Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / 4 جنوری 2026 : ماہانہ پیشگوئی (جنوری 2026): ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں بارشیں اور برفباری متوقع!

4 جنوری 2026 : ماہانہ پیشگوئی (جنوری 2026): ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں بارشیں اور برفباری متوقع!

ماہانہ پیشگوئی (جنوری 2026): ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں بارشیں اور برفباری متوقع!

⦿ خلاصہ: جنوری کا پہلا نصف حصّہ زیادہ تر سرد اور خشک گزرنے کا امکان ہے، سواۓ یکم جنوری کے۔ تاہم وسط جنوری کے بعد سے پاکستان کے زیادہ تر علاقوں بالخصوص بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب میں موسم سرد رہنے کے ساتھ ساتھ بارشیں/ برفباری بھی متوقع ہیں۔ سندھ اور جنوب مشرقی پنجاب میں بھی بارش کے 1 سے 2 سلسلے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
جدید ترین موسمیاتی ماڈل ECMWF کی مدد سے موسم کا حال نے جنوری 2026 کی یہ ماہانہ پیشگوئی تیّار کی ہے۔

تفصیلات:
⦿ رواں ماہ مغربی ہواؤں کے 5 سے 8 سلسلے متوقع ہیں، جبکہ پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں ابر آلودگی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ بارش اور برفباری کے زیادہ تر سلسلے 15 یا 16 جنوری کے بعد سے متوقع ہیں۔ مہینے کے پہلے نصف حصّے میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے سرد رہنے کی توقع ہے۔

⦿ بلوچستان کے بالائی اور مغربی علاقوں، خیبر پختونخواہ, پنجاب ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں بارش / برفباری معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم سندھ اور جنوبی پنجاب بشمول ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم متوقع ہیں۔ گُو کہ صوبہ سندھ میں بارش کے خاطر خواہ امکانات نہیں، البتّہ صوبہ کے مغربی علاقوں میں 1 سے 2 بارش کے سلسلے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

⦿ گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ کے 5000 فٹ سے بلند مقامات اور بلوچستان میں 7000 فٹ سے بلند شمالی پہاڑی علاقوں میں معمول سے زیادہ برفباری کا امکان ہے۔ البتّہ گلیات، مری اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں معمول سے تھوڑا کم برفباری ہونے کا امکان ہے۔

⦿ درجہ حرارت کی صورتحال کی بات کی جاۓ تو پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 0 سے 2 ڈگری تک کم رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان کے بلند مقامات، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور کشمیر میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری کم رہنے کی توقع ہے۔ رواں ماہ 1 سے 2 سردی کی لہریں ملک بھر میں اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

⦿ موسم کا حال کے تجزئے کے مطابق مستحکم موسمی صورتحال کے سبب سموگ کا مسئلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ ایئر کوالٹی انڈکس (AQI) 200 سے تجاوز کرنے کی صورت میں حسّاس افراد ماسکس لازمی پہنیں۔ یہ صورتحال بالخصوص لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد کے علاقوں میں رونما ہونے کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔ گھروں کے اندر ایئر پیورفائرز کا استعمال کریں تاکہ آلودہ ہوا جمع نہ ہو۔

⦿ رواں مہینے جن علاقوں میں موسمی سرگرمیاں رونما ہونگی وہاں ہواؤں کی رفتار معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔

⦿ ہوا میں نمی کا تناسب بھی زیادہ تر علاقوں میں معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے جبکہ خشک علاقوں میں بھی ہوا میں نمی معمول کے قریب رہنے کی توقع ہے۔

⦾ ہمارے پیج کو لائک اور فالو کریں اور اردو میں اپڈیٹس اور پیشگوئی کیلئے ہماری ویب سائٹ وزٹ کریں۔

About amnausmani

Check Also

18 فروری 2026 : مغربی سلسلہ کمزور، سندھ اور بلوچستان کے چند علاقوں میں بارش۔ ٹھٹھہ میں 21 ملی میٹر ریکارڈ

  موجودہ مغربی ہواؤں کے کمزور سلسلے کے زیرِ اثر ملک کے جنوبی اور مغربی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے