⦿ کب ہونا ہے؟
11 اپریل صبح 8 بجے سے 18 اپریل رات 9 بجے تک۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟
خیبر پختونخواہ کے تمام علاقے، آزاد کشمیر، پنجاب، شمالی اور مشرقی بلوچستان اور سندھ کے زیادہ تر علاقے۔
کیا ہونا ہے؟
13 یا 14 اپریل سے مغربی ہواؤں کے ایک سلسلے کی بدولت درج ذیل موسمی صورتحال متوقع ہے:
🌩 پاکستان کے شمالی اور مغربی حصّوں میں گرد اور گرج چمک کے طوفانوں کیساتھ بارش، ژالہ باری، تیز ہوائیں
🌧 وسطی اور جنوبی خیبر پختونخواہ اور شمالی اور مشرقی بلوچستان میں ہلکی سے معتدل بارش
🚩🌩 سندھ کے میدانی علاقوں میں طاقتور مٹّی کے طوفان، جن میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
تفصیلات:
⦾ 11 سے 13 اپریل کے درمیان درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، جس کے بعد مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک بھر میں اثر انداز ہو سکتا ہے۔
⦾ بلوچستان: 12 سے 14 اپریل کے درمیان گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان۔
مشرقی اور شمالی علاقوں بشمول ژوب، لورالائی، کوئٹہ، سبّی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، نصیرآباد اور لسبیلہ کے علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ درج بالا علاقوں میں 15 سے 40 ملی میٹر تک کی معتدل سے تیز بارش ہو سکتی ہے، جس کی شدّت شمال مشرق کی سمت میں زیادہ ہوگی۔ کم از کم 2 گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں جن میں زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ بھی ہوگا۔ درج ذیل تصویر دیکھیں:
دن کے درجہ حرارت شمال مشرقی پہاڑوں میں معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ مکران کی ساحلی پٹّی بشمول گوادر میں معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہیگا۔
⦾ شمالی پنجاب: اگلا پورا ہفتہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات ہیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان پورا ہفتہ متاثّر کر سکتے ہیں۔ تاہم 13 یا 14 اپریل سے نسبتاً طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات ہونگے، جن سے جڑواں شہروں، اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم کے علاقوں میں اگلے 4 دنوں میں بعض مقامات پر چھوٹے حجم کی ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ چند مقامات پر طاقتور گرج چمک کے طوفان گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال کے علاقوں کو بھی متاثّر کر سکتے ہیں۔ طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کے سب سے زیادہ امکانات 13 سے 15 اپریل کے درمیان ہیں۔ درج ذیل تصاویر دیکھیں:
ان طوفانوں کیساتھ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی چلنے، آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کا اندیشہ بھی ہو سکتا ہے۔ گرج چمک کے 2 سے 3 طوفان اثر انداز ہو سکتے ہیں، جن سے 10 سے 25 ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔ متوقع موسمی سرگرمی کے دن درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔
⦾ جنوبی پنجاب: موسمی سرگرمیاں رونما ہونے کیساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان۔
گرد اور گرج چمک کے طوفانوں کیساتھ ژالہ باری 14 سے 16 اپریل کے درمیان بعض مقامات پر ہو سکتی ہے جن میں راجنپور، سلیمان کے پہاڑی سلسلے بشمول ڈی جی خان، مظفّرگڑھ، بھکّر، لیّہ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، وہاڑی، پاکپتّن اور رحیم یار خان کے علاقے شامل ہیں۔ آندھی کی رفتار 75 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے شدید طوفان متوقع ہیں، جن کی شدّت اور دورانیہ بالائی پنجاب سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔
زرعی علاقوں میں اگلے ہفتے ابر آلودگی اور ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ زیادہ تر اوقات مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ ہفتے کے اختتام پر موسم مکمّل ابر آلود ہوگا۔ 15 اپریل کو شمال مشرق کی سمت سے 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ متوقع ہیں۔
⦾ خیبر پختونخواہ: اگلا پورا ہفتہ خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں اور پہاڑوں پر چند مقامات پر یا کہیں کہیں ہلکی سے معتدل شدّت کے کئی گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں، جن میں پشاور، مردان، ہزارہ (ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور کوہاٹ کے علاقے شامل ہیں۔ صوبے کے جنوبی علاقوں بشمول بنّوں اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے طوفان کی شدّت زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ اگلے 4 دنوں میں بلند مقامات پر 25 سے 40 ملی میٹر بارش جبکہ میدانی علاقوں میں 10 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ گرج چمک کے طوفان بنتے رہنے کی صورت میں اولے پڑنے اور آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ قائم رہیگا۔ طوفان کے دوران 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں بھی متوقع ہیں۔
⦾ آزاد کشمیر اور پہاڑی خیبر پختونخواہ: باغ، پونچ، کوٹلی اور میرپور سے شمال میں مظفرآباد اور نیلم تک گرج چمک کے طوفان کے سبب کہیں کہیں ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔ موسمِ بہار کے طرز پر دوپہر یا شام کے وقت وادیِ سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفّرآباد اور وادیِ نیلم میں ٹھنڈی بارش کی توقع ہے۔ تیز بارش کا کہیں کوئی امکان نہیں۔ تاہم جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود موسم جاری رہیگا جبکہ دن کے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔
⦾ سندھ: 15 اور 16 اپریل کو صوبے کے باالخصوص وسطی اور جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں یا بڑے پیمانے پر گرج چمک کے طوفان بننے کی توقع ہے جو کہ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، دادو، ٹنڈو محمّد خان، ٹنڈو اللّه یار، بدین، ٹھٹّھہ، میرپورخاص اور تھرپارکر کے علاقوں کو متاثّر کر سکتے ہیں۔ شمال مغرب کی سمت سے طاقتور مٹّی کے طوفان کیساتھ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی اور بعض مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
جیکب آباد، سکّھر، نوابشاہ، لاڑکانہ، خیرپور اور ملحقہ شمالی اضلاع میں گرد اور گرج چمک کیساتھ ژالہ باری اور بارش کا امکان ہے، جس کے امکانات مغربی علاقوں میں زیادہ ہونگے۔ مٹّی کے طوفان کیساتھ تیز ہوائیں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جو کہ معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے، جبکہ دن کے وقت مغرب یا جنوب مغرب کی سمت سے 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔