تازہ ترین
Home / تازہ ترین موسمی صورتحال / ہفتہ وار پیشگوئی : 7 تا 16 اگست شدید بارشیں ،کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی صورتحال کا امکان ؛ تفصیلات جانئیے

ہفتہ وار پیشگوئی : 7 تا 16 اگست شدید بارشیں ،کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی صورتحال کا امکان ؛ تفصیلات جانئیے

پیشگوئی (اگلے 7 دن): مون سون کی شدید بارشیں دوبارہ متوقع: ملک بھر میں بارش کا امکان! چند مقامات پر 125 ملی میٹر سے زائد بارش کی توقع۔

⦿ ممکنہ اثرات: انتہائی شدید بارشیں اور بادل پھٹنے کے واقعات، دریاؤں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سبب بن سکتے ہیں۔

⦿ دورانیہ: 7 اگست سے 16 اگست 2024
⦿ متاثّر ہونے والے علاقے: خیبرپختونخواہ اور پنجاب، آزاد کشمیر، سندھ اور شمال مشرقی اور مشرقی بلوچستان۔

خلاصہ: مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ اس وقت مون سون کی نم ہواؤں کے ساتھ مل کر ملک کے بالائی علاقوں کو متاثّر کر رہا ہے۔(جو کہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے)۔ اس کے بعد ہفتے کی رات کو مغربی ہواؤں کا ایک اور کمزور سلسلہ ملک میں داخل ہو گا جو 12 یا 13 اگست تک ملک کے بالائی علاقوں کو متاثّر کرے گا۔

⦾ شمالی اور وسطی پنجاب:
اس دوران راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکّر، لاہور، اوکاڑہ اور قصور میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں شدید اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بالائی علاقوں، خاص طور پر شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ایک ہی دن میں 75 سے 100 ملی میٹر جبکہ شمالی اور شمال مشرقی پنجاب کے دیگر شہروں میں 50 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان نظر آرہا ہے۔ چند مقامات پر شدید گرج چمک کے ساتھ 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں بالخصوص گجرات، منڈی بہاؤالدّین، خوشاب، نورپور تھل، سیالکوٹ، نارووال، پسرور اور چنیوٹ اور گردونواح کے علاقوں میں جہاں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں (اپنے علاقے میں بارش کی ممکنہ مقدار جاننے کیلئے تصویر 1 دیکھیں)۔

⦾ خیبرپختونخواہ:
شدید گرج چمک کے ساتھ پورے صوبے میں مختلف مقامات پر بارشوں کا امکان ہے۔ خاص طور پر صوابی، مردان، بونیر، ہزارہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، مانسہرہ، سوات، دیر، شانگلہ، کوہاٹ، کرک، لکّی مروت اور اطراف میں اچھی بارش کے امکانات ہیں۔ موسمی ماڈلز کے مطابق ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران پشاور میں بھی بارش کے 60 فیصد امکانات ہیں۔ بارش کے دوران ہواؤں کی رفتار عمومی طور پر کم رہے گی، تاہم میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ 60 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چل سکتی ہیں (تصویر 3 دیکھیں)۔

⦾ آزاد کشمیر:
اگلے ہفتے کے دوران میرپور، کوٹلی کے علاقوں میں انتہائی تیز سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ جنوبی کشمیر میں خاص طور پر نکیال سیکٹر کے چند علاقوں میں 120 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ راولاکوٹ سمیت کوٹلی، مظفّرآباد اور میرپور سمیت کشمیر کے بیشتر مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

⦾ جنوبی پنجاب:
جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، ڈی جی خان، بہاولپور، راجنپور، ساہیوال، وہاڑی اور بہاولنگر کے علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے (بارش کی ممکنہ مقدار تصویر 1 میں دیکھیں)۔ چند مقامات پر شدید گرج چمک کے ساتھ 25 سے 50 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے! تاہم جنوبی پنجاب میں اس سلسلے کے دوران بارشوں کے امکانات کم ہیں۔

درجہ حرارت کی صورتحال:
پنجاب، کے پی اور کشمیر میں مجموعی طور پر درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم رہنے کا امکان ہے۔

⦾ بلوچستان:
شمالی اور مشرقی حصّوں بشمول ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، بارکھان، لورالائی، پنجگور اور لسبیلہ کے علاقوں میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ صوبے کے مشرقی کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں بہت زیادہ بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ ان علاقوں میں کہیں کہیں بالخصوص جنوب مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ اس بات کا امکان بڑھتا جا رہا ہے کہ اس ہفتے کے دوران بلوچستان کی مشرقی سرحد پر کئی مقامات پر کم از کم 60 سے 80 ملی میٹر جبکہ کہیں کہیں کُل 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ (بارش کی ممکنہ مقدار کیلئے تصویر 3 دیکھیں)۔ بلوچستان کی ساحلی پٹّی یعنی گوادر اور تربت سمیت پنجگور کے علاقوں میں بھی اگلے کئی دنوں کے دوران ابر آلود موسم کے باعث دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری کم رہنے کی توقع ہے۔ اس ہفتے کے دوران مغربی بلوچستان (دالبندین، نوکنڈی، چاغی اور ملحقہ مقامات) میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 ڈگری زیادہ رہے گا۔ بلوچستان کے دیگر مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا ماہانہ معمول سے چند ڈگری کم رہنے کا امکان ہے۔

⦾ سندھ:
اس ہفتے کے آخر میں سندھ میں مون سون کی بارشوں کے دوبارہ فعال ہونے کی توقع ہے۔ اس سلسلے سے جنوب مشرقی اور مشرقی علاقوں بشمول نگرپارکر، عمرکوٹ اور مٹّھی میں نمایاں بارشیں ہوں گی۔ میرپورخاص، حیدرآباد، نوابشاہ اور سانگھڑ کے علاقوں اور کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے 1 سے 2 سلسلے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ سندھ کی مغربی سرحد کی جانب بارش کا امکان کم ہے۔ مغربی ہواؤں کی وجہ سے صوبے کے شمال مغربی علاقوں یعنی دادو، جیکب آباد، جامشورو، سکّھر اور لاڑکانہ کے علاقوں میں گردو غبار/گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں (بارش کی ممکنہ مقدار تصویر 3 میں جانیں)۔

اپنی تصاویر اور ویڈیوز ہمیں ان باکس میں بھیجیں اور اگر آپ کسی ایسے علاقے میں ہیں جہاں سے ہم بارش کی اطلاع نہیں دیتے ہیں تو بارش کی پیمائش کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔

About amnausmani

Check Also

1 دسمبر 2024 : ملک بھر کے درجہ حرارت میں کمی۔ سکردو منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین مقام ۔ ملک بھر کے درست درجہ حرارت جانئیے

مغربی ہواؤں کی موجودگی کی وجہ سے گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں کے درجہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے