تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / اگلے 3 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: مزید بارش، برفباری اور طاقتور سردی کی لہر متوقع

اگلے 3 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: مزید بارش، برفباری اور طاقتور سردی کی لہر متوقع

اگلے 3 دنوں کی پیشگوئی: مزید بارش، برفباری اور شدید سردی کا امکان۔ کل سے گرج چمک کے طوفان بننے اور ہوائیں چلنے کی بھی توقع!

اطّلاق؟
10 دسمبر دوپہر 2 بجے سے 13 دسمبر شام 5 بجے تک۔

کیا ہونا ہے؟
مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے جس کے نتیجے میں خیبر پختونخواہ اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری، جبکہ جنوب مشرقی بلوچستان، پنجاب کے زیادہ تر علاقوں اور شمال مغربی سندھ میں معتدل بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے طوفان رونما ہو سکتے ہیں۔

کہاں ہونا ہے؟
پورے پاکستان میں۔

تفصیلات:
⦾ ایک برق رفتار مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج بلوچستان میں داخل ہوگا اور تیزی سے شمال مشرق کی سمت میں بڑھتا ہوا اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں ملک سے گزر جاۓ گا۔ اسکے سبب بڑے پیمانے پر ابر آلودگی اور اورماڑا میں بارش سے لے کر سکردو میں برفباری ہو سکتی ہے۔ جمعہ سے اتوار کے دوران سردی کی لہر متاثّر کر سکتی ہے جس سے درجہ حرارت باالخصوص جنوبی حصّوں میں معمول سے انتہائی کم ہو جائیں گے۔

⦾ بلوچستان میں مکران کی ساحلی پٹّی پر اورماڑا، لسبیلہ اور خضدار کے علاقوں میں آج دوپہر سے شام کے دوران بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی بلوچستان بشمول سبّی، کوئٹہ اور زیارت میں آج دن یا شام کے وقت بارش کے 30 فیصد امکانات ہیں۔ اوسطاً درجہ حرارت میں 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی اور ساتھ 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ٹھنڈی ہوائیں بھی متوقع ہیں۔ جمعہ سے شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کا راج ہوگا جبکہ تربت، گوادر اور پنجگور کے علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

⦾ سندھ میں جنوب مغربی علاقوں بشمول دادو، لاڑکانہ، سکّھر اور جیکب آباد میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، جہاں کہیں کہیں 2 سے 10 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جس کے سبب صوبے کے زیادہ تر علاقوں کے درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہو سکتی ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں بارش کے امکانات بہت کم ہیں تاہم جنوبی علاقوں میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہو سکتی ہے۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور شمال مشرق کی سمت سے 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی طاقتور ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔


⦾ پنجاب کے جنوبی حصّوں بشمول راجنپور اور ڈی جی خان کے اضلاع اور فورٹ منرو میں گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔ رحیم یار خان، ملتان اور بہاولپور کے علاقوں میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ 5 سے 10 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ کم دباؤ شمال مشرق کی سمت میں بڑھتے ہوئے بالائی پنجاب میں داخل ہونے کے سبب گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات کم جبکہ بارش کی شدّت میں اضافے کے امکانات بڑھتے جائیں گے۔
مجموعی طور پر بالائی پنجاب اور جنوبی کشمیر بشمول راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، میانوالی، بھکّر، جہلم، گجرات، سرگودھا، خوشاب، منڈی بہاءالدّین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، میرپور، ساہیوال اور وہاڑی کے علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے معتدل بارش کی توقع ہے۔ مجموعی طور پر 5 سے 15 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔
شمالی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہو سکتی ہے۔ جمعہ کی رات یا ہفتے سے سردی کی لہر متوقع ہے، خصوصاً صوبے کے جنوبی علاقوں میں، جہاں زیادہ تر صاف آسمان اور دھوپ کے باوجود درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کی توقع ہے۔

⦾ خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں آج رات سے جمعہ کی صبح کے درمیان چند ایک مقامات پر ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔ وادیِ پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، دیر، وادیِ سوات، ہزارہ، مالاکنڈ، ڈی آئی خان اور لکّی مروت کے علاقوں میں کچھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ افغانستان کی سرحد سے ملحقہ علاقوں بشمول سابقہ فاٹا میں بارش کا کوئی خاص امکان نہیں۔ ان علاقوں میں موسم محض ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ایبٹ آباد میں مزید 10 سے 20 ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔
7000 فٹ سے بلند مقامات میں شدید سے انتہائی شدید برفباری ہو سکتی ہے۔ اگلے 3 دنوں میں ناران میں 1.5 سے 2 فٹ مزید برف پڑ سکتی ہے۔

⦾ ملک کے شمالی علاقوں بشمول شمالی کشمیر، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں آج رات سے برفباری کا سلسلہ شروع ہو جاۓ گا جو کہ ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہیگا۔ اسکے بعد سردی کی لہر متوقع ہے۔ گلگت بلتستان میں 5000 فٹ سے بلند مقامات جبکہ کشمیر اور مری میں 7000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔

About Taha Amerjee

Check Also

9 اپریل 2025 : اسلام آباد/ راولپنڈی اور گلیات سمیت بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور شدید گرج چمک کے ساتھ بارش، چند مقامات پر ژالہ باری

 پیش گوئی کے عین مطابق مغربی  ہواؤں کا سلسلہ ملک میں  بالائی خیبرپختونخوا سے ہوتا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے