پیشگوئی (اگلے 7 دن): تیز سے انتہائی تیز بارش متوقع! شدید موسمی حالات رونما ہو سکتے ہیں۔ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید گرج چمک کے طوفان بننے کا خدشہ!
⦿ کب ہونا ہے؟
28 مئی بروز اتوار، شام 8 بجے سے 2 جون، بروز جمعہ
⦿ کہاں ہونا ہے؟
خیبر پختونخواہ، پنجاب، سندھ، شمالی اور مشرقی بلوچستان اور کشمیر
⦿ کیا ہونا ہے؟
1) جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں پیر کی دوپہر 12 بجے سے جمعرات کی رات 12 بجے کے درمیان شدید طوفانِ بادوباراں بننے کے امکانات ہیں۔ زیادہ سے زیادہ آندھی کی رفتار 90 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ 30 سے 60 ملی میٹر بارش اور چند ایک مقامات پر 75 ملی میٹر سے زائد بارش کی توقع ہے۔ICON کی جانب سے ممکنہ بارش کی مقدار تصویر 2 جبکہ ECMWF کی جانب سے ممکنہ بارش کی مقدار تصویر 4 میں دیکھیں۔
2) مشرقی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخواہ، پنجاب اور کشمیر کے جنوبی حصّوں میں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ 50 سے 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ گرد اور گرج چمک کے طاقتور طوفان اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 4 سے 8 ڈگری ٹھنڈے جبکہ دن کے درجہ حرارت معمول سے 10 سے 20 ڈگری کم رہنے کی توقع ہے۔
⦾ خلاصہ: مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ اس وقت ملک کو متاثّر کر رہا ہے، جس کی سب سے زیادہ شدّت بروز منگل اور بدھ سب سے زیادہ ہوگی اور جمعہ تک اس کے اثرات جاری رہیں گے۔ ہوا کا ایک طاقتور کم دباؤ وسطی پاکستان پر تشکیل پاۓ گا، جس کے نتیجے میں بحیرہ عرب سے بھاری مقدار میں نمی والی ہوائیں آئینگی جو کہ طاقتور طوفان بننے کا سبب بنینگی(تصویر 3 دیکھیں)۔
تفصیلات:
⦾ پنجاب، کے پی اور سندھ کے وسطی علاقے:
وسیع پیمانے پر گرج چمک کے طوفان سرگودھا، خوشاب بشمول نور پور تھل، بھکّر، اوکاڑہ، قصور، منڈی بہاؤالدّین، فیصل آباد، بہاولنگر بشمول فورٹ عبّاس اور چشتیاں، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، راجنپور، مظفّر گڑھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان ،بشمول فورٹ مورو، تونسہ، ڈی آئی خان، ٹانک، لیّہ، وہاڑی بشمول میلسی اور بوریوالا، پاکپتّن، جیکب آباد، سکّھر، شکارپور، لاڑکانہ اور دادو کو متاثّر کر سکتے ہیں۔ مذکورہ بالا علاقوں میں گرد کے طوفان بننے اور 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چل سکتی ہے، جس میں زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 90 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ آج سے جمعرات کی شام کے درمیان کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 3 مرتبہ طوفان اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ زیادہ تر علاقوں میں بارش کی شدّت انتہائی زیادہ ہو سکتی ہے، جس کے سبب 30 سے 60 ملی میٹر جبکہ چند مقامات پر 75 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ علاقوں میں کُل 150 ملی میٹر تک بارش بھی ہو سکتی ہے۔ بڑے پیمانے پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
⦾ شمالی کے پی، پنجاب اور کشمیر:
کوہاٹ، ہنگو، بنّوں، لکی مروت، صوابی، کرک، میانوالی، پشاور، سوات، مردان، شانگلہ، مالاکنڈ اور ہزارہ بشمول ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مظفّرآباد، کوٹلی، بونیر، اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، جہلم، میرپور، کوٹلی، باغ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور شیخوپورہ کے اضلاع میں بھی منگل کی شام اور جمعرات کی شام کے درمیان 50 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں اور سے 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کے جھکّڑوں کیساتھ 1 یا 2 گردو غبار اور گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں۔ ساتھ تیز سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں کم از کم 1 یا زیادہ سے زیادہ 2 سے 3 مرتبہ طوفانی موسمی صورتحال رونما ہو سکتی ہے (تصاویر 1 اور 3 میں اپنے شہر میں ممکنہ بارش کی مقدار جانیں)۔ کئی علاقوں میں اس پری مون سون سپیل کے دوران 50 سے 75 ملی میٹر بارش جبکہ کئی علاقوں میں ہفتے بھر میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
◙ بلوچستان:
آج رات اور بدھ کی شام کے درمیان ژوب، بارکھان، لورالائی، سبّی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور ملحقہ علاقوں میں کم از کم 2 سے 3 مرتبہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ رحیم یار خان، خانپور اور بہاولپور سمیت پنجاب کے انتہائی جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔ زیادہ سے زیادہ 50 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں جبکہ 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ متاثّر کر سکتے ہیں!
◙ سندھ کے وسطی اور جنوبی حصّوں بشمول نوابشاہ، سہون، جامشورو، حیدرآباد اور کراچی میں بھی گرد کے طوفان اور گرج چمک کیساتھ 1 یا 2 مرتبہ بارش ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں 25 سے 50 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے (تصویر 4 میں اپنے علاقے میں ممکنہ بارش کی مقدار جانیں)۔ بدین، عمرکوٹ، مٹّھی، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے امکانات نسبتاً کم ہیں۔ طوفان کے دوران طوفانوں میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی آندھی چل سکتی ہے۔
🚩 ایک دفعہ پھر اوسطاً درجہ حرارت میں 4 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ممکن ہے۔ گرج چمک کیساتھ بارش کی سرگرمی کا آغاز ہو چکا ہے۔ دوپہر کے وقت گرم اور مرطوب موسم کے بعد شام/ رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش یا دن کے آخر تک گرد آلود ہوائیں چلنے کے امکانات ہونگے۔ دن کے درجہ حرارت معمول سے 10 سے 15 ڈگری تک کم رہنے کا امکان ہے (تصویر 6 دیکھیں)۔
◙ گرج چمک کے شدید طوفان کا خدشہ اس وقت ظاہر کیا جاتا ہے جب آندھی کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرنے کے امکانات ہوں، جو کہ خطرناک حالات پیدا کرتی ہیں۔ شدید گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور متواتر روانی سے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے علاقے میں موسمی حالات سنگین ہوتے دیکھیں اور بالخصوص جب اپکے علاقے میں موسمی انتباہ عائد کر دی جاۓ تو بجلی کی تاروں، درختوں اور دیواروں سے دور کسی مضبوط عمارت میں پناہ لیں۔ باہر سفر سے گریز کریں۔ پاکستان میں کہیں بھی شدید موسمی حالات بننے کی صورت میں ہم انتباہ جاری کر دینگے! ہمارے ہمراہ رہیں۔