ہفتہ وار پیشگوئی: 2 مزید مغربی ہواؤں کے سلسلے(WDs) متوقع! معتدل سے تیز بارش کا امکان، جبکہ مختلف مقامات پر تیز ہوا گرج چمک اور متواتر روانی کے ساتھ بجلی گرنے کا بھی امکان ہے! خیبرپختونخواہ کے پہاڑی مقامات اور انتہائی شمالی بلوچستان میں شدید / گیلی برفباری کا امکان ہے۔
⦿ کب ہونا ہے؟ 25 مارچ سے 31 مارچ 2024
⦿ کہاں ہو گا؟ خیبر پختونخواہ اور کشمیر کے 90 فیصد علاقے، پنجاب کے 60 فیصد علاقے، شمال مشرقی اور مغربی بلوچستان اور بالائی/وسطی سندھ۔
⦿ کیاہو گا؟ اگلے 7 دنوں میں 2 مغربی سلسلے(WDs)متوقع:
پہلا کمزور ہواؤں کا سلسلہ 26 سے 28 مارچ تک ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا اور 30 مارچ کو دوسرا طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ(WD) ملک میں داخل ہو گا ، جس کی وجہ سے بالائی اور وسطی خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں شدید / طاقتور طوفان آ سکتا ہے، بشمول پوٹھوہار کا علاقہ ، جہاں مٹی کا طوفان / آندھی کے ساتھ کچھ مقامات پر 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی آنے کی توقع ہے ، اس کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اگلے 7 دنوں میں متوقع کل بارش جاننے کے لیے نقشہ 1 اور 2 دیکھئیے۔
تفصیلات:
⦾ پنجاب اورخیبر پختونخواہ میں:
شدید گردوغبار / گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں اولے، تیز ہواؤں کے زیادہ خطرے کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ اور بہاولپور کے علاقوں میں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ جنوبی پنجاب میں بارش کے سب سے زیادہ امکانات 27 سے 30 مارچ کے درمیان ہیں۔ بصورت دیگر، جزوی طور پر ابر آلود اور گرم دن جاری رہیں گے۔
خیبر پختونخواہ کے بالائی اور وسطی میدانی علاقوں بشمول پشاور، کوہاٹ، بنوں، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں تیز گردو غبار/گرج چمک کے ساتھ طوفان بنیں گے جو مشرق کی طرف بڑھتے ہوئے پنجاب پر زیادہ شدت سے اثر انداز ہوں گے۔ اٹک، میانوالی، چکوال اور ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت کےاتار چڑھاؤ کے نتیجے میں شدید طوفان ، بڑے اولے اور بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔
⦾ آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں:
گرج چمک کے ساتھ شدید طوفان کا امکان نہیں ہے، تاہم گرج چمک کے ساتھ معتدل سے تیز بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخواہ میں 8000 فٹ سے زیادہ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ راولاکوٹ، باغ، میرپور اور کوٹلی کے علاقوں میں بھی درمیانی سے تیز بارش ہوسکتی ہے۔
⦾ بلوچستان اور سندھ میں:
کوئٹہ، ژوب، بارکھان، سبی، لورالائی اور جنوب میں چاغی، نوشکی اور خاران کے صحراؤں (بشمول دالبندین) اور خضدار کے علاقوں میں تیسرے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونگی۔ یہ طوفان بالائی اور وسطی سندھ جیسے سکھر، دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ اور نوشہرو فیروز کے علاقوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں ، (جس کےامکانات 20 فیصد سے کم ہیں)۔ دوسری صورت میں، گرم اور جزوی طور پر ابر آلود موسم برقرار رہے گا۔ سندھ کے وسطی حصے 26 مارچ تک اپنا پہلا 40 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت دیکھ سکتے ہیں ۔ہفتے کے باقی دنوں میں دجہ حرارت 30 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ حیدرآباد اور میرپور خاص میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 سینٹی گریڈ اور کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں 33 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ 27 مارچ سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، کیونکہ تمام مغربی ہواؤں کے سلسلوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ ہوتا ہے ، تاہم، سندھ کے جنوبی حصوں میں بارش کا خاطر خواہ امکان نہیں ہے۔