تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / مئی 2025 کی ماہانہ پیشگوئی: شدید موسمی حالات ملک بھر میں متوقع! درجہ حرارت، آندھی، بارش اور ژالہ باری کی صورتحال جاننے کیلئے تفصیلی پیشگوئی پڑھیں

مئی 2025 کی ماہانہ پیشگوئی: شدید موسمی حالات ملک بھر میں متوقع! درجہ حرارت، آندھی، بارش اور ژالہ باری کی صورتحال جاننے کیلئے تفصیلی پیشگوئی پڑھیں

ماہانہ پیشگوئی (مئی 2025): غیر متوقع اور انتہائی گرم اور خشک موسم جاری رہنے کا امکان!

خلاصہ:
⏺️ پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، سواۓ آزاد کشمیر، شمالی اور مشرقی پنجاب اور خیبر پختونخواہ اور مشرقی سندھ کے علاقوں کے، جہاں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔

⏺️ پاکستان بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ مئی کے دوسرے اور تیسرے ہفتے میں 1 سے 2 گرمی کی لہریں متاثّر کر سکتی ہیں جو کہ 1 ہفتہ تک طویل ہو سکتی ہیں۔

⏺️ مئی کے آخری 10 دنوں میں شدید موسمی حالات بشمول شدید گرد کے طوفان اور ژالہ باری متوقع ہیں!

✅ دستیاب شدہ جدید ترین موسمیاتی ماڈل ای سی ایم ڈبلیو ایف کی مدد موسم کا حال کے ایڈمن نے مئی 2025 کا یہ ماہانہ آؤٹلوک تیّار کیا ہے۔ دھیان رہے کہ اس وقت موسمیاتی ماڈلز اگلے 1 ہفتے کی پیشگوئی بھی اعتماد کیساتھ نہیں کر رہے لہٰذا یہ ماہانہ پیشگوئی مجموعی طور پر کم اعتماد کی بناء پر کی جا رہی ہے۔ موسم کا حال نے پوری کوشش کی ہے کہ پیشگوئی جہاں تک ممکن ہو، درست رہے۔

تفصیلات:
🌩️🌀 اس مہینے مغربی ہواؤں کے 4 سے 6 سلسلے متوقع ہیں،  جن میں سے 1 یا  2 سلسلوں کا ٹکراؤ ماہ کے آخری 10 دنوں میں پری مون سون کی نمی والی ہواؤں سے ممکن ہے۔ چنانچہ طاقتور یا انتہائی شدید گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں،  جو کہ وسیع  پیمانے پر خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر میدانی علاقوں بشمول ہزارہ،  پنجاب کے شمالی، مشرقی اور وسطی اضلاع جبکہ کم شدّت کیساتھ آزاد کشمیر، مشرقی سندھ اور بلوچستان میں طاقتور گرد کے طوفانوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ موسمی الرٹ اس وقت جاری کیا جاتا ہے،  جب آندھی کی رفتار  90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرنے کے امکانات ہوں۔  جو کہ مئی کے لحاظ سے غیر معمولی نہیں۔

⦿ ہفتہ وار موسمی صورتحال:
مئی کے پہلے ہفتے میں یکے بعد دیگرے مغربی ہواؤں کے سلسلوں کے سبب پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مئی کے دوسرے ہفتے سے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔ اسکے باوجود  پاکستان کے شمالی اور وسطی علاقوں میں گرد اور گرج چمک کے طوفان بنتے رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت معمول کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔ 15 مئی کے آس پاس ایک مرتبہ پھر گرمی کی لہر متوقع ہے،  جس کے سبب درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری زیادہ متوقع ہیں جبکہ سندھ کے وسطی اور مغربی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس دوران جنوبی پنجاب میں بھی درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہیں۔ اس کے بعد مئی کے چوتھے ہفتے میں پری مون سون ہوائیں متوقع ہیں ، جس کے سبب نمی میں اضافہ ہوگا اور سندھ اور مشرقی پنجاب میں محسوس کی جانے والی گرمی (ہیٹ انڈکس) میں خاصا اضافہ ہو سکتا ہے۔ مجموعی طور پر مئی کے چوتھے ہفتے میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہنے کی توقع ہے۔

🌧️ بارشوں کی مجموعی صورتحال:
ملک کے زیادہ تر علاقوں میں شمال سے جنوب تک معمول سے کم بارشیں متوقع ! بالخصوص ملک کے مغربی علاقوں میں۔ تاہم شمال مشرقی خیبر پختونخواہ کے بعض علاقوں، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں معمول سے زیادہ یا معمول کے مطابق بارشیں ہو سکتی ہیں۔ اسی طرح سندھ کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں میں بھی معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، جہاں سال کے اس حصّے میں عام طور پر کوئی خاطر خواہ بارش نہیں ہوتی۔ موسمیاتی ماڈلز رواں ہفتے کے  وسط سے عرض بلد میں ہوا کے کم دباؤ کے تشکیل پانے کی طرف نشاندہی کر رہے ہیں،  جو کہ اگلے کئی دنوں تک ملک کے طول و عرض میں گرج چمک کیساتھ بارش اور کہیں کہیں گرد کے طوفان کا سبب بن سکتا ہے۔ پری مون سون سے منسلک موسمی سرگرمیوں میں بلوچستان کے مشرقی علاقوں کے علاوہ صوبے بھر میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے (تصویر 4 دیکھیں)

🌡️اوسطاً درجہ حرارت کی صورتحال:
مجموعی طور پر مئی میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی میدانی علاقے بشمول بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت معمول سے 2 تا 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے (تصویر 2 دیکھیں: ماڈل سندھ میں معمول سے کم درجہ حرارت دکھا رہے ہیں، جس پر اعتماد فی الحال کم ہے)۔

خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان بشمول پہاڑی شمالی خیبر پختونخواہ میں درجہ حرارت معمول سے 1 تا 3 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے (تصویر 1 دیکھیں)۔ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں اور گوادر سمیت مکران کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات درجہ حرارت میں ہیرا پھیری کر کے پہلے سے ہی گرم موسم کو مزید بڑھا چڑھا کر رپورٹ کرے گی اور درجہ حرارت کے تاریخی ریکارڈ اوور رپورٹنگ کر کے توڑنے کی کوشش کریگا تاکہ گلوبل وارمنگ کے جھوٹ کا بول بالا زور و شور سے کیا جا سکے! لہٰذا روزانہ کے درست درجہ حرارت جاننے کیلئے ہمارے ساتھ رہیں!

⚠️ ہوشیار! گرج چمک کے شدید طوفان بننے کی صورت میں متواتر روانی کیساتھ آسمانی بجلی گرنے، طاقتور گرد کے طوفان، شدید ژالہ باری اور انتہائی تیز بارش جیسی موسمی سرگرمیاں متوقع ہوتی ہیں۔ درج بالا موسمی صورتحال رونما ہونے کے سب سے زیادہ امکانات خطّہٰ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات ، سرگودھا ڈویژن اور خیبر پختونخواہ کے صوابی، ہزارہ اور مانسہرہ کے علاقوں  وادیِ پشاور، مردان اور  آزاد کشمیر میں ہیں (تصویر 1 دیکھیں)

⦾ ہمارے فیس بک پیج کو لائک کر کے اسکا حصّہ بنیں اور پل پل بدلتے موسم سے آگاہ رہیں۔ تازہ ترین اپڈیٹس، موسمی انتباہ اور الرٹس کیلئے ہمیں فالو کریں!

About amnausmani

Check Also

12 مئی 2024 : پنجاب ،کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، تفصیلات جانئیے اس رپورٹ میں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کےمختلف علاقوں میں گرج …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے