تازہ ترین
Home / ہفتہ وار پیشگوئی / اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: شمال مشرقی پنجاب اور جنوبی کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ تیز بارش یا ژالہ باری کا امکان ہے۔ درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع

اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: شمال مشرقی پنجاب اور جنوبی کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ تیز بارش یا ژالہ باری کا امکان ہے۔ درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع

⦿ کب ہونا ہے؟
2 جنوری رات 9 بجے سے 9 جنوری رات 9 بجے تک۔

⦿ کہاں ہونا ہے؟
بالائی پنجاب، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان

⦿ کیا ہونا ہے؟
ہوا کے ایک طاقتور کم دباؤ کا سلسلہ شمال کی جانب بڑھتے ہوۓ شدّت اختیار کریگا، جس کے سبب:
🌩 کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
🌧 شمالی پنجاب اور کشمیر میں معتدل سے تیز بارش جبکہ خیبر پختونخواہ میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔
🌬 چند مقامات پر 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

 

تفصیلات:
شمالی پنجاب اور کشمیر
آج رات سے اگلے 4 دنوں تک چند مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ انتہائی تیز بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ کے علاقوں میں 75 سے 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، مظفّرآباد، کوٹلی، میرپور، منڈی بہاءالدّین، لاہور اور اوکاڑہ کے علاقوں میں چند اوقات تیز بارش ہو سکتی ہے، جس کی مقدار اگلے 4 دنوں میں 35 سے 50 ملی میٹر جبکہ چند مقامات پر 75 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے۔

شمال مشرقی پنجاب میں بیش فعال موسمی سرگرمیاں متوقع: شمال مشرقی پنجاب میں آج بھی بارش اور ژالہ باری کے 80 فیصد امکانات ہیں۔ تاہم طاقتور موسمی سرگرمیاں رونما ہونے کے سب سے زیادہ امکانات پیر اور منگل کو ہیں۔ گرج چمک کے طوفانوں کے دوران 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑ جبکہ بعض مقامات پر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

گرم ہوا کے کم دباؤ کا نظام: چونکہ ہوا کے اس کم دباؤ میں نمی والی ہوائیں نسبتاً گرم علاقوں سے آئیں گی، لہٰذا آزاد کشیمیر میں برفباری کی سطح میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے، جو کہ 9000 فٹ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس لئے شمالی علاقوں میں زیادہ تر بارش ہوگی۔ تاہم وادیِ نیلم کے پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔ آج سے اگلے کئی دنوں تک پورے خطہ میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے، جس کے سبب کم سے کم درجہ حرارت 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جائیں گے۔

وسطی اور جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخواہ
چکوال، خوشاب، جھنگ، قصور، سرگودھا، فیصل آباد، اٹک، صوابی، ہزارہ (بشمول ایبٹ آباد)، پشاور، مردان، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، وہاڑی اور ساہیوال کے علاقوں میں مجموعی طور پر چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی سے معتدل بارش اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں عمومی طور پر 10 سے 20 ملی میٹر جبکہ بعض مقامات پر 25 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے، سواۓ ہزارہ، خطّہٰ پوٹھوہار اور مشرق کی سمت میں سالٹ رینج کے علاقوں کے، جہاں بعض مقامات پر 50 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رہیگی۔
وادیِ کاغان اور سوات کے 7500 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔ تاہم باقاعدہ طور پر برف صرف 8500 فٹ یا اس سے بلند مقامات پر ہی اکٹّھا ہو سکے گی۔
بھکّر، میانوالی، بہاولپور، پاکپتّن، کوہاٹ اور لکّی مروت کے علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران ڈی آئی خان، ملتان، ڈی جی خان، مظفّرگڑھ اور راجنپور کے علاقوں میں محض ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
رحیم یار خان اور پنجاب کے انتہائی جنوب کے علاقوں میں بارش کی کوئی خاص امّید نہیں۔

گلگت بلتستان
اتوار کی رات یا پیر سے مشرقی گلگت بلتستان بشمول سکردو اور استور میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگا۔ برفباری یا بارش کے امکانات شمال مغرب کی سمت میں بڑھتے ہوۓ تیزی سے کم ہوتے جائیں گے۔ جمعرات تک ہلکی سے معتدل برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران گلگت میں صرف بارش کا امکان ہے۔ اگلا پورا ہفتہ بروز جمعہ تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان اور سندھ
موسم خشک رہیگا۔ بالائی سندھ بشمول سکّھر اور دادو میں کچھ جگہوں پر دھند بننے کے امکانات ہیں جو کبھی کبھار نوابشاہ کے بعض علاقوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔ مجموعی طور پر درجہ حرارت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کا اضافہ متوقع ہے، جس کے سبب وہ معمول کے مطابق ہو جائیں گے۔ 5 جنوری سے بلوچستان میں درجہ حرارت میں کمی ہونا شروع ہو جاۓ گی، جو 6 یا 7 جنوری تک سندھ پر بھی اثر انداز ہوگی۔

About Taha Amerjee

Check Also

ابتدائی ہفتہ وار پیشنگوئی: 10 سے 16 مارچ 2025 کے درمیان پاکستان میں کم از کم تین مغربی ہواؤں کے سلسلے (WDs) متوقع ہیں۔

ابتدائی ہفتہ وار پیشنگوئی: 10 سے 16 مارچ 2025 کے درمیان پاکستان میں کم از …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے