پیشگوئی (اگلے 7 دن): پری مون سون بارشوں کا آغاز!
پاکستان بھر میں گرج چمک کیساتھ بارش اور گرد کے
طوفان متوقع!
⦿ اطلاق؟
20 مئی صبح 11 بجے سے 27 مئی رات 9 بجے تک۔
⦿ کیا ہونا ہے؟
مغربی ہواؤں کے کم از کم 2 سلسلے اس ہفتے متاثّر
کرینگے جن کے سبب کہیں کہیں گرد کے طوفان اور گرج
چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ژالہ باری اور آسمانی
بجلی کا خدشہ موجود رہیگا۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟
پنجاب کے زیادہ تر علاقوں، کشمیر، خیبر پختونخواہ،
سندھ اور بلوچستان کے مشرقی اور شمال مشرقی
علاقے۔
⦾ تیز سے انتہائی تیز بارشیں متوقع:
اگلے 5 دنوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں پری مون
سون کا آغاز متوقع ہے۔ سب سے زیادہ بارش 22 سے 24
مئی کے درمیان شمال مشرقی پنجاب، خطّہٰ پوٹھوہار،
بالائی خیبر پختونخواہ کی وادیوں اور آزاد کشمیر میں
متوقع ہیں۔ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے شمالی اور
وسطی علاقوں، آزاد کشمیر کو تمام علاقوں (بشمول
ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ،
سرگودھا، میرپور، مظفّرآباد اور ملحقہ اضلاع) میں بڑے
پیمانے پر کم سے کم 3 سے 5 مرتبہ گرج چمک کے طوفان
متاثّر کر سکتے ہیں۔ سب سے زیادہ بارش کے امکانات
منگل کی دوپہر یا شام سے بدھ کی صبح یا دوپہر تک
اور پھر دوبارہ جمعرات کی شام کو ہیں۔ خیبر
پختونخواہ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں طاقتور
مٹّی کے طوفان بننے کے امکانات ہیں جن میں زیادہ سے
زیادہ آندھی کی رفتار 85 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ
تک پہنچ سکتی ہے۔
⦾ اگلے 5 دنوں میں جنوبی پنجاب، جنوبی خیبر
پختونخواہ اور شمال مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں
کم از کم 1 سے 2 مرتبہ گرد اور گرج چمک کے طوفان
متاثّر کر سکتے ہیں۔ بعض مقامات بشمول بارکھان،
کوہلو، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، بنّوں، بھکّر، ملتان،
ساہیوال، بہاولپور اور ملحقہ اضلاع میں تیز بارش اور
شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
رحیم یار خان، ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد،
خضدار، لسبیلہ اور ملحقہ اضلاع میں ایک اور مغربی
سلسلہ متاثّر کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں گرج چمک
کیساتھ تیز بارش کے 40 فیصد امکانات ہیں۔
⦾ جمعہ سے منگل کے درمیان شمال مشرقی بلوچستان
کے درج بالا اضلاع سمیت سندھ میں لاڑکانہ، دادو،
نوابشاہ، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، سکّھر، کشمور،
گھوٹکی، جامشورو اور حیدرآباد کے علاقوں میں طاقتور
گرد کے طوفان اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا
امکان۔ آندھی کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے
تجاوز کر سکتی ہے۔ کیرتھر کے پہاڑی سلسلے سے ملحقہ
علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ کراچی میں
گرج چمک کے طوفان بننے کے 30 فیصد امکانات ہیں
جس سے شہر کے شمالی علاقوں میں کہیں کہیں بارش
ہو سکتی ہے۔
⦾ پاکستان کے شمالی علاقوں میں ہفتے کے اختتام تک
پری مون سوں بارشوں کے آغاز کے باعث درجہ حرارت
میں کمی متوقع ہے۔ لہٰذا اس ہفتے گرمی کی لہر کا امکان
نہیں۔ تاہم ملک کے جنوبی علاقوں میں نمی کا تناسب
زیادہ رہنے کی وجہ سے محسوس کئے جانے والے درجہ
حرارت (ہیٹ انڈکس) اصل درجہ حرارت سے 5 سے 8
ڈگری تک زیادہ رہیگا۔ ملک کے شمالی نصف حصّے میں
درجہ حرارت معمول سے 1 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک
ٹھنڈے رہینگے۔
⦾ بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں (بشمول کوئٹہ، چاغی،
تربت، کیچ، خضدار، پنجگور اور گوادر کے اضلاع) میں
اس دوران موسم زیادہ تر خشک اور گرم رہیگا جبکہ
پورے ہفتے دن کے وقت 70 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ
تک کی انتہائی تیز گرد آلود ہوائیں چلتی رہینگی۔ ہفتے
کے وسط میں کچھ بادل بن سکتے ہیں، البتّہ بارش کا
خاطر خواہ امکان نہیں۔