ہفتہ وار پیش گوئی: اچھی خبر! بارش، گرج چمک، برف اور تیز ہوا! میدانی علاقوں میں ہوا کے معیار میں بہتری (فضائی آلودگی میں کمی)
⦿ دورانیہ: 7 نومبر 2023 سے 14نومبر 2023
⦿ متوقع موسم : مغربی ہواوں کا طاقتور سلسلہ ہوا کے ایک کم دباو کے ساتھ ملک کو متاثر کرے گا جس سے معتدل سے موسلادھار بارش ،برفباری، آندھی اور گرج چمک کا امکان ۔
⦿ کہاں: خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان، پنجاب اور شمالی اور مغربی سندھ۔
تفصیلات:
⦾ خیبر پختونخواہ : منگل کی دوپہر سے جمعرات کی صبح تک وادی پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، دیر، وادی سوات، ہزارہ، مالاکنڈ اور لکی مروت کے علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ایبٹ آباد میں 25 سے 40 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ پشاور میں 5 سے 15 ملی میٹر تک کی ہلکی بارش کا امکان ہے وادی کاغان اور خیبر پختونخواہ میں 7,500 فٹ سے زیادہ بلند پہاڑی مقامات پرشدید برف باری متوقع ہے ۔ ناران میں مجموعی طور پر 1سے 2 فٹ تک برف باری ہو سکتی ہے۔ صوبے کے جنوبی حصوں جیسے ڈی آئی خان اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں 20 ملی میٹر تک کی معتدل بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
پنجاب : بالائی، وسطی اور جنوب مغربی حصوں، اور جنوبی کشمیر؛ بشمول اٹک، چکوال، میانوالی، بھکر، جہلم، گجرات، سرگودھا، خوشاب ، سیالکوٹ،گوجرانوالہ،لاہور، اوکاڑہ، قصور، ڈی جی خان، بھکر،فیصل آباد، لیہ، جھنگ، اور کوٹلی مظفرآباد ،میرپور اور منڈی بہاؤالدین میں آندھی کے ساتھ گرج چمک اور معتدل سے تیز بارش متوقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں واقع، راولپنڈی،اسلام آباد میں معتدل سے تیز بارش ( 25 سے 40 ملی میٹر) کا امکان ہے ۔ میدانی علاقوں میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی آنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت : پنجاب، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور بالائی بلوچستان کے دن کے درجہ حرارت 3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی متوقع ہے۔ تاہم کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہو جائے گا۔
پنجاب کے جنوبی حصوں فورٹ منرو، ملتان ، راجن پور اور ڈی جی خان کے اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی ،گرج چمک کے ساتھ بارش کا 40 فیصد امکان ہے ۔ پنجاب میں وہاڑی، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں بارش کا بہت کم امکان ہے۔
⦾ بلوچستان کے شمال مشرقی اور افغانستان سے متصل ملحقہ سرحدی علاقوں اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تیز ہوا کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے درجہ حرات میں کمی ہو گی۔ 40 سے 60 کلو میںٹر تک کی شمالی تیز ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ 2 سے 5 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت میں تقریباً 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔ آج (7 نومبر) سے نوکنڈی سے تربت، گوادر اور پنجگور کے علاقوں تک کہیں کہیں 40 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی اور گرد آلود ہوائیں چلیں گی ۔دالبندین اور ملحقہ علاقوں میں آج اور کل مختلف اوقات میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
سندھ : آج رات سے جمعرات تک بالائی، مغربی اور جنوبی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خشک شمال مشرقی ہوائیں کراچی میں درجہ حرارت کو چند ڈگری تک بڑھا دیں گی ، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو جائے گا۔ شہر کے شمالی مضافاتی علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد کے خشک رہنے کی توقع ہے تاہم صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم ابر آلود رہے گا۔ جس سے وسطی صوبہ سندھ کے درجہ حرارت میں 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ہو جائے گی۔
⦾ تکنیکی خلاصہ: کم دباؤ کے ساتھ ایک طاقتور مغربی ہواوں کا سلسلہ جس کا مرکز کل جنوبی پنجاب پر ہو گا ۔وسطی ایشیا سے آنے والی شدید مرطوب ہواوں کے شمال مغربی ہواوں کے ساتھ ملنے سے بہت ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی اور اس جیٹ سٹریم کے کناروں پر گرج چمک کے ساتھ طوفان بن سکتے ہیں، جو آہستہ آہستہ مشرق کی طرف بڑھے گا۔ ان مغربی ہواوں کی وجہ سے سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواوں کے چلنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
آج سے ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابر آلود ہے۔ شمالی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان کے 7,500 فٹ سے زیادہ بلند پہاڑی مقامات پر اور کشمیر میں 9,000 فٹ سے زیادہ بلند علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جمعہ کی شام تک جاری رہے گا۔
درجہ حرارت: ہوا کے کم دباؤ کے گزرنے کے بعد درجہ حرارت ساحلی پٹی کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں کے کم سے کم درجہ حرارت میں 7 سے 10 ڈگری تک کمی ہو سکتی ہے۔