پیشگوئی (اگلے 5 دن): گرج چمک اور تیز آندھی کیساتھ بارش کے سبب بالائی پاکستان میں درجہ حرارت میں کمی متوقع۔
⦿ کیا ہونا ہے؟ گرج چمک اور آندھی کیساتھ مختصر دورانئے کیلئے تیز بارش 2 دفعہ تک متاثّر کر سکتی ہے۔ 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 75 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔
⦿ کب ہونا ہے؟ 21 ستمبر رات 9 بجے سے 26 ستمبر رات 11 بجے تک۔
⦿ کہاں ہونا ہے؟ خیبر پختونخواہ، شمالی پنجاب، آزاد کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مغربی پنجاب۔ موسمی تجزیہ: مغربی ہواؤں کا ایک برق رفتار سلسلہ جمعہ کی رات یا ہفتے کی صبح سے اتوار کی رات کے درمیان متاثّر کر سکتا ہے۔ شمال وسطی بھارت میں موجود ہوا کا کم دباؤ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں اور مشرقی بلوچستان میں طاقتور گرج چمک کے طوفانوں کی تشکیل کیلئے اچھی مقدار میں نمی والی ہوائیں فراہم کریگا۔
تفصیلات:
گرم اور مرطوب موسم کے بعد کل صبح انتہائی بالائی پنجاب اور مشرقی خیبر پختونخواہ میں کل صبح سویرے بارش کی توقع ہے۔ تاہم رواں ہفتے کے اختتام پر موسم کا حال درج ذیل متوقع موسمی سرگرمی کی پیشگوئی جاری کر رہا ہے:
⦾ خیبر پختونخواہ: مردان، بنّوں، پشاور، کوہاٹ، ہزارہ (ایبٹ آباد) اور مالاکنڈ کے علاقوں میں ایک سے دو مرتبہ چند مقامات پر یا کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ 5 سے 15 ملی میٹر بارش جبکہ بعض مقامات پر 40 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ آندھی کی رفتار 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکّڑ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک چل سکتے ہیں۔ ایبٹ آباد میں 25 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ ڈی آئی خان میں بھی گرج چمک اور گرد آلود آندھی کیساتھ تیز بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔ ان موسمی سرگرمیوں کے سبب درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کمی ممکن ہے۔
⦾ پنجاب اور کشمیر: اٹک، چکوال، راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، منڈی بہاءالدّین، میانوالی، کوٹلی اور سرگودھا کے علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے طوفاںن بننے کی توقع ہے۔ اس قسم کی سرگرمی دو مرتبہ تک ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے سب سے زیادہ امکانات ہیں۔ جڑواں شہروں سمیت بالائی پنجاب میں زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکّڑ 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔ طاقتور گرج چمک کے طوفان بننے کی صورت میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ خطّہٰ پوٹھوہار، شمال مغربی پنجاب اور مشرقی خیبر پختونخواہ کے اضلاع میں بارش کی مقدار 10 سے 20 ملی میٹر جبکہ چند مقامات پر 50 ملی میٹر سے زائد بھی پہنچ سکتی ہے۔ اس متوقع سرگرمی کے سبب درجہ حرارت میں 3 سے 6 ڈگری کمی ممکن ہے۔ شمال مشرقی پنجاب میں ہفتےکی رات یا اتوار کی صبح گرج چمک اور 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں اور 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑوں کیساتھ بارش کے 80 فیصد امکانات ہیں۔ یہ موسمی سرگرمی لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژنز کو متاثّر کر سکتی ہے۔ پنجاب کے جنوب مغربی علاقوں بشمول ڈی جی خان اور راجنپور کے پہاڑوں پر گرج چمک کے طاقتور طوفان اور بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے، جس کیساتھ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی آندھی اور 20 ملی میٹر سے زائد بارش متوقع ہے۔
⦾ بلوچستان میں: صوبے کے شمال مشرقی علاقوں میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے کیونکہ نمی کی سطح عروج پر ہو گی ۔ ڈیرہ بگٹی، سبی، بارکھان، جعفرآباد، نصیر آباد، کچھی (بولان)، کوہلو، ہرنائی، لورالائی اور ژوب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مشرقی بلوچستان میں 20-40 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے ، کیونکہ ہفتے کے آخر میں بھارت کے اوپر کم ہوا کا دباؤ قریب آئے گا ۔خضدار اور لسبیلہ کے علاقوں میں بھی امکانات بن سکتے ہیں۔
⦾ سندھ کراچی میں بعض اوقات جزوی طور پر ابر آلود آسمان کے ساتھ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ موسم خشک رہے گا۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں زیادہ تر دھوپ والی صورتحال کا سامنا ہوگا، جس میں ہفتے کے آخر میں اور اگلے ہفتے تک درجہ حرارت میں 2سے 4 ڈگری کی کمی متوقع ہے۔ صوبے کے مغربی اضلاع (دادو، جامشورو اور لاڑکانہ) کیرتھر پہاڑیوں کے ساتھ آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان 30 فیصد ہے۔
درجہ حرارت کی تازہ کاری: پنجاب کے بالائی میدانی علاقوں اور خیبر پختونخواہ میں موسمی طور پر معمول سے تھوڑا سا زیادہ درجہ حرارت جاری رہے گا ۔ جنوبی پنجاب، کشمیر کے علاقے میں درجہ حرارت معمول سے کم جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر حصوں میں ستمبر میں اب تک معمول سے کم درجہ حرارت باقی مہینے تک جاری رہیں گے ۔