پیشگوئی (اگلے 7 دن): ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ جبکہ بالائی اور وسطی حصّوں میں آج رات سے جمعہ کی دوپہر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اطلاق: 17 ستمبر سے 23 ستمبر 2025
متاثّر ہونے والے علاقے: بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخواہ، جنوبی آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان۔

تفصیلات:
مغربی ہواؤں کا ایک اور برق رفتار سلسلہ جمعرات اور جمعہ کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی اضلاع بشمول راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدّین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکّر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لاہور اور قصور کو متاثّر کر سکتا ہے، جس سے ان علاقوں سمیت خیبر پختونخواہ میں مردان، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر، چترال، پشاور، نوشہرہ، چارسدّہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنّوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز سے انتہائی تیز بارش کا امکان ہے۔اس دوران بعض مقامات پر اولے بھی پڑ سکتے ہیں۔

خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی کا امکان ہے جبکہ جھکّڑ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔ ہوا کی شدّت جنوب مشرق کی طرف جاتے ہوئے کم ہو جائے گی، خصوصاً وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر جہاں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہوائیں متوقع ہیں۔
بارش کی صورتحال:
شمالی اور وسطی خیبر پختونخواہ اور بالائی پنجاب (راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں) میں تیز بارش کا امکان ہے، جہاں کُل 20 سے 30 ملی میٹر بارش جبکہ بعض مقامات پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ہونے کی توقع ہے۔

شمال مشرقی بلوچستان:
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سبّی، ژوب، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور بارکھان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا 50 فیصد امکان ہے۔ اس دوران 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چل سکتی ہے۔

درجہ حرارت کی صورتحال:
ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی سلسلے کے بعد درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی متوقع ہے جس کے بعد موسم نمایاں حد تک خوشگوار ہو جاۓ گا جبکہ نمی میں بھی کمی کی توقع ہے۔ تاہم مغربی بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت اس ہفتے معمول کے قریب یا معمول سے 2 ڈگری تک کم رہنے کی توقع ہے۔
آسمانی بجلی سے احتیاط:
ملک کے بالائی اور وسطی حصّوں میں شدید گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کا بھی خطرہ ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے نہ نکلیں۔
Weather Busters Pakistan موسم کا حال