں 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آسکتی ہے۔


⦿ کہاں ہو گا؟/ علاقہ:
پورے ملک کیلئے پیشگوئی
⦾ خلاصہ:
آج سے درجہ حرارت میں اضافہ شروع ہوگیا ہے اور 11 جون تک مسلسل بڑھتا رہے گا جو کہ اکثر علاقوں میں گرم ترین دن ہوسکتا ہے۔ مغربی ہواؤں کی آمد سے قبل درجہ حرارت معمول سے 5 تا 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا۔ وسطی پاکستان کے کئی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے طوفان شدید اور خطرناک نوعیت اختیار کرسکتے ہیں، لہٰذا احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ جون کے وسط میں ملک کے مختلف حصوں میں موسم مزید غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔


خیبرپختونخوا:
صوبے کے تقریباً 60 فیصد میدانی علاقوں بشمول بنوں، ڈی آئی خان، لکی مروت، پشاور، مردان، کوہاٹ اور سوات، ہزارہ اور مالاکنڈ کی وادیوں میں تیز سے شدید گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
گرد آلود آندھیوں کے دوران خصوصاً وسطی اور جنوبی خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 90 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چل سکتے ہیں۔

آئندہ ہفتے کے اختتام پر اور اس کے بعد درجہ حرارت میں 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ ہزارہ، مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں میں بعض مقامات پر 25 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔

پنجاب اور کشمیر: جنوبی اور وسطی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، احمد پور، ساہیوال، جھنگ، شورکوٹ، لودھراں، خانیوال اور پاکپتن میں شدید ترین گرد آلود آندھیوں اور گرج چمک کے طوفانوں کا سب سے زیادہ امکان ہے۔موسم کا حال کی پیشگوئی کے مطابق ان علاقوں میں 120 تا 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے انتہائی خطرناک جھکڑ چل سکتے ہیں اور طوفان شدید تباہ کن شکل اختیار کرسکتے ہیں۔

چونکہ ان علاقوں میں درجہ حرارت 45 تا 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، اس لیے انتہائی طاقتور گرد آلود آندھی کے امکانات موجود ہیں۔

دوسرے درجے کے شدید طوفانوں کا امکان فیصل آباد، لاہور، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، میانوالی، بھکر اور ڈیرہ غازی خان اور انکے گردونواح کے اضلاع میں تشکیل پا سکتے ہیں، جن میں 100 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔

بالائی پنجاب بشمول اٹک، راولپنڈی/ اسلام آباد، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور ملحقہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں 90 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکڑ متوقع ہیں، جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں نسبتاً زیادہ طاقتور ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد مختلف مقامات پر 10 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں نمی کی فراہمی زیادہ ہونے کے باعث کہیں کہیں اس سے زیادہ بارش بھی ہوسکتی ہے اور پہاڑوں پر 10 جون سے ہی گرج چمک کے طوفان بننا شروع ہوسکتے ہیں۔
صوبے میں مجموعی طور پر 5 تا 15 ملی میٹر بارش متوقع ہے، تاہم بعض مقامات مکمل طور پر خشک بھی رہ سکتے ہیں۔ مغربی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں 5 تا 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔

بلوچستان
شمالی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں 11 جون تک گرم اور صاف موسم رہنے کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے اوقات میں 50 تا 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس کے باعث کوئٹہ اور ملحقہ اضلاع میں گرد آلود جھکڑ چل سکتے ہیں۔ لورالائی، بارکھان، ہرنائی، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں شدید گرج چمک کے طوفان کے ساتھ، 70 تا 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
شمال مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت میں 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی مغربی ہواؤں کے متاثر کرنے کی وجہ سے آسکتی ہے۔ تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 تا 48 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے، جبکہ پورے ہفتے درجہ حرارت عموماً 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر رہ سکتا ہے۔ جنوبی اور جنوب مشرقی بلوچستان خصوصاً خضدار کے علاقوں میں کہیں کہیں گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے طوفان متوقع ہیں۔

گوادر میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی سمندری ہوائیں کے باعث درجہ حرارت کو 33 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

سندھ
صوبے کے شمالی اور مغربی علاقوں میں گرد آلود آندھیوں اور گرج چمک کے طوفانوں کا امکان ہے، جن کے دوران جھکڑوں کی رفتار 100 تا 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
7 سے 11 جون کے دوران سب سے زیادہ گرمی شمال مغربی سندھ میں متوقع ہے، جہاں: دادو: 49 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ لاڑکانہ، جیکب آباد اور نوابشاہ: 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ
سکھر اور حیدرآباد: 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ ،درجہ حرارت ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
جنوبی اور وسطی سندھ کے کئی علاقوں میں نمی میں اضافے کے باعث ہیٹ انڈیکس (محسوس ہونے والا درجہ حرارت) 65 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

کراچی اور حیدرآباد میں مطلع جزوی ابر آلود تا زیادہ تر دھوپ رہے گی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے جبکہ بدھ کو نمی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
جنوبی سندھ میں بارش کے امکانات نہایت کم ہیں۔

About amnausmani

Check Also

3 جون 2026 : پوٹھوہار سے سندھ تک گرج چمک کے طوفان، روہڑی میں 104 کلومیٹر فی گھنٹہ کی شدید آندھی، بسالی، راولپنڈی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ

ملک کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں اور مقامی موسمی نظام کے زیرِ اثر شدید …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے