مون سون بارشوں کی توقع: بالائی خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب اور کشمیر میں سیلابی صورتحال رونما ہونے کا امکان۔ اگلے 3 دن پر مبنی پیشگوئی کے تجزئے کی بنا پر بعض مقامات پر 250 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔
⦿ کیا ہونا ہے؟
انتہائی شدید بارش کے سبب دریاؤں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال رونما ہو سکتی ہے۔
⦿ کب ہونا ہے؟
12 جولائی صبح 6 بجے سے 15 جولائی رات 9 بجے تک۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟
ملک بھر میں۔
موسمی صورتحال: مون سون ہوائیں اس وقت پنجاب میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ بحیرہ عرب سے نمی والی ہوائیں شدّت کیساتھ سندھ میں داخل ہو رہی ہیں۔ اس وقت ملک کے شمال میں مون سون کا آغاز ہو چکا ہے۔ 12 جولائی رات 12 بجے سے صبح 2 بجے کے درمیان ہی ایبٹ آباد میں 106 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔ پیر کی رات یا منگل کی صبح مغربی ہواؤں کا سلسلہ متاثّر کریگا جس کی وجہ سے پاکستان کے بالائی اور مغربی علاقوں بشمول بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔
مندرجہ ذیل علاقوں میں 12 جولائی صبح 6 بجے سے 14 جولائی دوپہر 12 بجے تک سیلابی صورتحال رونما ہو سکتی ہے:
ہریپور، بالاکوٹ، مانسہرہ، سوات، مردان، نوشہرہ، اٹک، اسلام آباد، راولپنڈی، کوٹلی، میرپور، بھمبر، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، بھکّر، میانوالی، سرگودھا، کوہاٹ اور چکوال
تفصیلات:
⦾ شمالی اور وسطی پنجاب:
12 جولائی کی صبح سویرے سے راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکّر، لاہور، اوکاڑہ اور قصور کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تیز سے انتہائی شدید بارش متوقع ہے جبکہ بعض اوقات ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ان علاقوں میں کم از کم 2 مرتبہ بارش کا سلسلہ متاثّر کر سکتا ہے۔ پنڈی اور اسلامبقے میں 100 سے 200 ملی میٹر جبکہ بعض علاقوں باالخصوص مارگلہ کے پہاڑیوں کے قریبی علاقوں میں 250 ملی میٹر سے زیادہ بارش رواں ہفتے ہو سکتی ہے۔
اٹک، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال کے اضلاع میں بھی کئی مقامات پر 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ میانوالی، بھکّر، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاءالدّین، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور لاہور کے علاقوں میں بھی 100 سے 150 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ انتہائی تیز بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے لہٰذا علاقہ مکینوں سے احتیاط جبکہ انتظامیہ سے الرٹ رہنے کی درخواست ہے!
⦾ خیبر پختونخواہ:
12 جولائی کی صبح سویرے سے ہزارہ (بشمول ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور سوات (بشمول مالم جبّہ)، ہریپور، مانسہرہ، بالاکوٹ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، بنّوں اور لکّی مروت کے علاقوں میں اگلے 3 دنوں میں بڑے پیمانے پر تیز سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں 150 سے 200 ملی میٹر بارش جبکہ کچھ مقامات پر 250 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
بونیر، دیر، شانگلہ، کرک، ٹانک اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں بھی کہیں کہیں 75 سے 150 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران پشاور میں بھی 50 ملی میٹر سے زائد بارش کے 80 فیصد امکانات ہیں۔ درج ذیل تصاویر دیکھیں:
سفر کی ہدایات: رواں ہفتے کاغان، سوات اور نیلم کی وادیوں کی جانب سفر سے گریز کریں!
⦾ آزاد کشمیر:
پونچھ، مظفّرآباد، باغ، میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے علاقوں میں 12 جولائی کی صبح سویرے سے انتہائی تیز سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے، جہاں سپیل کے اختتام تک 120 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم راولاکوٹ اور ڈڈیال سمیت آزاد کشمیر کے زیادہ تر علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔
⦾ جنوبی پنجاب (12 سے 14 جولائی): ڈی جی خان، لیّہ، جھنگ، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، مظفّرگڑھ اور خانیوال کے علاقوں میں 25 سے 50 ملی میٹر جبکہ ڈی جی خان اور راجنپور میں سلیمان کے پہاڑوں پر 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
اس دوران جنوب مشرقی پنجاب بشمول بہاولنگر، بہاولپور، لودھراں، پاکپتّن اور وہاڑی میں بھی 50 سے 75 ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔ چند مقامات پر گرج چمک کے طاقتور طوفان کے سبب انتہائی تیز بارش بھی ہو سکتی ہے! مجموعی طور پر سپیل کا زور شمالی اور مغربی علاقوں کی جانب ہوگا کیونکہ ہوا کا کم دباؤ شمالی پنجاب پر موجود ہونے کا امکان ہے۔
⦾ بلوچستان:
شمالی اور مشرقی علاقوں بشمول ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت اور ہرنائی سے جنوب میں لسبیلہ اور اوران کے علاقوں تک 12 جولائی (پیر) کی شام یا رات سے 14 جولائی (بدھ) کے درمیان 50 سے 80 ملی میٹر جبکہ کچھ مقامات پر 120 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔
صوبے کے مشرقی پہاڑی سلسلے کیرتھر پر انتہائی تیز بارشوں کا امکان ہے، جس کی وجہ سے اس دوران مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ باالخصوص صوبے کے جنوب مشرقی حصّوں میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے طاقتور طوفان بن سکتے ہیں، جن سے تیز بارش کی توقع ہے۔
رواں ہفتے کئی مقامات پر 50 سے 80 ملی میٹر بارش کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔
⦾ سندھ:
12 جولائی بروز پیر کی شام/رات یا 13 جولائی کی صبح سویرے کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کا آغاز متوقع ہے جو کہ صوبے بھر میں 15 جولائی رات 9 بجے تک جاری رہ سکتا ہے۔ بارش کے زیادہ امکانات جنوب مغربی علاقوں بشمول لاڑکانہ، کشمور، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، سکّھر، دادو، جیکب آباد، جامشورو اور نوشہرو فیروز کے علاقوں میں ہیں، جہاں 30 سے 60 ملی میٹر بارش جبکہ چند مقامات پر 80 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
مون سون ہواؤں کی شدّت میں 13 جولائی سے اضافہ متوقع ہے، جس کی وجہ سے صوبے کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں بشمول کراچی، نوابشاہ، حیدرآباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین اور ٹھٹّھہ کے علاقوں میں تیز بارش متوقع ہے۔ کُل 30 سے 60 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، تاہم 14 سے 15 جولائی کے درمیان صوبے کے جنوب مشرقی حصّوں میں بارش کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔