پیشنگوئی: گرد کے طوفان اور شدید گرج چمک کے پیشِ نظر الرٹ نافذ! آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں کمی! شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں تیز بارش کے امکانات! موسمیاتی ماڈلز موسمی سرگرمیوں کی شدّت کو لے کر غیر متّفق!
◙ کب ہونا ہے؟
30 اپریل دوپہر 12 بجے سے 5 مئی 2025 تک۔
◙ کیا ہونا ہے؟
2 سے 3 مغربی ہواؤں کے سلسلے 30 اپریل یا یکم مئی اور پھر 3 سے 5 مئی کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثّر کر سکتے ہیں۔
◙ کہاں ہونا ہے؟
پورے ملک میں سوائے گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں کے۔
تفصیلات:
30 اپریل کو پاکستان کے بالائی علاقوں کو ایک کمزور مغربی سلسلہ متاثّر کر سکتا ہے، جو کہ خیبر پختونخواہ میں چند ایک مقامات پر یا کہیں کہیں موسمی سرگرمیوں (گرج چمک، گرد آلود ہواؤں) کا سبب بن سکتا ہے، جن میں وادیِ پشاور، وادیِ کوہاٹ، بنّوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ہزارہ، مالاکنڈ، صوابی، کوہستان اور ارد گرد کے علاقے شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں دوپہر یا شام کے اوقات میں متوقع ہے اور پنجاب میں زیادہ نمی ہونے کے سبب شدّت اختیار کر سکتی ہیں ۔ جس میں خطّہٰ پوٹھوہار بشمول راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال اور قرب و جوار کے علاقے شامل ہیں۔ پھر یہ سرگرمیاں میانوالی، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں پھیل سکتی ہیں۔ طوفان جنوب مشرق کی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے شمال مشرقی پنجاب بشمول سیالکوٹ، گجرات، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے علاقوں کو متاثّر کرسکتے ہیں۔
⦾ پنجاب میں 1 مئی سے سرگرمیوں کی حقیقی حد کی پیشگوئی ہے، جب زیادہ شدید گرج چمک کےطوفان بننے کے امکانات ہوں گے۔ اس سے پنجاب کے کئی علاقوں میں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے تیز آندھی چلنے اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔ بالائی اور وسطی پنجاب کے کچھ علاقوں میں جھکّڑوں کی رفتار شمال / شمال مشرق کی سمت سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ متاثّر ہونے والے علاقوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدّین، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکّر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ملتان، خانیوال، ساہیوال، پاکپتّن، اوکاڑہ، لودھراں اور وہاڑی شامل ہیں۔ پنجاب کے انتہائی جنوبی علاقوں بشمول ڈی جی خان، راجنپور، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں بھی شمال یا شمال مشرق کی سمت سے تیز، گرد آلود ہوائیں متوقع ہیں۔ ان علاقوں میں 2 اور 3 مئی کو موسمی سرگرمیوں (گرج چمک، گرد آلود آندھی، بارش) کے بہتر امکانات ہیں۔
⦾ خیبر پختونخواہ میں مجموعی طور پر کم شدّت کے گرج چمک کے طوفان متوقع ہیں اور یہ بارشیں صرف چند مقامات پر یکم مئی کو ہوں گی۔ تاہم مشرقی خیبر پختونخواہ کے علاقوں جیسے صوابی، پشاور، ہزارہ (ایبٹ آباد)، نوشہرہ، چارسدّہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، صوابی، مردان، بنّوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ شدّت کے گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات ہیں۔
⦿ 3 سے 5 مئی کے دوران مغربی ہوائیں کتنی شدید ہوں گی، اس کا ابھی پختہ اندازہ نہیں کیا جا سکتا البتہ ٹھوس امکانات کی صورت میں اپڈیٹ پوسٹ کی جاۓ گی۔
⦿ آزاد کشمیر کے شمالی اور پہاڑی مقامات پر گرج چمک کے کے ساتھ بارش کا امکان ہے جن میں کوٹلی، مظفّر آباد اور وادیِ نیلم شامل ہیں۔
⦾ بلوچستان کے شمالی پہاڑی علاقوں میں یکم یا 2 مئی (جمعرات کی رات / جمعہ کی دوپہر) مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جس کے بعد چند مقامات پر یا کہیں، کہیں گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔ اس کے بعد شمال مغرب کی سمت سے 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔ متاثّر ہونے والے علاقوں میں کوئٹہ، قلّات، لورالائی، ہرنائی، ژوب، ڈیرہ بگٹی، مسلم باغ اور اطراف کے اضلاع شامل ہیں۔ کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے دیگر حصّوں میں درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی ہو سکتی ہے۔
⦾ سندھ میں گرد اور گرج چمک کے طوفان / بارش مختلف علاقوں میں متوقع ہیں بالخصوص سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں جہاں 1 مئی کی شام یا 2 مئی کو اور پھر 3 سے 5 مئی کے درمیان مشرقی اور جنوبی اضلاع میں وسیع پیمانے پر متوقع ہیں۔ مختلف مقامات پر آندھی کی رفتار 80 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے بشمول دادو، لاڑکانہ، سکّھر، جیکب آباد، نوابشاہ، مٹّھی، اسلام کوٹ اور ملحقہ علاقے۔ ان سرگرمیوں کے سبب گرمی کی لہر کا اختتام ہو جاۓ گا، تاہم درجہ حرارت پھر بھی معمول سے 4 ڈگری تک زیادہ رہ سکتے ہیں۔ موجودہ شدید گرمی 4 مئی تک جاری رہے گی، جب ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آخر کار سندھ کے میدانی علاقوں میں سال کے اس وقت کے حساب سے معمول کے آس پاس لے آئے گا۔ نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے سبب صوبے کے مشرقی علاقوں (تھرپارکر، بدین اور میرپور خاص) میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔ اس وقت درج بالا موسمی صورتحال کے رونما ہونے پر اعتماد کم ہے لیکن ہم مسلسل اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
⦿ مجموعی طور پر ملک کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت جاری رہیں گے، جیسا کہ نیچے دی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
⦿ 30 اپریل سے 5 مئی تک ملک میں شدید گرد اور گرج چمک کے طوفان، آندھی اور بارش کے پیشِ نظر موسمی الرٹ نافذ العمل ہے! خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں حدِ نگاہ بہت کم رہنے اور 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی آندھی ممکن ہے۔ خطرناک حالات پیدا ہونے کی صورت میں ہماری طرف سے انتباہ جاری کر دیا جائے گا!
⦿ اس ہی دوران سندھ کے میدانوں علاقوں اور جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کیلئے شدید گرمی کا الرٹ بھی نافذ ہے۔