ہفتہ وار پیشگوئی: بالائی علاقوں میں بارشیں ، موسم زیادہ تر ابرآلود اور درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر کم ہونے کا امکان!
میعاد: 12 اکتوبر سے 19 اکتوبر 2024
کہاں؟ : ملک بھر میں
تفصیلات:
⦿ یکے بعد دیگرے 2 مغربی ہواؤں کے سلسلے پاکستان کے بالائی اور وسطی حصوں کو متاثر کریں گے! 14 تاریخ سے شروع ہونے والا سلسلہ بالائی خیبر پختونخواه، گلگت بلتستان اور سابقہ شمالی قبائلی علاقوں میں چند مقامات پر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا سبب بن سکتا ہے۔ 15 اور 16 اکتوبر کو یہ سلسلہ بالائی پنجاب، کشمیر تک پھیل جائے گا۔ جڑواں شہروں سمیت پشاور سے لے کر لاہور تک مختلف مقامات پر کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بعض مقامات پر بجلی گرنے اور ژالہ باری کے واقعات بھی رونما ہو سکتے ہیں۔ اس دوران ملک کے وسطی علاقوں میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ، جن میں جنوب مغربی پنجاب کے ساتھ ساتھ ژوب، کوئٹہ، ڈی آئی خان کے علاقے بھی شامل ہیں۔
⦿ ملک کے بیشتر بالائی نصف حصوں میں 5 سے 10 ملی میٹر کی بارش متوقع ہے ، جس میں ملک کے شمال مغربی حصوں، خیبر پختونخوا میں افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں اور گلگت بلتستان کے مغربی علاقے شامل ہیں، جہاں چند مقامات پر 20 ملی میٹر تک کی اچھی بارش متوقع ہے، اسی طرح 8،500 فٹ سے زیادہ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں /آندھی بھی چل سکتی ہے ، خاص طور پر میدانی علاقوں ، مہمند، کرم، پارا چنار، چترال، لوئر اور اپر دیر، خیبر، ہنگو، کرک اور شمالی وزیرستان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔
⦿ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے زرعی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا جبکہ خوشگوار راتیں اسی طرح جاری رہنے کا امکان ہے۔ اگلے ہفتے کے آخر تک، دن اور رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی ہونے کی توقع ہے۔
⦿ سندھ میں اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ صوبے کے جنوبی علاقوں میں ہوا میں نمی کا باعث بن رہا ہے۔ ہوا کے اسی کم دباؤ کی وجہ سے جنوب مشرقی علاقوں میں، کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ ڈیپلو، نگرپارکر، مٹھی اور عمرکوٹ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کی توقع ہے مگر جنوب مشرقی علاقوں کی طرف بارش کا زیادہ امکان ہے۔
کراچی میں اکتوبر کے مہینے میں درجہ حرارت معمول سے تھوڑا کم رہے گا۔ اس ہفتے 30 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ بارش کا امکان کم ہے۔
⦿ بلوچستان میں، زیادہ بارش ہونے کا خاطر خواہ امکان نہیں ہے ۔ مغربی ہواؤں کے گزرنے کی وجہ سے دوپہر کے وقت تیز ہوائیں چلیں گی، خاص طور پر 16 اور 17 اکتوبر کو جب شمال مغرب سے آسمان صاف ہو گا تو 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل سکتی ہیں! اس سے جنوبی پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔