پیشگوئی (اگلے 7 دن): مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر معمولی بارش کیساتھ سردی کی لہر متوقع۔
⦿ اطلاق؟
6 دسمبر سے 13 دسمبر رات 11 بجے تک۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟
ملک بھر میں۔
⦿ کیا ہونا ہے؟
رواں ہفتے کے اختتام پر ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ متاثّر کر سکتا ہے۔ مغربی خیبرپختونخواہ، مغربی اور وسطی پنجاب، جنوبی خیبرپختونخواہ اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ اتوار سے منگل کی صبح تک بالائی خیبرپختونخواہ، کشمیر، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں 6,000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔
خلاصہ:
⦿ ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ اگلے 36 سے 48 گھنٹوں میں ملک کے بالائی اور وسطی حصّوں میں داخل ہو گا، جو اتوار سے منگل تک ملک کے مختلف علاقوں پر اثر انداز ہو گا، جس کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر متوقع ہے!
تفصیلات:
⦿ خیبرپختونخواہ اور پنجاب:
خیبرپختونخواہ کے علاقوں بشمول لکّی مروت، بنّوں، ڈیرہ اسماعیل خان، وانا، میرانشاہ اور ملحقہ علاقوں میں مختلف مقامات پر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور ملحقہ علاقوں میں خاص طور پر خیبرپختونخواہ کے جنوبی اور وسطی میدانی علاقوں اور پہاڑوں پر تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔ پنجاب میں میانوالی، نور پور تھل، سرگودھا، فیصل آباد، چنیوٹ، قصور اور ملحقہ علاقوں بشمول لاہور کے جنوبی علاقوں میں بارش کا سب سے زیادہ امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں ڈی جی خان اور راجنپور کے بالائی علاقوں میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر میں 2 سے 5 ملی میٹر تک کی ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔ روایتی علاقوں جیسا کہ وادیِ پشاور اور خطّہٰ پوٹھوہار میں بارش کے امکانات کم ہیں، البتّہ ہزارہ اور مالاکنڈ میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
درجہ حرارت معمول سے 7 سے 10 ڈگری تک ٹھنڈے رہیں گے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں گہرے بادل چھائے رہیں گے۔ اسلام آباد اور چکوال میں مغربی ہواؤں کے گزرنے اور سردی میں اضافے کیساتھ ہی کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر سکتا ہے۔
⦿ خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان:
سوات، کاغان، وادیِ نیلم، گلگت بلتستان کے مغربی حصّوں میں کم از کم ایک مرتبہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ پہاڑوں اور بلند وادیوں میں برفباری کا امکان ہے۔ مجموعی طور پر 5 سے 15 ملی میٹر برفباری یا اسکے برابر بارش ہونے کا امکان ہے۔5000 سے 6000 فٹ کی بلندی پر ہونے والی برفباری خیبرپختونخواہ کے مغربی علاقوں میں برفباری کی سطح 4000 فٹ تک گر سکتی ہے۔ اگرچہ بہت زیادہ برفباری کا امکان نہیں۔ کالام اور مالم جبّہ میں 2 سے 4 انچ تک مزید برفباری ہو سکتی ہے۔ مری میں برفباری کا امکان کم ہے تاہم نتھیا گلی سمیت گلیات میں اس ہفتے کچھ برفباری ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں کے درجہ حرارت میں 6 سے 9 سینٹی گریڈ کی کمی متوقع ہے۔
⦿ بلوچستان:
صوبے بھر میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ خضدار اور پنجگور میں ہفتے کی شام اور اتوار کی سہ پہر شمال سے 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں کئی گھنٹوں تک چل سکتی ہیں، جس سے ہر طرف گردوغبار پھیل سکتا ہے۔ بارش ہونے کی توقع بہت کم ہے مگر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ کوئٹہ، ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت اور ہرنائی سمیت بلوچستان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں زیادہ تر موسم ابر آلود رہنے کیساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ کوئٹہ اور قلّات میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ گوادر سمیت مکران کے ساحلی علاقوں، پنجگور، تربت، لسبیلہ اور ملحقہ اضلاع میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جہاں 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے مگر زیادہ تر دنوں میں دوپہر کے وقت ہوا کے جھکّڑ 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک چل سکتے ہیں۔ اسکے سبب درجہ حرارت میں 7 سے 10 ڈگری تک کمی متوقع ہے۔
⦿ سندھ: درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے ساتھ صوبے میں موسم صاف رہیگا اور ہوائیں چلیں گی۔ درجہ حرارت سردیوں کے آغاز کے دنوں کے مقابلے خاصے سرد ہو جائیں گے۔ تاہم بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ ان دنوں بعض اوقات موسم جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔ صوبے کے مشرقی علاقوں میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔ کراچی، حیدرآباد، بدین ٹھٹّھہ، میرپور خاص سمیت جنوبی سندھ میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 28 سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی۔ درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری تک کی کمی کا امکان ہے۔
⦿ درجہ حرارت کی مجموعی صورتحال:
ملک کے جنوبی ایک تہائی حصّے بالخصوص بلوچستان کے جنوبی اور مغربی حصّوں میں فی الحال راتیں ٹھنڈی اور دن نسبتاً گرم ہیں۔ اس ہفتے اوسطاً درجہ حرارت 1 سے 3 معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔ اس ہفتے ملک کے بالائی نصف حصّے بشمول شمال مشرقی بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں سردی کی شدّت ویسی ہوگی جو کہ عام طور پر موسمِ سرما کے وسط میں ہوتی ہے اور درجہ حرارت معمول سے 3 سے 6 ڈگری سرد رہ سکتے ہیں۔