پیشگوئی (اگلے 7 دن): مون سون کی مزید بارشیں متوقع۔ بالائی خیبر پختونخواہ، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے جنوبی علاقوں میں سیلابی صورتحال رونما ہو سکتی ہے۔ چند مقامات پر کُل 150 سے 250 ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔
⦿ کیا ہونا ہے؟
انتہائی تیز سے انتہائی شدید بارشوں کے سبب شمالی علاقوں کے دریاؤں اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہیگا۔
⦿ اطلاق؟
26 جولائی صبح 6 بجے سے 2 اگست رات 9 بجے تک۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟
شمالی مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ اور راولپنڈی ڈویژن کے بعض علاقوں میں۔
موسمی تجزیہ: گزشتہ شام سے پنجاب میں مون سون ہوائیں داخل ہونا شروع ہو چکی تھیں، جس کی تصدیق بحریہ ٹاؤن فیز 2، پنڈی شہر میں نصب ہمارے موسمی سٹیشن سے ہو رہی رہی ہے، جسے درج ذیل تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
آج صبح سویرے سے شمال مشرقی پنجاب، جنوبی آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے ہزارہ اور سوات کے علاقوں میں مون سون بارشیں دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے، جو کہ اگلے کئی دنوں میں چند ایک بار جنوب اور مغرب میں پوٹھوہار اور وادیِ پشاور کے علاقوں تک پھیل سکتی ہیں۔ تاہم جمعرات کی رات یا جمعہ کی دوپہر مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ متوقع ہے، جس کے سبب بڑے پیمانے پر انتہائی تیز یا شدید بارشیں ممکن ہیں۔
28 جولائی صبح 3 بجے سے 30 جولائی رات 9 بجے تک درج ذیل علاقوں میں سیلاب کا خدشہ موجود ہے:
سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، جہلم، ہریپور، اسلام آباد، راولپنڈی، میرپور، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، سوات، مردان، اٹک، کوٹلی اور چکوال۔ سیلابی صورتحال رونما ہونے کے سب سے زیادہ امکانات جمعہ کو ہونگے۔
تفصیلات:
⦾ شمالی پنجاب:
26 جولائی کی صبح سویرے سے سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، جہلم اور ملحقہ اضلاع میں کہیں کہیں تیز سے انتہائی تیز یا شدید بارش، گرج چمک کے طاقتور طوفان اور بعض اوقات ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اگلے 4 دنوں میں دیر رات یا صبح سویرے کم از کم 2 یا 3 بارشیں درج بالا علاقوں میں ہو سکتی ہیں۔
راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، منڈی بہاءالدّین، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد اور چکوال کے علاقوں میں کم از کم 1 یا 2 مون سون بارشیں ہو سکتی ہیں۔ جمعرات کی رات اور جمعہ کے دوران متوقع مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے بارش کی شدّت اور دورانئے میں اضافہ ممکن ہے۔ گرج چمک کے طاقتور طوفانوں کیساتھ انتہائی شدید بارش کا امکان ہے، جو کہ بعض مقامات پر 2 گھنٹوں کے اندر اندر ہی 100 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے۔ اپنے علاقے میں ممکنہ بارش کی مقدار درج ذیل تصویر 1 میں دیکھیں:
اسکے سبب ان علاقوں کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
علاقہ مکینوں سے احتیاط برتنے کی درخواست کی جاتی ہے جبکہ انتظامیہ الرٹ رہے!
⦾ خیبر پختونخواہ:
26 جولائی کو صبح سویرے سے ہزارہ (بشمول ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور سوات (بشمول مالم جبّہ)، ہریپور، مانسہرہ، بالاکوٹ، مردان اور صوابی کے علاقوں میں بعض مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ تیز سے انتہائی تیز بارش کی توقع ہے۔
اگلے 7 دنوں میں کچھ مقامات پر 100 سے 200 ملی میٹر تک کُل بارش ہو سکتی ہے۔ بنّوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں بھی بدھ سے جمعہ کے درمیان کم از کم ایک بارش کا سلسلہ متاثّر کر سکتا ہے۔ اپنے علاقے میں ممکنہ بارش کی مقدار کیلئے درج ذیل تصویر دیکھیں۔
تاہم موسم کا حال کے تجزئیے کے مطابق مغربی خیبر پختونخواہ بشمول پشاور اور سابقہ فاٹا میں خاطر خواہ بارش کا امکان نہیں، جہاں پاراچنار کے علاوہ دیگر علاقوں میں محض چند ملی میٹر بارش ہی متوقع ہے۔
اس وقت کہاں سفر کرنا مناسب نہیں؟
کاغان، سوات اور نیلم کی وادیوں سمیت دیگر شمالی علاقہ جات میں رواں ہفتے سفر سے گریز کریں، جہاں انتہائی شدید بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور مٹّی کے تودے گرنے کا اندیشہ ہے۔ اپنی حفاظت کیلئے شمالی علاقوں میں سفر مون سون کے اختتام کے بعد کریں۔
⦾ آزاد کشمیر:
پونچھ، مظفّرآباد، نیلم، سدھنوتی، باغ، میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے علاقوں میں کہیں کہیں انتہائی تیز سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کا آغاز 26 جولائی کی صبح سویرے سے متوقع ہے۔ جمعرات تک کم از کم 3 راتوں میں 20 سے 30 ملی میٹر بارش ہر رات کو ہو سکتی ہے۔ تاہم مغربی ہواؤں کے سلسلے کی آمد کے سبب جمعرات دیر رات اور جمعہ کو بڑے پیمانے پر انتہائی شدید بارشوں کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال رونما ہو سکتی ہے۔ لہٰذا احتیاط برتنے کی درخواست ہے۔
اپنے علاقے میں ممکنہ کلُ بارش کی مقدار جاننے کیلئے درج ذیل تصویر دیکھیں:
⦾ جنوبی پنجاب:
چند مقامات پر یا کہیں کہیں جھنگ، ڈی جی خان، لیّہ، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، مظفّرگڑھ اور خانیوال کے علاقوں میں گرج چمک کیساتھ 25 سے 50 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجنپور میں سلیمان کے پہاڑوں پر 75 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
رواں ہفتے بہاولپور اور رحیم یار خان کے جنوبی علاقوں میں کوئی خاص بارش کا امکان نہیں۔ اسکے علاوہ مطلع زیادہ تر ابر آلود جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب کافی زیادہ رہیگا۔ ان علاقوں میں گرمی کی انتباہ جاری رہیگی، جہاں 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اگلے چند دنوں میں 50 سے 55 ڈگری محسوس ہونگے! اس دوران ملتان میں جنوب مغرب کی سمت سے 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلتی رہیں گی۔ کوشش رہے کہ صبح 10 سے دوپہر 4 کے درمیان باہر نہ نکلیں اور ہیٹ سٹروک کی علامت سے خود کو آگاہ رکھیں۔
⦾ بلوچستان:
شمالی اور مشرقی علاقوں بشمول ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت اور ہرنائی سے جنوب میں اواران اور لسبیلہ کے علاقوں تک چند مقامات پر یا کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے، جہاں 28 جولائی بروز بدھ کی شام یا رات سے 30 جولائی بروز جمعہ کی صبح یا دوپہر کے درمیان 15 سے 30 ملی میٹر جبکہ کچھ مقامات پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔
اس دوران مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے سبب باالخصوص صوبے کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے طاقتور طوفان بھی تشکیل پا سکتے ہیں، جن سے آندھی کیساتھ تیز بارش ہونے کی توقع ہے۔ تاہم مجموعی طور پر پچھلے ہفتے کے مقابلے رواں ہفتے بارش کم ہوگی۔
⦾ سندھ:
پیر (آج) چند مقامات پر بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو کہ صوبے کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں جمعہ کی صبح یا دوپہر تک متاثّر کر سکتا ہے۔ اس طرح بارش کے کم از کم 2 سلسلے متوقع ہیں اور صوبے کے جنوب مشرقی / جنوبی علاقوں بشمول نگرپارکر، اسلامکوٹ، حیدرآباد، ٹنڈو اللّه یار، بدین، ٹھٹّھہ اور کراچی کے علاقوں میں 15 سے 30 ملی میٹر جبکہ چند ایک مقامات پر 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
تاہم گزشتہ ہفتے کو طرح بڑے پیمانے پر تیز بارش کا امکان نہیں۔ اس دوران کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین اور ٹھٹّھہ میں جنوب مغرب کی سمت سے 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چلیں گی جبکہ دن کے وقت جھکّڑوں کی رفتار 65 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
شمالی سندھ میں جزوی طور پر ابر آلود آسمان کیساتھ موسم انتہائی گرم رہیگا۔ 38 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 52 سے 60 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہونگے! لہٰذا اگلے 4 دنوں تک شمالی سندھ کے علاقوں میں گرمی کی انتباہ عائد رہیگی! صبح 10 سے دوپہر 4 کے درمیان دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور ہیٹ سٹروک کی علامت سے خود کو آگاہ رکھیں۔