بارش، گرج چمک کے طوفان اور شمالی علاقوں میں برفباری کی توقع، جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی (AQI) میں کمی اور ہوا کے معیار میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
مجموعی صورتحال:
اس ہفتے پاکستان میں یکے بعد دیگرے دو مغربی سلسلوں کے اثر انداز ہونے کی توقع ہے۔

اسکے نتیجے میں پہاڑی علاقوں، خطّہٰ پوٹھوہار اور افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں معتدل سے تیز بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں اور بلوچستان کے شمالی حصّوں میں مغربی سلسلوں کے اثرات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
11 سے 13 نومبر کے درمیان متوقع موسمی صورتحال:
خیبر پختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں وقفے، وقفے سے درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ باالخصوص صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش کی شدّت زیادہ ہو سکتی ہے۔ متاثّر ہونے والے علاقوں میں وادیِ پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، دیر، وادیِ سوات، ہزارہ (بشمول ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور صوابی شامل ہیں۔ وسطی اور جنوبی خیبر پختونخواہ کے علاقوں بشمول کرک، لکّی مروت، بنّوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ جنوبی علاقوں کی جانب بڑھتے ہوئے بارش کی مقدار میں کمی آنے کا امکان ہے۔
ایبٹ آباد: تقریباً 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔
پشاور: تقریباً 2 سے 5 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
کوہستان، وادیِ کاغان اور خیبر پختونخواہ کے 10000 فٹ سے بلند علاقوں میں رواں موسمِ سرما کی پہلی اچھی برفباری ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں 1 سے 2 فٹ تک برف پڑنے کا امکان ہے گلگت بلتستان کے 8500 فٹ سے زیادہ بلندی والے علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس کے امکانات مغربی حصّوں میں زیادہ ہیں۔ گلگت شہر میں ہلکی بارش جبکہ سکردو میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب اور آزاد کشمیر:
پنجاب کے بالائی، وسطی اور شمال مغربی علاقوں سمیت جنوبی کشمیر کے بعض حصّوں میں درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر بارش کے ساتھ گرج چمک بھی متوقع ہے۔ متوقع متاثّرہ علاقوں میں اٹک، چکوال، میانوالی، راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، سرگودھا، خوشاب، میرپور، مظفّرآباد اور وادیِ نیلم شامل ہیں۔ ان علاقوں میں عمومی طور پر 5 سے 15 ملی میٹر بارش متوقع ہے، تاہم شمال مغربی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کی مقدار 25 سے 40 ملی میٹر یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
ہواؤں اور درجہ حرارت کی صورتحال:
کسی قسم کی تیز آندھی یا طوفان کا امکان نہیں ہے۔
ہوا کی رفتار عمومی طور پر 45 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہ سکتی ہے۔ بادلوں اور بارش کی شدّت کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 7 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آ سکتی ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری متوقع نہیں ہے، صرف بارش کا ہی امکان ہے۔ گرج چمک کے طوفان بننے کی صورت میں ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
مغربی سلسلوں کے گزرنے کے بعد ملک کے بالائی نصف حصّے میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 6 ڈگری جبکہ رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔

مشرقی پنجاب میں سموگ کی صورتحال:
مشرقی پنجاب میں ان مغربی سلسلوں کے دوران سموگ کی شدّت بڑھ سکتی ہےکیونکہ ان علاقوں میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جن میں قصور اور پاکپتّن کے علاقے شامل ہیں۔
لاہور اور فیصل آباد میں بارش کے امکانات تقریباً 40 فیصد ہیں۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش کے امکانات تقریباً 60 فیصد ہیں، خصوصاً جمّوں سے ملحقہ علاقے جہاں مجموعی طور پر 1 سے 5 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔
مغربی سلسلوں کے گزرنے کے بعد یعنی 13 سے 14 نومبر کے دوران فضائی آلودگی اور سموگ میں کمی کے نتیجے میں ہوا کے معیار میں بہتری آ سکتی ہے۔

جنوبی پنجاب:
راجنپور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع بشمول فورٹ منرو میں مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ملتان، وہاڑی، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بارش کے امکانات بہت کم ہیں۔ ان علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک جبکہ مطلع جزوی سے زیادہ ابر آلود رہ سکتا ہے۔
بلوچستان:
بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں، بشمول صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور قلّات میں ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ خصوصاً 12 نومبر کو درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے جہاں دن کے درجہ حرارت میں 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہو سکتی ہے اور تقریباً 3 سے 5 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ شمال مغرب یا شمال سے آنے والی ہواؤں کی رفتار 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جو کہ دالبندین، نوکنڈی اور چاغی سے لے کر تربت، گوادر اور پنجگور تک چل سکتی ہیں۔
سندھ:
سندھ کے شمالی، وسطی اور مغربی علاقوں میں مطلع جزوی سے زیادہ ابر آلود رہنے کا امکان ہے جس کے باعث دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی آ سکتی ہے۔ تاہم صوبے میں بارش کے امکانات کم ہیں۔ جیکب آباد اور لاڑکانہ کے علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی یا ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

مغربی سلسلوں کے گزرنے کے بعد ملک کے جنوبی نصف حصّے میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ بلوچستان کے بلند پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت 6 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔ اس طرح ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے قریب یا معمول سے کچھ کم ہو سکتا ہے۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال