ہفتہ وار پیشگوئی: اچھی بارش اور برفباری کا امکان!
⦾ کیا ہوگا؟ : دو مغربی ہواؤں کے سلسلے (WD) ملک
کے مختلف علاقوں پر اثر انداز ہوں گے، جن کے نتیجے میں
مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ، بارش اور بلند پہاڑی
مقامات پر برفباری کا امکان! بلوچستان میں کئی مقامات
پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان!
⦾ کب ہوگا: 18 دسمبر تا 23 دسمبر 2025
⦾ کہاں ہوگا؟ : ملک بھر میں!

➡ خلاصہ :
ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ (WD) اس وقت ملک کے تمام مغربی اور شمالی حصوں کو متاثر کر رہا ہے, مگر 20 سے 22 دسمبر کے درمیان ایک کہیں طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ متوقع ہے، جس کو بحیرہ عرب سے آنے والی نمی سے بھرپور ہواؤں کی وجہ سے بارش اور
برف باری کے مزید امکانات بڑھ جائیں گے ۔ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ اس موسمی صورت حال میں تبدیلی کی پیش گوئی موسم کا حال نے اپنی دسمبر کی ماہانہ پیشگوئی میں تین ہفتے پہلے ہی کر دی تھی!

⦿ دسمبر 2019 کے بعد دسمبر کا سب سے دلچسپ موسمی صورتحال رونما ہونے کا امکان ہے، کیونکہ موسمی پیٹرن میں ایک بڑی تبدیلی کے نتیجے میں بارش اور پہاڑوں متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا میں 7,000 فٹ سے اوپر اور کشمیر کے خطے میں 9,000 فٹ سے زیادہ بلند
پہاڑی مقامات پر برف باری کا امکان ہے۔
⦿ موجودہ مغربی ہواؤں کے سلسلے سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں گہرے بادل چھائے رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کا امکان ہے ۔ تاہم، ذیل میں دی گئی تفصیلات 20 سے 22 دسمبر کے درمیان متوقع ہیں۔
تفصیلات :
🌧🌩 پنجاب میں: ECM اور ICON ماڈلز کے مطابق اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، میانوالی، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، بھکر، لیہ، جہلم اور ڈی جی خان کے اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکے گرج چمک کے طوفان کے ساتھ درمیانی اور بعض اوقات شدید بارش
ہونے کا امکان ہے، مجموعی طور پر 5 تا 15 ملی میٹر بارش متوقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں کے قریب اور زیادہ بلندی والے شمالی حصوں میں بارش کی مجموعی مقدار 20 تا 30 ملی میٹر تک ہو سکتی ہے، جبکہ جڑواں شہروں اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں زیادہ سے زیادہ 40 ملی
میٹر بارش ہونے کا امکان ہے ۔ اس دوران مری میں 40 تا 60 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ نقشہ 1 اور 5 ملاحظہ کریں، پنجاب کے شمالی اور مغربی حصوں میں زیادہ شدید بارش کے امکانات ہیں۔
گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور ملحقہ اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ جو مجموعی طور پر 2 تا 5 ملی میٹر تک ہو سکتی ہے۔ جنوب مشرق کی جانب زیادہ بارش کے امکانات بتدریج کم ہوتے جائیں
گے۔صوبے بھر میں دن کے درجۂ حرارت میں تقریباً 4 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے، جس میں شمالی حصوں میں کمی زیادہ ہوگی۔ اسلام آباد میں 21 دسمبر کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 13 تا 15 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔

⦾ خیبر پختونخوا میں دیر، ملاکنڈ، چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، صوابی، ہری پور، مانسہرہ اور کوہستان کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر معتدل سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جو چند مقامات پر انتہائی شدید بھی ہو سکتی ہے،۔
چترال میں شدید برفباری کا امکان ہے! کچھ ماڈلز کے مطابق ایک فٹ تک برف جمع ہو سکتی ہے۔ کالام میں بھی 1.5 سے 2 فٹ تک برف جمع ہونے کا اچھا امکان ہے۔
برف باری کی حد شمال مغربی خیبر پختونخوا میں 4,000 فٹ تک نیچے آ سکتی ہے، جبکہ دیر اور سوات حصوں میں 6,000 تا 7,000 فٹ تک رہے گی۔
شمال مشرقی خیبر پختونخواہ، بشمول ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں برفباری کی حد 8,500 فٹ سے بلند مقامات تک رہنےکا امکان ہے۔ اسی لیے گلیات کے کئی حصوں میں برفباری ہونے کا امکان کم ہیں۔
ایبٹ آباد میں 40 تا 60 ملی میٹر تک کی شدید بارش متوقع ہے۔ کچھ ماڈلز خیبر پختونخواہ کے بالائی اضلاع میں کہیں کہیں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ظاہر ہو رہے ہیں۔
مہمند، پشاور ویلی، مردان اور صوابی میں ہلکی سے معتدل بارش کے ساتھ کہیں کہیں گرج چمک کے امکانات قدرے زیادہ ہیں۔ یہاں مجموعی طور پر 25 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔ ECM اور ICON کی پیش گوئیوں کے لیے نقشہ 1 اور 5 دیکھیں۔

⦾ گلگت بلتستان: خطے کے مغربی حصوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی جا رہی ہے، جہاں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے وسطی اور مشرقی حصوں کی جانب نسبتاً گرم درجۂ حرارت ہونے کی وجہ سے برف باری کی حد، بلند وادیوں و
پہاڑوں تک محدود رہے گی، جس کے نتیجے میں گلگت شہر میں زیادہ برفباری کا امکان نہیں۔ تاہم، سرد درجۂ حرارت میں بارش متوقع ہے۔
استور اور اسکردو میں 6 سے 12 انچ برفباری ہونے کا امکان ہے۔ اس WD کے گزرنے کے بعد خطے میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے۔
⦾ آزاد کشمیر میں: نیلم اور مظفرآباد کے علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ باغ اور پونچھ (راولا کوٹ) میں بھی سرد اور تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
وادی نیلم کے 8,000 تا 9,000 فٹ سے بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محتاط اندازوں کے مطابق کشمیر کے شمالی حصوں میں 50 تا 75 ملی میٹر بارش، جبکہ کہیں کہیں 125 ملی میٹر تک بھی بارش ہو سکتی ہے۔
کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش شمالی کشمیر کے مقابلے نمایاں کم ہوگی۔ بھمبر میں صرف 10 تا 20 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے۔
⦾ بلوچستان میں: موسم کا حال کے مطابق اس مغربی سلسلے میں ECM کی پیش گوئی سب سے بہتر ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور قلات میں 20 تا 30 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس سلسلے کےاختتام تک زیارت میں 1 تا 2 انچ برف بھی جمع ہو سکتی ہے۔
نقشہ 3ملاحظہ کریں۔ صوبے کے شمالی اور مغربی حصوں چمن، خاران اور پنجگور میں 15 تا 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ اونچی بلندیوں پر کہیں کہیں مقدار 45 ملی میٹر سے زائد بارش ہونے کا امکان ہے۔ تربت (کیچ) اور گوادر کے علاقوں میں بھی 5 تا 15 ملی میٹر بارش
ممکن ہے۔ اس دوران صوبے میں آندھی کا کوئی خاص امکان نہیں ہے تاہم 40 تا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تیز ہوا کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔ اس کے بعد درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ہوگی، جہاں دن کے وقت درجۂ حرارت معمول سے 8 تا 14 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہونے کا
امکان ہے!

⦾ پنجاب کے جنوبی حصے اور سندھ میں: زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا اور دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر ملتان، بہاولپور اور سکھر کے علاقوں میں، کیونکہ ان علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ہے۔ اس مغربی سلسلے WD کے گزرنے کے بعد دن
اور رات کے درجۂ حرارت میں 3 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہونے کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے علاقوں میں اس سلسلے کی وجہ سے کسی خاص سرگرمی کا امکان نہیں، کیونکہ ان علاقوں میں ان دنوں عمومی طور پر درجۂ حرارت میں تبدیلی ہونے کا
امکان نہیں۔ تاہم، ہوا کے اس کم دباؤ کے گزرنے کے بعد شمال مشرقی ہواؤں کی رفتار 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کے باعث درجۂ حرارت میں 3 تا 5 ڈگری سینٹی گریڈ کمی واقع ہو سکتی ہے۔
اس سسٹم کے گزرنے کے بعد سرد موسم کی باقاعدہ مکمل تفصیلی پیشگوئی بعد میں جاری کی جائے گی۔
موسم کا حال جاننے کے لیے ہمارے پیج اور ویب سائٹ کے ہمراہ رہیں۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال