تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: برفباری، بارش اور ٹھنڈ متوقع

اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: برفباری، بارش اور ٹھنڈ متوقع

اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: اچھی خبر! کل سے برفباری، بارش، گرج چمک کے طوفان اور تیز ہواؤں کا امکان!

⦿ اطّلاق؟
7 دسمبر دوپہر 2 بجے سے 10 دسمبر شام 5 بجے تک۔

⦿ کیا ہونا ہے؟
اگلے ہفتے کے آغاز سے مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع ہیں۔ پہاڑوں، سطح مرتفع اور افغاستان کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں معتدل سے تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔

⦿ کہاں ہونا ہے؟
خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان اور پنجاب۔

تفصیلات:
⦾ پیر سے بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع ہیں جو کے خلیج فارس کے راستے آئینگے، جن کے سبب کل سے ملک کے شمالی اور وسطی نصف حصّے میں بڑے پیمانے پر مطلع ابر آلود ہونے کا امکان ہے، جبکہ ساتھ شمالی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان میں 6000 فٹ سے بلند مقامات جبکہ کشمیر اور مری میں 8000 فٹ سے بلند مقامات پر کہیں کہیں معتدل سے تیز شدّت کی برفباری کا امکان ہے۔ مری میں گیلی برفباری یا بارش کا امکان ہے تاہم گلیات کے بلند مقامات پر رات کے اوقات میں باقاعدہ برفباری ہو سکتی ہے۔
مغربی ہواؤں کا یہ متوقع سلسلہ خلیج فارس کی سمت سے آنے کے باعث نومبر والے سلسلوں کی طرح ٹھنڈا نہیں ہوگا۔

⦾ خیبر پختونخواہ:
پیر کی رات سے بدھ کی رات کے درمیان بالائی اور جنوبی خیبر پختونخواہ میں کہیں کہیں یا چند مقامات پر ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے، جس میں وادیِ پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، دیر، وادیِ سوات، ہزارہ، مالاکنڈ، ڈی آئی خان اور لکّی مروت کے علاقے شامل ہیں۔ اس دوران ایبٹ آباد میں کُل 25 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ پشاور میں بھی 5 سے 10 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ وادیِ کاغان اور خیبر پختونخواہ کے 7000 فٹ سے بلند مقامات پر شدید سے انتہائی شدید برفباری کی توقع ہے۔ ناران میں 2 سے 3 فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔

⦾ پنجاب: بالائی پنجاب اور جنوبی کشمیر بشمول اٹک، چکوال، میانوالی، بھکّر، جہلم، گجرات، سرگودھا، خوشاب، منڈی بہاءالدّین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور میرپور کے علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔
تاہم خطّہٰ پوٹھوہار بشمول راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقوں میں معتدل سے تیز بارش ہو سکتی ہے، جہاں کُل 20 سے 35 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
مجموعی طور پر 5 سے 15 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ شمالی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کی توقع ہے۔ تاہم کم سے کم درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب بشمول گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے علاقوں میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں، جس سے کچھ مقامات پر تیز ہواؤں کیساتھ تیز بارش ہو سکتی ہے۔ ضلع راولپنڈی کے مشرقی حصّوں، کوٹلی اور میرپور کے علاقوں میں بھی ہلکے گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں۔

جنوبی پنجاب میں مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہے گا جبکہ ضلع راجنپور اور ضلع ڈی جی خان بشمول فورٹ منرو میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔ جنوب مشرقی پنجاب بشمول وہاڑی، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں بارش کے امکانات بہت کم ہیں۔

⦾ شمال مشرقی بلوچستان اور افغانستان کی سرحد سے ملحقہ علاقوں بشمول صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں تیز ہواؤں کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔ اوسطاً درجہ حرارت میں 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے جبکہ ساتھ 10 سے 20 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے اور مغرب کی سمت سے 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی طاقتور ہوائیں متوقع ہیں۔
بدھ سے ان علاقوں میں شمال مشرق کی سمت سے 40 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ جنوب مغربی علاقوں بشمول تربت، گوادر اور پنجگور میں موسم خشک رہیگا۔ دالبندین میں جنوب مغرب کی سمت سے تیز ہوائیں چلیں گی، جبکہ زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار پیر کے روز 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

⦾ سندھ میں اگلے ہفتے میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شمال مشرق کی سمت سے خشک ہوائیں چلنے کے باعث کراچی کے درجہ حرارت میں کچھ اضافہ متوقع ہے جبکہ ہوا کا معیار مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان نہیں۔ البتّہ صوبے کے زیادہ تر حصّوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہو سکتی ہے۔

 

About Taha Amerjee

Check Also

20 نومبر 2024 : ملک بھر کے رات کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی ۔ سکردو 6- کے کم سے کم درجہ حرارت کے ساتھ آج ملک کا سرد ترین مقام۔ ملک بھر کے درست درجہ حرارت جانئیے۔

ملک بھر میں رات کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی ہو رہی ہے ۔ آج …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے