ہفتہ وار پیشنگوئی: بلوچستان میں کہیں کہیں بارش/ برفباری، خیبر پختونخواہ میں بارش۔ شدید سردی کی لہر جاری رہے گی!
اطلاق: 16 جنوری سے 23 جنوری تک
کہاں ہونا ہے؟ ملک بھر کی پیشگوئی
تفصیلات:
بلوچستان:
خطے میں موسم ابر آلود ہو جائے گا اور 17 جنوری بروز منگل صوبے بھر میں ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ 18 جنوری سے 21 جنوری تک #کوئٹہ میں وقفے وقفے سے برفباری/گیلی برف اور بارش پڑنے کا امکان ہے۔ سال کے اس حصہ کے لحاظ سے درجہ حرارت معمول سے 8 سے 15 ڈگری کم رہیں گے۔ ان تیز ہواؤں کے بعد سردی کی ایک لہر ان علاقوں میں داخل ہو جائے گی ۔ بدھ سے جمعہ کے دوران صوبے کے زیادہ تر حصوں میں خصوصاً جنوبی غربی بلوچستان اور مکران کے ساحلی علاقوں بشمول گوادر اور خضدار میں معتدل درجے کی بارش کے ساتھ کہیں کہیں تیز بارش برسنے کا بھی امکان ہے۔اس دوران شمال مشرق سے انتہائی ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی جن کے بعد سردی کی ایک لہر صوبے بھر کو متاثر کرے گی۔
سندھ:
18 سے 20 جنوری کے دوران صوبے کے مغربی اور جنوبی حصے بشمول دادو، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ سے لے کر نواب شاہ کے علاقہ تک میں ہلکی شدت کی بارش متوقع ہے۔ حیدر آباد اور کراچی میں غربی جانب ہواؤں کی شدت 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ درجہ حرارت اس ہفتہ بھی معمول سے خاصے کم رہیں گے۔ اندرون سندھ اور تھرپارکر کے علاقوں میں اگلے ہفتہ سے رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان ہے!
شمالی پنجاب اور کشمیر:
بدھ کی سہہ پہر سے جمعہ کے دوران زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہونا شروع ہو جائے گا اور درجہ حرارت معمول سے خاصے کم رہیں گے۔ پنجاب کے شمالی حصوں میں کہیں کہیں معتدل شدت کی بارش کا امکان ہے۔ کشمیر میں مظفرآباد کے علاقے میں برفباری کی سطح 3000 فٹ تک گرنے کا امکان ہے۔ یہاں جمعہ کی سہہ پہر/شام سے اتوار کی صبح تک 25 سے 40 ملی میٹر بارش/ برف باری کی توقع کی جا سکتی ہے۔
پنجاب کے شمالی علاقوں بشمول راولپنڈی/اسلام آباد میں اگلے ہفتہ میں کچھ جگہوں پر وقفے وقفے سے بارش برسنے کا امکان موجود ہے۔ میر پور، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، اٹک، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور تھل کے علاقوں میں بھی کہیں کہیں ہلکی سے معتدل سطح کی بارش ہو سکتی ہے۔ اس ہفتہ میں دھند کا امکان موجود نہیں البتہ ہفتہ کے اختتام پر کہیں کہیں جزوی طور پر دھند پڑ سکتی ہے۔
خیبر پختونخواہ:
18 سے 21 جنوری کے دوران موسم شدید ٹھنڈا اور ابرآلود رہے گا جس کے بعد بارش/برفباری کے قوی امکان موجود ہیں۔ مالاکنڈ، ہزارہ، چترال سے لے کر وادی سوات کے علاقے تک کچھ جگہوں پر بارش کا امکان ہے۔ 21 سے 25 جنوری کے دوران وادی کاغان کے 6000 فٹ سے بلند علاقوں میں ڈیڑھ سے ڈھائی فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔ وادی پشاور کے مشرقی علاقوں، بشمول مردان میں اگلے ہفتے ہلکی شدت کی بارش متوقع ہے۔ مجموعی طور پر، خیبر پختونخواہ کے جنوبی علاقوں، بشمول ڈی آئی خان میں صرف ہلکی بارش ہی کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان:
گلگت بلتستان کے مشرقی حصوں بشمول سکردو اور استور میں اتوار کی رات یا پیر سے برفباری کا امکان موجود ہے۔ شمالی غربی علاقوں کی جانب بارش یا برفباری کے امکانات بہت کم رہ جائیں گے۔ وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل برفباری جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے۔ اس دوران گلگت کے علاقہ میں ہلکی برفباری کی توقع کی جا سکتی ہے۔
جنوبی پنجاب:
پنجاب کے وسطی علاقوں میں بارش کا امکان انتہائی کم جبکہ جنوبی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، ویہاڑی، پاک پتن اور رحیم یار خان کے علاقے زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے۔