Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / 24 اپریل 2026 : اگلے 7 دنوں کا موسمی جائزہ / آندھی کی انتباہ / بلند درجہ حرارت کی انتباہ

24 اپریل 2026 : اگلے 7 دنوں کا موسمی جائزہ / آندھی کی انتباہ / بلند درجہ حرارت کی انتباہ

ملک کے جنوبی حصّوں میں معمول سے زیادہ گرمی، تاہم شمالی اور وسطی علاقوں میں اس ہفتے روانی سے گرد اور گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات ہیں۔ کہیں کہیں بارش بھی متوقع ہے۔

⦿ کہاں ہونا ہے؟
پورے ملک میں۔

⦿ اطّلاق: 23 اپریل تا 30 اپریل 2026

⦿ خلاصہ:
ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل سے ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 25 اپریل تک جاری رہے گا۔ کم از کم دو اور مغربی سلسلے اثر انداز ہو سکتے ہیں: پہلا 27 سے 28 اپریل جبکہ دوسرا 29 اپریل سے یکم مئی کے درمیان۔
ملک کے زیادہ تر علاقوں بالخصوص جنوبی علاقوں (سندھ اور بلوچستان) میں موسم گرم سے انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہو سکتے ہیں۔ بالائی پنجاب، خیبرپختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مذکورہ مدّت کے دوران مطلع جزوی سے زیادہ تر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

اگلے ہفتے کے دوران دن اور شام کے اوقات میں بالائی ، وسطی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور جنوبی پنجاب میں ایک یا اس سے زائد مرتبہ 60 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود آندھی چلنے کا امکان ہے۔ ملتان میں آج گرد آلود آندھی آ چکی ہے اور آئندہ ہفتے جنوبی پنجاب میں اس نوعیت کی مزید آندھیاں متوقع ہیں۔ مہینے کے آخر میں مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت ان علاقوں میں ہلکی سے معتدل شدّت کی بارش (2 سے 5 ملی میٹر تک) ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخواہ کے شمالی حصّوں اور کشمیر میں بعض مقامات پر 10 سے 15 ملی میٹر بارش ہو نے کا امکان ہے۔

تفصیلات:
⦿ پنجاب:
درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، البتّہ متوقع مغربی ہواؤں کے سلسلے درجہ حرارت کو مزید بڑھنے سے روکیں گے۔ ہر مغربی سلسلے کے نتیجے میں درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری کمی ہو سکتی ہے، جس کے بعد دوبارہ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور ملحقہ اضلاع میں رواں ہفتے درجہ حرارت تقریباً روزانہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر پہنچنے کا امکان ہے۔ آئندہ ہفتے کے دوران 3 مغربی سلسلوں کے زیرِ اثر موسم غیر مستحکم رہے گا۔ پنجاب بھر میں گرد آلود آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ خصوصاً پوٹھوہار کے علاقوں راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، تلاگنگ، اٹک، میانوالی اور جہلم کے اضلاع میں گرج چمک کیساتھ بارش کے امکانات زیادہ ہیں۔ طاقتور گرد آلود آندھی کے جھکّڑ وسطی پنجاب ، سرگودھا، خوشاب اور جھنگ میں متوقع ہیں، جہاں کم از کم 2 مرتبہ آندھی کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ بالائی پنجاب میں ژالہ باری کے ساتھ بارش کا معتدل امکان ہے۔
ممکنہ بارش کی مقدار اور درجہ حرارت کا معمول سے فرق جاننے کیلئے تصاویر 1 اور 3 دیکھیں۔

عام طور پر بارشیں پہاڑوں کے قریبی علاقوں یعنی صوبے کے شمالی اور مغربی حصّوں میں نسبتاً زیادہ متوقع ہیں، تاہم 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی گرد آلود آندھی زیادہ تر علاقوں کو متاثّر کر سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر جھکّڑ 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں جیسا کہ جنوبی پنجاب، جہاں کہیں کہیں بارش بھی متوقع ہے۔ مجموعی طور پر جنوب مشرق کی سمت میں بارش کی شدّت کم ہوتی جاۓ گی۔ ژالہ باری کے امکانات کم ہیں۔ ملتان اور ڈی جی خان میں بارش کا کچھ امکان موجود ہے، جبکہ ساہیوال، بہاولپور، راجنپور اور رحیم یار خان میں امکانات مزید کم ہیں، جہاں گرد آلود آندھی آسکتی ہے۔
پنجاب میں گرد آلود آندھیوں میں زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔
ممکنہ بارش کی مقدار اور درجہ حرارت کا معمول سے فرق جاننے کیلئے تصاویر 1 اور 3 دیکھیں۔

⦿ شمالی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:
اگلے ہفتے یعنی 24 اور 25 اپریل، 27 سے 28 اپریل اور دوبارہ 29 اپریل سے یکم مئی کے درمیان گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، جہاں میدانی علاقوں میں آندھی کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ درجہ حرارت میں چنانچہ 3 سے 5 ڈگری تک کمی متوقع ہے، تاہم ہر سلسلے کے بعد درجہ حرارت دوبارہ سے بڑھ کر معمول سے 2 ڈگری تک زیادہ ہو سکتا ہے۔ مظفّرآباد اور ایبٹ آباد میں 3 یا 4 مرتبہ گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جس سے موسم مختصر وقت کیلئے خوشگوار ہو سکتا ہے مگر بادل چھٹتے ہی دھوپ میں تپش محسوس ہوگی۔ (تصویر 3 دیکھیں)۔ وادیِ پشاور، مردان اور کوہاٹ کے علاقوں میں بھی گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک طوفان 3 مرتبہ تک اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ مغربی ہواؤں کے باعث پشاور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مہینے کے آخر تک بھی 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہی رہنے کا امکان ہے۔
ممکنہ بارش کی مقدار اور درجہ حرارت کا معمول سے فرق جاننے کیلئے تصاویر 1 اور 3 دیکھیں۔

⦿ بلوچستان:
صوبہ بھر میں تیز ہوائیں چلتی رہیں گی۔ کوئٹہ میں کئی دن تک شمال مغرب کی سمت سے 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوائیں متوقع ہیں۔ مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ 27 اور 28 اپریل اور پھر دوبارہ 29 اپریل سے یکم مئی کے درمیان گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ یہ موسمی سرگرمیاں ژوب، کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللّٰه اور ملحقہ علاقوں میں بھی رونما ہو سکتی ہیں۔ مشرقی، وسطی اور شمال مشرقی بلوچستان بشمول خضدار، پنجگور، اواران، لسبیلہ اور ملحقہ علاقوں میں اس ہفتے دوپہر کے وقت 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلتے رہنے کا امکان ہے۔
گوادر سمیت صوبے کے جنوب مغربی علاقوں میں موسم خشک اور درجہ حرارت 32 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے جبکہ جنوب مغرب کی سمت سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ متوقع ہیں۔ تربت میں اس ہفتے گرمی کی شدّت زیادہ رہے گی، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 تا 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ عام طور پر صوبہ بھر میں دوپہر کے وقت ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کی توقع ہے۔ شمالی اور مغربی علاقوں میں اس ہفتے کا اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بارش کی ممکنہ مقدار اور درجہ حرارت کا معمول سے فرق جاننے کیلئے تصاویر 2 اور 4 دیکھیں۔

 

⦿ سندھ:
صوبے کے وسطی، شمالی اور مغربی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل دن کے وقت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ 26 اور 27 اپریل تک دادو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 47 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ سکّھر میں 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ایک اور بہت گرم دن (3 سے 5 ڈگری معمول سے زیادہ) کے بعد 26 اپریل سے مطلع جزوی سے زیادہ تر مطلع ابر آلود متوقع ہے۔ صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع (جیکب آباد، سکّھر، لاڑکانہ، دادو، نوابشاہ اور نوشہرو فیروز) میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی گرد آلود آندھی کے امکانات ہیں جبکہ 27 اور 28 اپریل کو درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری کی کمی متوقع ہے۔ اسکے باوجود درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری تک زیادہ ہی پہنچتے نظر آ رہے ہیں! گرمی کی شدّت میں کسی بڑی کمی کی توقع نہیں۔ حیدرآباد اور میرپور خاص کے علاقوں میں بھی درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جہاں جنوب مغرب کی سمت سے 40 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز، نم آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

 

کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ (معمول کے قریب) رہنے کی توقع ہے جبکہ اور مغرب/ جنوب مغرب کی سمت سے 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں جاری رہیں گی۔
تصاویر 2 اور 4 میں ممکنہ بارش کی مقدار اور درجہ حرارت کا معمول سے فرق جانیں۔

 

💨 تیز آندھی کی انتباہ!
یہ ان علاقوں میں عائد ہوگی، جہاں آندھی کی رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ پہنچنے کا خدشہ ہے، جس میں وسطی اور جنوبی پنجاب کے کچھ علاقے شامل ہیں۔ اس رفتار کی آندھی نقصانات کا سبب بن سکتی ہے۔ تیز ہواؤں کے دوران ہمیشہ محفوظ پناہ گاہ ڈھونڈیں۔

 

🌡 گرمی کی انتباہ!
سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں اور پنجاب کیلئے نافذ العمل ہے، جہاں درجہ حرارت میں اچانک اضافہ جسم پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔ دھوپ میں مسلسل کام کے دوران کی صورت میں بار بار وقفے لیں، پانی زیادہ سے زیادہ پیئییں اور جہاں تک ممکن ہو چھاؤں میں کام کریں یا چھتری کا استعمال کریں ،سراور گردن کوگیلے کپڑے سے ڈھانپیں۔

About amnausmani

Check Also

23 اپریل 2026 : ملک بھر میں شدید گرمی برقرار، تربت میں درجۂ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا، اپنے شہر کے درست درجہ حرارت جانئیے

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج بھی شدید گرمی  برقرار رہی اور درجۂ حرارت …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے