پیشگوئی (اگلے 7 دن): ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔
⦿ کیا ہونا ہے؟
پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں موسم خشک اور نسبتاً گرم اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں ہلکی شدّت کی سموگ بن سکتی ہے۔ رات کے وقت موسم ٹھنڈا اور پُر سکون رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے پہاڑی مقامات میں راتیں سرد رہنے کا امکان ہے۔ 19 یا 20 اکتوبر کے دوران ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی متوقع ہے۔

⦿ اطّلاق؟
16 اکتوبر تا 24 اکتوبر 2025
⦿ کہاں ہونا ہے؟
پورے ملک میں۔
⦿ تفصیلات:
اس ہفتے ملک میں موسم اکتوبر کے معمول کے عین مطابق رہنے کا امکان ہے۔ زیادہ تر حصّوں میں دن کے وقت موسم نسبتاً گرم اور صاف جبکہ رات کے وقت ٹھنڈا رہنے کا امکان ہے۔
⦿ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور بارش کا خاطر خواہ امکان نظر نہیں آ رہا۔ البتّہ افغان سرحد سے ملحقہ خیبر پختونخواہ کے انتہائی مغربی علاقوں اور گلگت بلتستان کے مغربی حصّوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں کیساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کے تقریباً 40 فیصد امکانات ہیں۔ اسکے ساتھ 10000 فٹ سے بلند مقامات یعنی چترال، دیر اور گلگت کے بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ممکن ہے۔
خیبر پختونخواہ کے زیریں پہاڑی علاقوں جیسے مہمند، کرّم (بشمول پاراچنار)، چترال، زیریں و بالائی دیر، خیبر، ہنگو، کرک اور شمالی وزیرستان میں کہیں، کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ تاہم تیز یا طوفانی بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں اس دوران مطلع جزوی طور پر یا مکمّل ابر آلود رہ سکتا ہے۔ آزاد کشمیر، سکردو اور استور کی سمت میں۔ بارش کے امکانات کم سے کم ہوتے جائیں گے۔
⦿ خیبر پختونخواہ، پنجاب اور سندھ کے زرعی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت بتدریج کم ہونا شروع ہو سکتا ہے، بالخصوص اس وقت جب ملک کے مشرقی اور وسطی حصّوں میں موسم خشک اور موسمی حالات مستحکم ہونے کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ متوقع ہے اور سموگ پھیلنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔
بالائی اور وسطی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں رات کے وقت موسم نسبتاً ٹھنڈا رہنے کی توقع ہے۔

موسمی ماڈلز کے مطابق ان علاقوں میں دن کے اوقات درجہ حرارت اکتوبر کے معمول سے 1 سے 3 ڈگری کم اور رات کے درجہ حرارت معمول کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے شمالی علاقوں بشمول گلگت بلتستان میں درجہ حرارت اکتوبر کے معمول سے کچھ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

⦿ بلوچستان میں دن کے وقت ہلکی ہوائیں چلنے کے ساتھ، ساتھ موسم صاف اور درجہ حرارت معمول کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ رات اور صبح کے اوقات ہوا زیادہ تر بند جبکہ موسم ٹھنڈا رہنے کی توقع ہے۔
19 سے 20 اکتوبر کے دوران متوقع مغربی سلسلے سے بلوچستان کے زیادہ تر علاقے متاثّر ہونے کا امکان نہیں۔ تاہم اس سلسلے کے گزرنے کے بعد صوبے میں درجہ حرارت میں مزید 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ہو سکتی ہے۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال