پیشگوئی (اگلے 7 دن): آئندہ ہفتے کے آخر تک گرم اور خشک موسم جاری رہے گا! بالائی پاکستان میں متوقع مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیرِ اثر نسبتاً ٹھنڈا موسم جلد شروع ہو سکتا ہے! ایک ہوا کا کم دباؤ سندھ کو بھی متاثّر کرنے کی توقع ہے!
اطّلاق؟
27 ستمبر تا 5 اکتوبر 2025
کیا ہونا ہے؟
اگلے ہفتے کے اختتام تک شمالی و وسطی خیبر پختونخواہ، شمالی پنجاب اور آزاد کشمیر میں ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ متوقع ہے۔
ہوا کا ایک کم دباؤ بھارتی گجرات کے راستے بحیرہ عرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔ یہ جنوبی سندھ بشمول کراچی کو متاثّر کر سکتا ہے۔

تفصیلات:
ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھارتی ریاست گجرات پر موجود ہے اور منگل سے ہفتہ کے درمیان بحیرہ عرب کی طرف بڑھنے کی توقع ہے۔ اس کے باعث سندھ کے جنوبی علاقوں بالخصوص نگرپارکر، میرپور خاص، مٹّھی، عمر کوٹ، کنری اور دیگر جنوب مشرقی حصّوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹّھہ میں نمایاں بارش کے امکانات کم ہیں جبکہ جنوب اور مشرق کی سمت سرگرمی کے امکانات زیادہ متوقع ہیں (تصاویر 2 اور 3 دیکھیں)۔
اس کم دباؤ سے آنے والی نمی سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت کو قدرے کم کرے گی تاہم ہیٹ انڈکس میں اضافہ متوقع ہے۔

نمی والی ہواؤں کا ٹکراؤ مغربی ہواؤں کیساتھ ہو سکتا ہے تاہم موسمیاتی ماڈلز کا اس پر فی الحال اتّفاق نہیں۔ بہر حال اگلے ہفتے درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہفتے کے اختتام کے قریب درجہ حرارت کم ہونا شروع ہو سکتے ہیں، جس سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں بشمول اسلام آباد میں موسم گرمی سے خزاں کی جانب منتقل ہونے کی توقع ہے۔
بالائی اور وسطی خیبر پختونخواہ، پنجاب اور خطّہٰ پوٹھوہار میں مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے نمایاں امکانات ہیں جن میں مردان، صوابی، ہزارہ، اٹک، راولپنڈی،اسلام آباد، چکوال، تلاگنگ اور میانوالی شامل ہیں۔ اس دوران ہواؤں کی رفتار 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بعض علاقوں میں جھکّڑ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتے ہیں۔ اس متوقع موسمی سرگرمی پر مزید نظر ثانی یکم تا 2 اکتوبر کے درمیان کی جاۓ گی۔

اس دوران جنوبی پنجاب، بلوچستان اور بالائی سندھ میں موسم زیادہ تر خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ کئے جا سکتے ہیں۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال