پیشگوئی (اگلے 7 دن): گرمی کی لہر(HEATWAVE) مزید 3 دن تک جاری رہے گی!
اچھّی خبر: 29 اور 30 مئی کو ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں بالائی پاکستان میں شدید موسمی حالات رونما ہونے کا امکان ہے۔
⦿ اطلّاق:
27 مئی سے 4 جون 2024
⦿ کہاں اثر انداز ہو گا؟
ملک بھر میں
⦿ خلاصہ:
پاکستان کے جنوبی علاقوں میں موجودہ گرمی کی لہر 29 سے 30 مئی تک جاری رہے گی۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے 2 مغربی ہواؤں کے سلسلے ملک کے بیشتر حصّوں کو متاثّر کریں گے ۔ جس سے ملک کے مختلف علاقوں کے درجہ حرارت میں 3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی ہو جائے گی۔ شدید گرج چمک اور آندھی کا سلسلہ 29 مئی سے 2 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔
تفصیلات:
گرمی کی لہر(ہیٹ ویو) اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت:
اس وقت مشرقی بلوچستان، بالائی اور وسطی سندھ اور جنوبی پنجاب کے کچھ حصّوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال ہے۔ یہ ممکنہ طور پر 29 یا 30 مئی تک جاری رہے گی۔ اس خطّے میں درجہ حرارت معمول سے تقریباً 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہیں گے۔ شمالی اور شمال مشرقی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ برقرار رہیں گے، جبکہ خیبر پختونخواہ (کے پی) اور پوٹھوہار میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہیں گے۔
افغانستان سے آنے والی تیز ہوائیں جو پشاور، راولپنڈی/ اسلام آباد کو متاثّر کریں گی، اس دوران ان علاقوں کے درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ہو سکتی ہے۔
گردو غبار/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان:
29 اور 30 مئی کے اختتام پر خیبرپختونخواہ، شمالی اور جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور مغربی اور شمالی سندھ کے کچھ حصّوں میں شدید گردو غبار کے طوفان/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ تر علاقوں میں آندھی کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم بالائی پنجاب کے کچھ علاقوں میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید گردوغبار/آندھی متوقع ہے، جس سے حد نگاہ 0 ہونے کا امکان ہے۔ دن میں رات کا سماں طاری ہو سکتا ہے۔
اس دوران مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بجلی گرنے کے واقعات رونما ہونے اور ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ زیادہ بارش تو متوقع نہیں مگر کچھ دنوں تک درجہ حرارت میں 3 سے 6 ڈگری تک کی کمی ہو سکتی ہے، جس میں ملک کے شمالی علاقے بالخصوص شامل ہیں۔
سندھ کیلئے درجہ شدید گرمی کی انتباہ!
رواں ہفتے سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں کے کئی اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 سے 52 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم علاقے کے حساب سے ہوا میں نمی کے فرق کی بنا پر درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری تک کا فرق آ سکتا ہے۔ تاہم ان علاقوں کے درجہ حرارت میں بھی 30 مئی سے کمی آنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد میں آج اور 29 مئی کے درمیان درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ بالائی پاکستان میں مغربی ہواؤں کے گزرنے کے بعد کراچی میں بھی درجہ حرارت 36 ڈگری سے بڑھ کر 45 سے 47 ڈگری ہونے کی توقع ہے، جب کہ سمندر سے قریبی علاقوں میں یہ 40 ڈگری سے زیادہ نہیں ہوگا۔ دوپہر / شام کے اوقات گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار 35 سے 55 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے ۔