تازہ ترین موسمی صورتحال کے مطابق اس وقت وادیِ کاغان، شوگران، کشمیر اور شمالی خیبر پختونخواہ کے دیگر مقامات پر بارش اور 9000 فٹ سے بلند پہاڑوں پر برفباری کا ایک اچّھا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
ناران شہر میں تیز بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ رفتہ رفتہ برفباری کی سطح نیچے آ رہی ہے، جس کی وجہ سے جلد ناران شہر میں بھی برفباری کا آغاز متوقع ہے۔ آج صبح پشاور شہر میں بھی گرج چمک کیسات اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ مالم جبّہ، سکردو، استور اور گلیات میں بھی آج رات سے برفباری کا سلسلہ متوقع ہے۔ ملکہ کوہسار، مری میں بارش اور گیلی برف پڑ سکتی ہے لیکن باقاعدہ برفباری کے امکانات کم ہیں۔ تبدیلی کی صورت میں آپ کو انشاءاللّه بروقت آگاہ کر دینگے۔
آج شام سے گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، چکوال، گجرات، اٹک اور گردونواح میں بھی مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
افغانستان کے راستے بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو رہا ہے جس کے باعث کوئٹہ، مستونگ، چمن، زیارت اور قلعہ عبداللّه میں بارش کے امکانات موجود ہیں جبکہ اس وقت چمن شہر سے بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔