مون سون پیشگوئی 2025: اچھی خبر! مون سون کی قبل از وقت آمد متوقع! پاکستان بھر میں معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑی زیادہ بارشیں اور معمول کے مطابق درجہ حرارت رہنے کا امکان۔
موجودہ جدید ترین موسمیاتی ماڈل ECMWF کی مدد سے موسم کا حال نے مون سون 2025 کی مندرجہ ذیل پیشگوئی تیّار کی ہے۔
تفصیلات:
⦿ مون سون بارشوں کی 10 سے 15 دن قبل از وقت آمد کے سبب موجودہ خشک سالی کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری کا امکان ہے۔
⦿ آئی ایم ڈی کے مطابق بھارت میں مون سون کی موجودہ پیشِ رفت اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں مون سون 20 سے 25 جون کے درمیان شروع ہونے کے امکانات ہیں۔ پری مون سون بارشوں کی شدّت اچھی رہنے کی توقع ہے۔
⦿ مجموعی طور پر ملک کے زیادہ تر علاقوں میں مون سون بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑی زیادہ ہونے کا امکان ہے, جبکہ درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہیں گے۔ جون کے آخری عشرے میں مون سون بارشوں کا آغاز متوقع ہے لہٰذا جون 2025 میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔
⦿ جون 2025:
بارش کی کُل مقدار معمول سے خاصی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ صورتحال 2008 سے ملتی جلتی ہو سکتی ہے, جب مون سون کا آغاز موسم کی 100 سے زائد سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ قبل از وقت ہوا تھا۔ تاہم ملک کے جنوبی نصف حصّے کو جون میں مون سون کے آغاز سے فائدہ نہیں پہنچے گا۔
⦿ جولائی 2025:
ملک کی زیادہ تر شمالی مون سون بیلٹ میں بارشیں معمول کے آس پاس یا معمول سے تھوڑا زیادہ ہونے کی توقع ہے۔ تاہم کراچی سمیت سندھ کے زیادہ تر علاقوں، شمال مشرقی پنجاب اور خطّہٰ پوٹھوہار میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر، خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر شمالی اور وسطی علاقے اور مشرقی بلوچستان میں بھی مون سون بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت ملک بھر میں معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہنے کی توقع ہے۔ سندھ میں مون سون کا آغاز معمول سے ایک ہفتہ قبل (جولائی کے دوسرے ہفتے میں) متوقع ہے۔
⦿ اگست 2025:
موسم کا حال کے تجزیے کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔ ملک کے بالائی اور مشرقی حصّوں میں مون سون کی شدّت معمول کے آس پاس رہنے کا امکان ہے، تاہم خشک، گرم اور مرطوب موسم ادوار بیچ بیچ میں آ سکتے ہیں۔ درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے تصویر 5 دیکھیں۔
⦿ ستمبر 2025:
موسم کا حال کے تجزیے کے مطابق معمول کے مطابق یا معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔ درجہ حرارت معمول کے آس پاس یا معمول سے تھوڑا زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تصویر 6 دیکھیں۔
⦿ تکنیکی تجزیہ:
اس وقت انڈین اوشن ڈائے پول (IOD) غیر جانب دار ہے، تاہم جولائی تک اسکا جھکاؤ منفی کی طرف ہوگا۔ اسکے سبب مون سون کے دوران ہی بے قاعدہ بارشیں اور خشک ادوار ممکن ہیں، بالخصوص مون سون کے بعد کے حصّے میں۔
شمالی نصف کرّہ میں موسمِ گرما 2025 میں اینسو (ENSO) کے غیر جانب دار رہنے کے 74 فیصد امکانات ہیں، جو کہ نشاندہی کرتا ہے کہ اس دوران بحر الکاہل کا مون سون پر اثر نہ ہونے کے برابر ہوگا۔ اگر طاقتور منفی IOD رہا تو اگست اور ستمبر میں بارشوں کی شدّت کم رہیگی۔ البتّہ اس وقت اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ بارشوں کی شدّت کا انحصار کافی حد تک اگست کے آخر اور ستمبر کے آغاز کے دنوں میں آنے والی مغربی ہواؤں کی شدّت پر ہوگا۔
⦾ ہمارے پیج کو لائک کر کے اسکا حصّہ بنیں اور پورے سیزن کی پیشگوئی آغاز سے پہلے ہی حاصل کریں۔ تازہ ترین موسمی صورتحال سے آگاہ رہنے کیلئے ہمارے ساتھ رہیں۔