سمندری طوفان تاؤتے اگلے 2 گھنٹوں میں بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرا جاۓ گا۔ جنوب مشرقی سندھ میں تھرپارکر کے علاقوں بشمول نگرپارکر اور مٹّھی کیلئے سمندری طوفان کی انتباہ جاری ہے!
تفصیلات:
⦿ سمندری طوفان تاؤتے میں ہوا کی زیادہ سے زیادہ اوسطاً رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ طاقتور ترین جھکّڑ 260 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد تک پہنچے۔ کم سے کم دباؤ 935 ملی بار (ایچ پی اے) رہا۔
⦿ زمین سے ٹکراو کے وقت ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ اوسطاً رفتار 180 سے 190 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ زیادہ سے زیادہ جھکّڑ کی رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد متوقع ہے۔ سمندری طوفان بھارتی ریاست گجرات کے پوربندر اور مہووا کے علاقوں کے درمیان ٹکراۓ گا۔ زمین سے ٹکراؤ کے وقت طوفان کی آنکھ کے قریب انتہائی شدید بارش اور 30 فٹ سے زائد سمندر کی لہریں متوقع ہیں۔ یہ سمندری طوفان اپنی آنکھ کے اطراف میں 100 کلومیٹر کے فاصلے تک شدید طوفانی ہواؤں کے باعث تباہی مچا سکتا ہے۔
⦿ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق “جنوبی ممبئی کے علاقے افغان چرچ، کولابا میں نصب آئی ایم ڈی کے موسمی سٹیشن پر آج دوپہر مقامی وقت 2 بجے کے قریب ہوا کی رفتار 114 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی”۔
⦿ یاد رہے پاکستان کے صوبہ سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں کیلئے سمندری طوفان کی انتباہ 20 مئی صبح 6 بجے تک کیلئے عائد ہے۔